مقبوضہ کشمیر : خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں تیزی
اگست 2019 سے اب تک 1ہزار سے زائد کشمیری شہید ، 37ہزار 8سو17 گرفتار
سری نگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بی جے پی کی بھارتی حکومت کی طرف سے اگست 2019 میں 370 اور 35 اے دفعات کے خاتمے کے بعد سے بھارتی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی ایک رپورٹ کے مطابق اگست 2019 سے اب تک مقبوضہ علاقے میں 1ہزار74 کشمیری (جن میں نوجوان، مرد و خواتین شامل ہیں) شہید، 2ہزار 7سو 8 سے زائد زخمی اور 37ہزار 8سو17 افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
اعداد و شمار سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ بھارتی فورسز اہلکاروں نے رواں برس( 2026) کے پہلے نو مہینوں کے دوران محاصرے اور تلاشی کی2ہزار 59 کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران 31 کشمیریوں کو شہید اور 4ہزار 7سو 72 شہریوں کو گرفتار کیا۔ اس عرصے کے دوران بھارتی فورسز نے 312 جائیدادیں بھی ضبط کیں۔ یہ اعداد و شمار مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جبر و استبداد کے سلسلے کی عکاسی کرتے ہیں۔
سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی حکومت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ اور بڑی عالمی طاقتوں کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا عالمی برادری کسی موثر کارروائی سے قبل اس بات کی منتظر ہے کہ جنوبی ایشیا میں صورتحال بگڑ کر جنگ جیسے بحران کی شکل اختیار کر لے؟
انہوں نے کہا کہ اگست 2019 میں بی جے پی حکومت کی جانب سے علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کو ان کے سیاسی حقوق، مقامی وسائل پر اختیار اور اپنے وطن کے انتظامی امور میں بامعنی شرکت سے محروم کر دیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاسی آوازوں کو دبانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے نتیجے میں سیاسی رہنماو¿ں اور کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو گرفتارکر کے قید کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت ایسی پالیسیاں اپنا رہی ہے جن کا مقصد کشمیری عوام کی سیاسی شناخت کو کمزور کرنا اور علاقے پر اپنے تسلط کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
کے ایم ایس کے اعداد و شمار یہ بھی ظاہر کرتے ہیں کہ 3ہزار سے زائد سیاسی قیدی تاحال جیلوں میں بند ہیں۔ ان کی مسلسل حراست نے مقبوضہ علاقے میں سیاسی آزادیوں اور کالے قوانین کے استعمال کے حوالے سے سنگین خدشات کو جنم دیا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں اور اداروں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے جبر و استبداد پر مبنی اقدامات کا مسلسل استعمال، کشمیریوں کے مطالبہ آزادی اور ان کے حقِ خود ارادیت کو دبانے کی کوشش ہے۔
سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، کشمیر کے حل طلب تنازعے سے گہرا تعلق رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اس علاقے میں ہونے والی زیادتیوں کے بارے میں بین الاقوامی خدشات اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے مطالبات کو پورا کرنے میں ناکام رہا ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ اور امن پسند ممالک پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر اپنی خاموشی ختم کریں اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی حکومت پر دباو¿ ڈالے کہ وہ کشمیر تنازعے کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرے۔KMS-06/M







