27 اکتوبر یوم سیاہ

نیویارک کی تقریب میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل پر زور

نیویارک: نیویارک میں یوم سیاہ کشمیر کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب کے مقررین نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن کا انحصار اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے حل پر ہے جن میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی ضمانت دی گئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تقریب کا اہتمام اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن اور نیویارک میں پاکستانی قونصل خانے نے مشترکہ طورپر کیاتھا۔ تقریب کا عنوان” جموں و کشمیر: قبضے، مزاحمت اور استقامت کے 79سال” تھا۔تقریب میں کشمیری رہنمائوں، انسانی حقوق کے کارکنوں، سفارت کاروں، طلباء اور پاکستانی و کشمیری تارکین وطن نے شرکت کی۔
مقررین نے کئی دہائیوں سے ظلم و جبر برداشت کرنے والے کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے عزت و آزادی کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد کو بھی سراہا۔مقررین میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب عثمان جدون، نیویارک میں پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد عطوزئی، کشمیر اویئرنیس فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی، مسلم لیگ نون آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، ناسائو کائونٹی کی انسانی حقوق کمشنر عذرا ڈار، آزاد کشمیر حکومت کے سابق پرنسپل سیکرٹری فاروق تبسم اور سینئر کشمیری رہنما محمد تاج خان شامل تھے۔
سفیر عثمان جدون نے اپنے خطاب میں کشمیری عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک المناک دن تھا۔انہوں نے 5 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال بگڑنے پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے من مانی گرفتاریوں، طاقت کے بے جا استعمال، جبری گمشدگیوں اور بنیادی آزادیوں پر پابندیوں کا حوالہ دیا۔سفیر جدون نے انسانی حقوق کے تحفظ اور من مانی طور پر گرفتار افراد کی رہائی پر زور دیا۔ انہوں نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کومقبوضہ جموں وکشمیر میں بلا روک ٹوک رسائی دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جوابدہی یقینی بنانے اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے کوششیں کرے۔
پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد عطوزئی نے تحریکِ کشمیر کو آگے بڑھانے کے لیے کمیونٹی کی مسلسل سرگرمیوں کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے پاکستانی اور کشمیری تارکین وطن پر زور دیا کہ وہ امریکی منتخب نمائندوں، میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے رابطے بڑھائیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کو کشمیر کی تاریخ اور کشمیری عوام کی جدوجہد سے آگاہ کرنے پر بھی زور دیا۔
دیگر مقررین نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کا مطالبہ دہرایا۔ انہوں نے آزادانہ اور غیر جانب دارانہ رائے شماری کے ذریعے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی تکمیل پر زور دیا۔ڈاکٹر غلام نبی فائی نے الحاق کی دستاویز سے متعلق تاریخی حالات کا ازسرنو جائزہ لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کی کوششوں کی حمایت کریں۔
شاہ غلام قادر نے کہا کہ بھارت اپنے وعدوں پر عمل درآمد میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے مسلسل حمایت پر پاکستان کی حکومتوں اور عوام کاشکریہ ادا کیا۔عذرا ڈار نے کشمیری عوام کے عزم و استقامت کو سراہا۔ انہوں نے ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے عالمی توجہ مبذول کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ فاروق تبسم نے تنازعہ کشمیر کے حل نہ ہونے کے علاقائی اثرات اجاگر کیے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کو نظروں سے اوجھل نہ ہونے دے۔تاج خان نے مشرق وسطی میں جنگ روکنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کشمیریوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیا اور ان کے حقوق کی مسلسل وکالت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button