”یوم تاسیس آزاد جموں وکشمیر “ اہم دن : تحریک آزادی کی تکمیل تک جدوجہد جاری رہیگی، غلام محمدصفی
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے کنوینر غلام محمد صفی اور دیگر حریت رہنماوں نے کہا ہے کہ 24 اکتوبر کشمیریوں کی تاریخ کا ایک اہم اور یادگار دن ہے، جو بھارتی تسلط سے آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کی علامت ہے۔ اس دن 1947ءمیں ریاست جموں و کشمیر کی آزادی کے مقصد سے آزاد جموں و کشمیر کی عبوری حکومت قائم کی گئی، جس کا بنیادی مقصد آزاد کشمیر کو تحریک آزادی کا بیس کیمپ بنا کر مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کو آگے بڑھانا تھا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انہوں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ آزاد جموں وکشمیر کا یوم تاسیس ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو کشمیری عوام نے اپنے بنیادی حقوق، آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے پیش کیں۔ ظالم ڈوگرہ حکمرانوں کے تسلط کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد کے نتیجے میں ریاست جموں و کشمیر کا ایک حصہ آزاد ہوا اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کی بنیاد رکھی گئی۔
حریت رہنماوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے یومِ تاسیس کا اصل پیغام تحریک آزادی کشمیر کی تکمیل اور بھارتی غیرقانونی قبضے کے خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ہے۔ دنیا بھر میں مقیم کشمیری اس تاریخی دن کو تجدیدِ عہد کے طور پر مناتے ہیں اور ان تمام شہداءاور تحریک آزادی کے محسنوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں اس بات کا تقاضا کرتی ہیں کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیریوں کو ان کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دلانے کے لیے موثر کردار ادا کرے۔
حریت رہنماوں نے مزید کہا کہ آزاد حکومت کے قیام کا بنیادی مقصد آزاد کشمیر کو تحریک آزادی کا بیس کیمپ بنا کر ریاست کے دیگر حصوں کی آزادی کے لیے سیاسی، سفارتی اور عوامی سطح پر جدوجہد کرنا تھا۔ لہٰذا یومِ تاسیس کا تقاضا ہے کہ اس تاریخی مقصد کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام تر کوششیں جاری رکھی جائیں۔









