اتر پردیش: پولیس فائرنگ کے متاثرین میں 93 فیصد مسلمان، تحقیقاتی رپورٹ
گائے کے تحفظ کے نام پر پولیس مقابلوں میں 316 افراد ہلاک اور 12,890 زخمی ہوئے
واشنگٹن: بھارتی ریاست اتر پردیش میں گائے کی اسمگلنگ یا ذبیحے کے الزامات سے منسلک پولیس فائرنگ کے سینکڑوں واقعات میں زخمی ہونے والے افراد میں تقریباً 93 فیصد مسلمان ہیں۔
یہ انکشاف واشنگٹن میں قائم سینٹر فار دی اسٹڈی آف آرگنائزڈ ہیٹ (CSOH) اور خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (AP) کی مشترکہ تحقیق میں ہوا ہے۔ تحقیق میں 2020 سے اب تک کے 645 واقعات کا جائزہ لیا گیا، جن میں مجموعی طور پر 772 افراد متاثر ہوئے۔ شناخت سے متعلق معلومات دستیاب ہونے والے 627 واقعات میں زخمی ہونے والے افراد میں تقریباً 93 فیصد مسلمان تھے۔
رپورٹ کے مطابق، متعدد افراد کو ٹانگوں میں گولیاں ماری گئیں، جس کے باعث انہیں مستقل جسمانی معذوری کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ اعداد و شمار ریاستی پولیس کی جانب سے خود جاری کردہ واقعات کی تفصیلات پر مبنی ہیں، جبکہ اصل متاثرین کی تعداد اس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ رپورٹ میں ان واقعات کو ’’ہاف انکاؤنٹرز‘‘ بھی قرار دیا گیا ہے، جن میں مشتبہ افراد کو مبینہ طور پر ہلاک کرنے کے بجائے ٹانگوں میں گولیاں مار کر زخمی کیا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، متعدد واقعات میں گولی لگنے کی جگہ حیرت انگیز طور پر ایک جیسی تھی، خصوصاً گھٹنے کے قریب۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کو دستیاب ریاستی پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق، مارچ 2017 میں یوگی آدتیہ ناتھ کی زیرِ قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت قائم ہونے کے بعد سے 13 اکتوبر 2026 تک پولیس مقابلوں کے دوران 12,890 افراد زخمی اور 316 ہلاک ہوئے، جن میں 110 مسلمان تھے۔ بی جے پی کی ریاستی حکومت نے زخمی افراد کی مذہبی شناخت کے حوالے سے تفصیلی اعداد و شمار عوامی سطح پر جاری نہیں کیے۔
رپورٹ کے مطابق، مظفر نگر میں پولیس مقابلوں کے 110 واقعات ریکارڈ کیے گئے، جو ریاست میں سب سے زیادہ ہیں۔ میرٹھ میں 72، سہارنپور میں 41، مرادآباد میں 37، جونپور میں 34، غازی آباد میں 27، مرزا پور اور کشی نگر میں 23، 23 جبکہ فتح پور میں 20 واقعات رپورٹ ہوئے۔
سی ایس او ایچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راقیب نائیک نے کہا کہ تحقیق کے نتائج مذہبی اقلیتوں کے ساتھ ریاستی اداروں کے برتاؤ کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھاتے ہیں۔ ان کے مطابق، پولیس کارروائیوں میں اکثریتی سیاست کے اثرات اور مسلمانوں کو نشانہ بنائے جانے کے خدشات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
رپورٹ کے مطابق، مشتبہ افراد کی ٹانگوں میں گولیاں مارنے کے اس طریقۂ کار کو مقامی طور پر ’’آپریشن لنگڑا‘‘ کہا جاتا ہے۔ اتر پردیش میں بی جے پی کے برسراقتدار آنے کے بعد 2017 سے اس طرح کی کارروائیوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ یہ کارروائیاں گائے سے متعلق جرائم کے الزامات کے علاوہ دیگر مقدمات میں بھی کی جاتی رہی ہیں۔ تحقیق میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ریاست میں پولیس مشتبہ افراد کو عدالت میں پیش کرنے یا مقدمے کی سماعت مکمل ہونے سے قبل ہی طاقت کے استعمال کے ذریعے سزا دے رہی ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس نے اتر پردیش میں پولیس فائرنگ سے ٹانگوں میں زخمی ہونے والے چھ مسلمان مردوں کے اہلِ خانہ سے گفتگو کی۔ اہلِ خانہ نے ممکنہ انتقامی کارروائی کے خوف سے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی۔ انٹرویوز کے وقت متاثرہ افراد میں سے بعض جیل میں تھے، جبکہ بعض روپوشی کی زندگی گزار رہے تھے۔
ایک خاتون نے بتایا کہ ان کا بیٹا بھینسوں کی خرید و فروخت کرتا تھا اور اپنے وسیع خاندان کی کفالت میں مدد دیتا تھا۔ ان کے مطابق، زخمی ہونے کے بعد وہ کام کرنے کے قابل نہیں رہا اور خاندان کو دوسروں کی مالی مدد پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے۔ خاتون نے بتایا کہ اس کی ٹانگ میں شدید سوجن ہے اور اب خاندان کا گزر بسر لوگوں کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد سے ہوتا ہے۔
ایک اور خاتون نے بتایا کہ پولیس نے بھینسوں کی تجارت سے وابستہ ان کے بیٹے کے دونوں گھٹنوں میں گولیاں ماری تھیں، جس کے بعد خاندان کو روزمرہ اخراجات پورے کرنے کے لیے چھوٹے قرضے لینے پڑ رہے ہیں۔
پولیس کے بیانات اور سوشل میڈیا پر جاری کی جانے والی ویڈیوز میں عموماً دعویٰ کیا جاتا ہے کہ مشتبہ افراد فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے، پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی اور جوابی کارروائی میں انہیں روکنے کے لیے گولیاں ماری گئیں۔
تاہم، انسانی حقوق کے کارکنوں اور اپوزیشن رہنماؤں نے پولیس کے ان دعوؤں پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات میں زخموں کی نوعیت اور پولیس کے بیان کردہ حالات کی آزادانہ تحقیقات ضروری ہیں۔ انہوں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ یہ کارروائیاں ماورائے عدالت سزا دینے کے مترادف ہیں اور ان کا اثر مسلمانوں پر غیر متناسب طور پر پڑ رہا ہے۔
اتر پردیش میں سرگرم کارکن اور اپوزیشن رہنما سندیپ پانڈے نے ایسوسی ایٹڈ پریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات قانون کی بالادستی کو متاثر کرتے ہیں اور عدالتی نظام کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے ان کارروائیوں کو ریاستی سرپرستی میں جاری تشدد قرار دیا۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں شعبۂ طبِ قانونی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم خان نے بھی پولیس کے مؤقف اور زخموں کی نوعیت پر سوالات اٹھائے۔ ان کے مطابق، بعض واقعات میں زخموں کا انداز پولیس کے اس دعوے سے مطابقت نہیں رکھتا کہ فائرنگ صرف دفاع میں کی گئی تھی۔
رپورٹ میں انسانی حقوق کے کارکنوں کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ مشتبہ افراد کی ٹانگوں پر گولیاں مارنے کا یہ طریقۂ کار اتر پردیش سے باہر بھی پھیل رہا ہے۔ کارکنوں نے ہریانہ، اتراکھنڈ، بہار اور نئی دہلی کے گردونواح میں بھی ایسے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تحقیق کے نتائج نے پولیس کے اختیارات کے ناجائز استعمال، اقلیتوں کے تحفظ، منصفانہ عدالتی کارروائی اور پولیس مقابلوں کی آزادانہ نگرانی کے حوالے سے اہم سوالات اٹھائے ہیں۔







