APHC-AJK

بھارتی حکومت جموں و کشمیر کی عالمی طورپر تسلیم شدہ متنازعہ حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتی، حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ

اسلام آباد :کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و شاخ کے سینیئر رہنمائوں نے کہا ہے کہ بھارت کی ہندوتوا حکومت اپنی کشمیر دشمن اور ظالمانہ پالیسیوں کے ذریعے تنازعہ کشمیر کی عالمی طورپر تسلیم شدہ حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی، حاجی سلطان بٹ اور چوہدری شاہین اقبال نے اسلام آباد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر پربھارت کی ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام کی حق پر مبنی جدوجہدِ آزادی کو دبانے کے لیے ظلم و تشدد، گھروں پر چھاپوں، محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں، جبری گرفتاریوں اور سیاسی انتقام کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔حریت رہنمائوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اپنی جابرانہ پالیسی ترک کرے اور کشمیری عوام کو ان کا ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت فراہم کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے پرامن اور دیرپا حل کی راہ ہموار کرے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے حریت قیادت سمیت ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں ملوث کر کے غیر قانونی طور پر جیلوں میں قید کر رکھا ہے، لیکن اس کے باوجود کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیا جا سکا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری شہدا کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیری عوام اپنی منصفانہ جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجی مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور سیاسی جبر کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے موثر کردار ادا کرے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button