کیا شہریوں کا ووٹ کا حق ہمیشہ کے لیے چھینا جاسکتا ہے؟
” الیکشن کمیشن“ کے ا ختیارات پر سپریم کورٹ کا سوال
نئی دلی:سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کے اس اختیار پر سخت سوالات اٹھائے ہیں جس کے تحت انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظر ثانی (ایس آئی آر)کے دوران محض فارم جمع نہ کروانے پر شہریوںکو حق رائے دہی سے ہمیشہ کیلئے محروم کیا جا رہا ہے۔ ایس آئی آر کے نتیجے میں بھارت بھر میںاب تک تقریبا 13کروڑ رائے دھندگان کے نام انتخابی فہرستوں سے خارج کیے جاچکے ہیں۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ سوریہ جانت کی سربراہی میں قائم بنچ کے رکن جسٹس جوئے مالیہ باگچی نے الیکشن کمیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ووٹر کسی وجہ سے فارم کا جواب نہ دے سکا یا لاپرواہی برت گیا ، تو کیا یہ الیکشن کمیشن کے پاس اس شہری کا حق رائے دہی ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کا جواز بن سکتا ہے۔عدالت نے واضح کیا کہ انتخابی فہرستوں سے خارج کیے گئے پرانے ووٹرز کو رجسٹریشن آف الیکٹرز رولز 1960کے تحت نئے ووٹر کے طورپر فارم 6داخل کرنے کے لیے مجبور کرنا الیکشن کمیشن کی سراسر غلطی ہے ۔
اس حوالے سے درخواست گزار سماجی کارکن انجلی بھاردواج اور امریتا جوہری کی طرف سے پیش ہونے والے معروف وکیل پرشانت بھوشن اور نیہار راٹھی نے عدالت میں دلیل دی کہ الیکشن کمیشن پرانے ووٹرز کو خود کو نئے درخواست گزار کے طورپر پیش کرنے پر مجبور کر رہا ہے ، جو کہ قانوناسخت جرم ہے اور قابل سزا ہے۔
جسٹس باگچی نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن ان بنیادی فارموں کو تبدیل نہیں کر سکتا ، فارم چھ، سات اور آٹھ قانونی طور پر طے شدہ ہے اور انکے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جاسکتی۔
چیف جسٹس سوریہ کانت نے کمیشن سے استفسار کیا کہ اگر کوئی شخص عارضی طور پر ایک ماہ کیلئے کسی علاقے سے باہر گیا اور فارم بھر نہ سکا تو کیا اسے مستقل منتقل شدہ سمجھ لیا جائے گا؟۔عدالت نے پوچھا کہ اگر کسی نے شہر کے اندر ہی ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں رہائش تبدیل کی تو کیا اسکے لیے پرانی تفصیلات فراہم کرنا کافی نہیں ہونا چاہیے۔
جسٹس باگچی نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ وہ خارج ووٹرز کو تاخیر سے ہی سہی ، اپنے نظر ثانی فارم داخل کرنے کی اجازت دے اور ان پر سخت احکامات تھوپنے کے بجائے نظر ثانی عمل کو آسان رکھے تاکہ کوئی شہری اپنے جمہوری حق سے محروم نہ رہے۔







