مقبوضہ جموں وکشمیر:بے روز گار زرعی گریجویٹس، ٹورازم کارپوریشن ملازمین کا احتجاج جاری
سری نگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بے روزگار زرعی سائنس گریجویٹس اور ٹورازم کارپوریشن کے ملازمین کے طویل پرامن احتجاج نے ان کے دیرینہ مطالبات کو حل کرنے میں حکام کی ناکامی کو اجاگر کیا ہے۔ یہ دونوں احتجاجی سلسلے بالترتیب 34 ویں اور 27 ویں روز میں داخل ہو چکے ہیں، لیکن بھارتی انتظامیہ کوئی توجہ نہیں دے رہی۔
بے روزگار زرعی گریجویٹس آج ضلع بارہمولہ کے علاقے وڈورہ میں واقع ‘یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی’ کے کیمپس میں مسلسل 34 ویں دن احتجاج کر رہے ہیں۔ وہ انصاف، منصفانہ بھرتی کی پالیسیوں اور زرعی شعبے میں خدمات انجام دینے کے لیے مساوی مواقع کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ مسلسل احتجاج کے باوجود ان کے مطالبات پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی، جس کی وجہ سے یہ تعلیم یافتہ پیشہ ور افراد حکام کی جانب سے کسی جواب کے مسلسل منتظر ہیں۔
احتجاج کرنے والے گریجویٹس مطالبہ کر رہے ہیں کہ ایس آر او-442 کے تحت جونیئر ایکسٹینشن آفیسر کیڈر میں براہِ راست بھرتی کو بحال کیا جائے، ایس آر او-433 کے تحت ‘ایگریکلچر ایکسٹینشن آفیسر کیڈر میں براہِ راست بھرتی اور ترقی (پروموشن) کا تناسب 80:20 کے حساب سے نافذ کیا جائے اور خالی اسامیوں پر ایک مقررہ مدت کے اندر بھرتیاں کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے مطالبات کسی قسم کی خصوصی مراعات کے لیے نہیں، بلکہ انصاف، شفافیت اور ان کی تعلیمی قابلیت کے مطابق روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ برسوں کی تعلیمی تیاری کے بعد وہ ایک ایسے بھرتی کے نظام کے حقدار ہیں جو شفافیت، مستقل مزاجی اور سرکاری ملازمت کے حصول کا ایک قابل اعتماد راستہ فراہم کرے۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے خدشات پر توجہ دیں اور مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔
دریں اثنا، جموں و کشمیر ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (جے کے ٹی ڈی سی) کے جموں ڈویڑن کے ملازمین 28 ستمبر سے جموں میں غیر معینہ مدت کے لیے پرامن احتجاج کر رہے ہیں، جو آج ہفتے کے روز 27 ویں دن میں داخل ہو گیا۔ ملازمین اپنے دیرینہ سروس، مالی اور انتظامی مسائل کے فوری حل کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔
جے کے ٹی ڈی سی کے چیئرمین ارون ٹکو نے احتجاج کرنے والوں سے خطاب کرتے ہوئے نے کہا کہ ملازمین برسوں سے انصاف کے منتظر ہیں، لیکن بار بار کی یقین دہانیوںکے باوجود ان کے بیشتر جائز مطالبات تاحال حل طلب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین نے مشکل حالات کے باوجود پوری لگن کے ساتھ کارپوریشن کی خدمت جاری رکھی ہے ۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ ملازمین کی فلاح و بہبود اور وقار کا تحفظ کریں۔
یونین نے ’کنٹری بیوٹری پروویڈنٹ فنڈ‘ (سی پی ایف) کی زیر التوا رقوم کی فوری ادائیگی، ریٹائرمنٹ کے فوائد (بشمول گریجویٹی، چھٹیوں کے عوض تنخواہ اور دیگر واجب الادا رقوم) کی فراہمی، طویل عرصے سے کام کرنے والے دیہاڑی دار ملازمین (ڈیلی ویجرز) کو مستقل کرنے اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کا مطالبہ کر رکھا ہے۔








