جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کا بی جے پی کے حمایت یافتہ پینل سے کوئی تعلق نہیں ، غلام محمد صفی
اسلام آباد :
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے بھارت کے غیر قانونی طور پرزیر قبضہ جموں و کشمیر میں بی جے پی کے حمایت یافتہ پینل اور نئی جماعت جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فرنٹ کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ جماعت اسلامی کا اس جماعت اور پینل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینرغلام محمد صفی نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ جماعت اسلامی نے واضح طور پر بی جے پی کے حمایت یافتہ پینل کو مسترد کرتے ہوئے اپنے بنیادی اصولوں اور نظریے سے غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا اس پینل اور اس میں شامل تنظیموں کی سرگرمیوں، فیصلوں یا سیاسی عزائم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔غلام محمد صفی نے مقبوضہ کشمیرکے آزادی پسند عوام پر زور دیا کہ وہ تفرقہ پھیلانے والی قوتوں کی سازشیں سے ہوشیار رہیں اور کشمیریوں کی حق پر پر مبنی جدوجہد آزادی کو گمراہ کرنے کیلئے استعمال کئے جانیوالے ہتھکنڈوں کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے یہ سازشیں اور ہتھکنڈے کشمیریوں میں انتشار اور غلط فہمیاں پھیلانے کی بھارت کی وسیع تر مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنا ہے ۔انہوں نے کشمیریوں کو اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے اور جدوجہد آزادی کو ثابت قدمی سے جاری رکھنے پر زوردیا۔