مقبوضہ جموں و کشمیر

کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منارہے ہیں

سرینگر:کنٹرول لائن کے دونوں جانب اوردنیا بھر میں مقیم کشمیری آج 27اکتوبر کو یوم سیاہ منا رہے ہیں ۔یہ دن منانے کا مقصد دنیا پر واضح کرنا ہے کہ بھارت نے 1947سے انکے وطن پر انکی خواہشات کے خلاف، فوجی طاقت کے ذریعے غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے 1947کو آج ہی کے دن تقسیم برصغیر کے منصوبے کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر پر فوجی حملہ کیا اور کشمیری عوام کی مرضی کے بر خلاف اس پر غیر قانونی قبضہ جمالیا تھا۔تب سے، کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزادی اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے حق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔بھارتی فوج کی طرف سے27اکتوبر 1947کو علاقے پر حملے اور 5 اگست 2019کو نریندر مودی کی زیر قیادت ہندوتوا حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے خلاف آزاد جموں و کشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں احتجاجی مارچ، ریلیاں اور سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
یومِ سیاہ منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر آزادی پسند تنظیموں کی جانب نے کی ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے اس موقع پر عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کو اپنے مادروطن پر بھارت کا ناجائز قبضہ ختم کرانے میں مدد کرے۔
ہرسال27اکتوبر کو یومِ سیاہ اور یومِ سوگ کے طور پر منایا جاتا ہے تاکہ بھارت پر یہ واضح کیا جا سکے کہ کشمیری اس کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔ حریت قیادت نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کروانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادیں اس اصول کی توثیق کرتی ہیں کہ جموں وکشمیر کے مستقبل کا فیصلہ ایک آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کے ذریعے کیا جائے اور اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کی مدد کے لیے آگے آئیں۔
ادھرمقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں اپوسٹرز آویزاں کیے گئے ہیں جن میں کشمیری عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ یومِ سیاہ کو کامیاب بنائیں۔ ان پوسٹرز میں 27اکتوبر 1947کو جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین باب قرار دیا گیا ہے۔ یہ پوسٹرز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، بشمول ایکس ، فیس بک اور واٹس ایپ پر بھی شیئر کیے گئے ہیں۔
پاکستانی قوم بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے 27اکتوبر کو یومِ سیاہ کے طور پر منا رہی ہے۔ کشمیر یوں کے حقِ خود ارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت ان کی حوصلہ افزائی کا باعث رہی ہے، اور پاکستان آزادی کے حصول نیز تنازعے کے پرامن حل کی کوششوں میں کشمیری عوام کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button