منی پور میں جاری خونریزی کے خلاف ہزاروں افراد کا شور مچا کر انوکھا احتجاج
مظاہرین کا ”بی جے پی“ حکومت کی نااہلی پر اظہار برہمی ، امن کا مطالبہ
امپھال:شورش زدہ ریاست منی پور میں جاری نسلی تنازع، مسلسل خونریزی اور امن و امان بحال کرنے میں بی جے پی حکومت کی ناکامی کے خلاف ہزاروں شہریوں نے ایک منفرد ’ساونڈ پروٹیسٹ‘ (آواز کے ذریعے احتجاج) کیا ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ریاست کے پانچ وادی اضلاع میں شہریوں نے سڑکوں اور محلوں میں نکل کر روایتی طریقوں کے بجائے شور مچا کر حکومت کے خلاف اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ’فیڈریشن آف ہومی‘ (Federation of Haomee) کی کال پر گزشتہ شام(جمعہ) ساڑھے 7 سے رات 8 بجے کے درمیان ہزاروں لوگوں نے اپنے گھروں سے باہر نکل کر کچن کے برتن (تھالیاں وغیرہ) بجائیں، روایتی ڈھول پیٹے اور گاڑیوں کے ہارن بجا کر بھارتیہ جنتا پارٹی کی سوئی ہوئی حکومت کو جگانے کی علامتی کوشش کی۔مظاہرین نے لوہے کے ہتھوڑوں سے گلیوں میں نصب بجلی کے کھمبوں کو پیٹا تاکہ ایک زوردار گونج دار آواز پیدا کی جا سکے۔احتجاج کے آخری لمحات میں شہریوں نے علامتی طور پر اپنے گھروں کی لائٹس بھی بند کیں۔دارالحکومت امپھال کے تاریخی کانگلا فورٹ کے قریب جب ہزاروں مظاہرین جمع ہوئے اور ہائی سیکیورٹی زون ‘راج بھون’ (گورنر ہاﺅس )کی طرف مارچ کی کوشش کی، تو پولیس نے انہیں روکا اور ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے۔ مظاہرے میں شریک ایک شخص نے کہا، "ہم یہ شور اس لیے مچا رہے ہیں تاکہ ہمارے رہنما ہمارا درد سن سکیں۔ ہم ایک طویل عرصے سے ان سے امن کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن انہوں نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں لہذا آج ہم اسے منفرد احتجاج پر مجبور ہوئے۔
یہ انوکھا احتجاج حالیہ دنوں میں عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے میتی (عیسائی) برادری کے تین شہریوں کے قتل اور ریاست میں مئی 2023 سے جاری طویل نسلی فسادات کے خلاف کیا گیا ہے، جس میں اب تک سینکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔ ریاست کے شہری نریندر مودی کی مرکزی اور مقامی بی جے پی حکومت کی خاموشی اور امن قائم کرنے میں مسلسل ناکامی پر شدید برہم ہیں۔
نریندر مودی کی سربراہی میں قائم بی جے پی حکومت کو اپوزیشن جماعتوں، سول سوسائٹی گروپس، انسانی حقوق کی تنظیموں وغیرہ کی طرف سے طویل بحران سے نمٹنے اور بار بار ہونے والے تشدد کو روکنے میں ناکامی پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔







