مغربی بنگال: دو ملزمان پولیس فائرنگ سے ہلاک، یوگی آدتیہ ناتھ طرز کے جعلی مقابلوں کا خدشہ
اپوزیشن رہنماؤں کا جعلی مقابلوں پر اظہارِ تشویش، شفاف تحقیقات کا مطالبہ
کولکتہ: ہندوتوا نظریے کی حامل بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیرِ اقتدار ریاست مغربی بنگال میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پولیس نے دو الگ الگ مقدمات میں نامزد ملزمان کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا ہے، جس کے بعد دورانِ حراست ہلاکتوں، ماورائے عدالت قتل اور پولیس مقابلوں کی شفافیت پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔
دونوں واقعات میں پولیس نے تقریباً یکساں مؤقف اختیار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ملزمان نے اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر فائرنگ کی، جس کے بعد پولیس نے جوابی کارروائی میں گولیاں چلائیں۔ ان واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اتر پردیش میں وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے دورِ حکومت میں رائج مبینہ پولیس مقابلوں کا طریقۂ کار مغربی بنگال تک پھیل رہا ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے پولیس کے دعوؤں پر سوال اٹھاتے ہوئے واقعات کی شفاف تحقیقات اور ریاست میں قانون کی حکمرانی سے متعلق خدشات کا اظہار کیا ہے۔
ضلع مرشدآباد کے علاقے سمسیر گنج میں قتل کے مقدمے کے مرکزی ملزم سمیع الحق شیخ کی ہلاکت اور شمالی 24 پرگنہ ضلع کے علاقے گائیگھاٹا میں زیادتی اور قتل کے مقدمے میں نامزد پرہلاد داس کی موت نے ان خدشات کو مزید تقویت دی ہے۔ دونوں واقعات میں پولیس کا مؤقف تھا کہ ملزمان نے اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر فائرنگ کی، جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔
اخبار دی ٹیلی گراف کے مطابق، اپوزیشن جماعتوں نے سوال اٹھایا ہے کہ وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے دور میں اتر پردیش سے منسوب پولیس مقابلوں کا طریقۂ کار اب مغربی بنگال میں بھی دہرایا جا رہا ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے رہنما محمد سلیم نے فائرنگ کے ان واقعات کو جعلی پولیس مقابلے قرار دیتے ہوئے ریاست میں امن و امان کی صورتِ حال پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔
کانگریس رہنما ادھیر رنجن چودھری نے دونوں واقعات میں ملزمان کی جانب سے پولیس اہلکاروں کا اسلحہ چھیننے کے دعوؤں پر سوال اٹھایا۔ دی ٹیلی گراف کے مطابق، انہوں نے پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ آیا ان واقعات کے بعد ریاستی پولیس کو اہل سمجھا جائے یا اسے نئی تربیت دینے کی ضرورت ہے۔
دونوں واقعات کے بعد پولیس کارروائیوں کی شفافیت، دورانِ حراست ملزمان کی سلامتی اور مبینہ ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔






