پاکستان بھر میں موٹر وے انٹرچینجز پر ’’یومِ سیاہ کشمیر‘‘ کے بینرز آویزاں
گوجرانوالہ، جہلم اور دیگر مقامات پر لگائے گئے بینرز کشمیریوں کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کے عکاس
اسلام آباد: بھارت کی جانب سے 27 اکتوبر 1947 کو سری نگر کے ہوائی اڈے پر فوج اتارنے اور جموں و کشمیر کی مسلم اکثریتی ریاست کے ایک بڑے حصے پر قبضے کی 79ویں برسی کے موقع پر پاکستان بھر میں موٹر وے انٹرچینجز پر ’’یومِ سیاہ کشمیر‘‘ کی مناسبت سے بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔
Kashmir Black Day banners displayed at motorway interchanges across Pakistan https://t.co/3rJeVEXlQk
— KashmirMedia Service (@kmskashmirnews) October 25, 2026
یہ بینرز بھارتی تسلط کے خلاف جدوجہد کرنے والے کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی گہری وابستگی، مسلسل یکجہتی اور ان کے حقِ خودارادیت کے جائز مطالبے کی حمایت کے عکاس ہیں۔
گوجرانوالہ، چناب، جہلم اور برہان انٹرچینج سمیت موٹر وے کے نمایاں مقامات پر لگائے گئے یہ بینرز عوام کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرانے اور مسافروں کو 27 اکتوبر 1947 کے ان واقعات کی یاد دلانے کے لیے آویزاں کیے گئے ہیں، جب بھارت نے تقسیمِ برصغیر کے فارمولے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سری نگر میں فوج اتاری اور کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف ان کے وطن پر قبضہ جما لیا۔
کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں کشمیری ہر سال 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ اس کا مقصد اپنے وطن پر بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانا اور اقوامِ متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ حقِ خودارادیت کے مطالبے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔
پاکستان بھر میں بینرز آویزاں کرنا اس دن کو منانے کی تیاریوں کا حصہ ہے، جس کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے مطالبے کو دہرایا جا رہا ہے۔
پاکستان نے کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کے لیے ہمیشہ اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت فراہم کی ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام اس وقت تک ممکن نہیں، جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کر لیا جاتا۔
یہ بینرز عوام کو یاد دلاتے ہیں کہ تقریباً آٹھ دہائیاں گزر جانے کے باوجود مسئلہ کشمیر تاحال حل طلب ہے اور کشمیری عوام اب بھی اپنے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔





