سینیٹ میں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور
اسلام آباد: یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر سینیٹ نے ایک متفقہ قرارداد منظور کی ہے، جس میں بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اظہار کیا گیا ہے۔
سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر امورِ کشمیر انجینئر امیر مقام نے قرارداد پیش کی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی افواج نے جموں و کشمیر میں داخل ہو کر علاقے پر قبضے کی راہ ہموار کی۔ قرارداد میں مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے جبری قبضے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ناجائز قرار دیا گیا۔
قرارداد میں پاکستان کے اس اصولی مؤقف کا اعادہ کیا گیا کہ کشمیری عوام کی امنگوں اور ان کے حقِ خودارادیت کا احترام کیے بغیر تنازعۂ کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل ممکن نہیں ہے۔
قرارداد کے مطابق ایوان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتا ہے اور اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔
ایوان نے حکومتِ پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے۔
ایوان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ میں مؤثر کردار ادا کرے۔







