27 اکتوبر یوم سیاہپاکستان

لاہور: یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ

لاہور: یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر لاہور آرٹس کونسل میں مرکزی تقریب اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب اور ریلی سے صوبائی وزیرِ ہاؤسنگ بلال یاسین، پنجاب کے وزیرِ کھیل فیصل ایوب کھوکھر، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنماؤں شیخ عبدالمتین، انجینئر مشتاق محمود اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے خطاب کیا۔

تقریب کے بعد نکالی گئی ریلی میں صوبائی کابینہ کے اراکین، سرکاری حکام، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی جبر کی مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

صوبائی وزیرِ ہاؤسنگ بلال یاسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کشمیری عوام کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب بھارتی فوج نے ریاست جموں و کشمیر میں داخل ہو کر قبضے کی بنیاد رکھی۔ ان کے مطابق، بھارت کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین سے متصادم ہیں۔

پنجاب کے وزیرِ کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے حق سے محروم رکھا گیا ہے، تاہم پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

حریت رہنما شیخ عبدالمتین نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام طویل عرصے سے بھارتی جبر و استبداد کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن ان کے جذبۂ حریت اور حقِ خودارادیت کے حصول کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوں اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری اپنے بنیادی حق کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور عالمی برادری کو ان کی مشکلات کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔

حریت رہنما انجینئر مشتاق محمود نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج کا ریاست جموں و کشمیر پر قبضہ کشمیری عوام کی امنگوں کے برخلاف ایک ایسا تاریخی موڑ تھا جس کے اثرات آج بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوج کی بڑی تعداد میں موجودگی اور مسلسل فوجی دباؤ کشمیری عوام کے لیے سنگین مسائل کا باعث ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

حریت رہنما امتیاز وانی نے کشمیری عوام کی مسلسل حمایت پر پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے عوام کے درمیان گہرا رشتہ اور یکجہتی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم و جبر کے ذریعے کشمیریوں کی جائز آواز اور حقِ خودارادیت کے مطالبے کو دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتِ حال کا نوٹس لیں، بھارت پر دباؤ ڈالیں اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دلانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔

ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر بھارتی قبضے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حق میں نعرے درج تھے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے گی اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے عالمی سطح پر آواز بلند کی جاتی رہے گی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button