World

مسئلہ کشمیر کا حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے، مقررین

نیویارک: مقررین نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے تنازعے کا حل ناگزیر ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق27اکتوبر کو منائے جانیوالے یوم سیاہ کشمیر کے سلسلے میں ”جموں و کشمیر: قبضے، مزاحمت اور استقامت کے 79 سال ”کے موضوع پر نیویارک میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے ذریعے عالمی برادری کو واضح پیغام دیا گیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنا ضروری ہے۔تقریب کی نظامت اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کی کونسلر اورسفیر صائمہ سلیم نے کی۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل نمائندے سفیر عثمان جدون نے کہا کہ 27اکتوبر 1947جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک المناک موڑ تھا۔ اس روز بھارتی فوجیں مقبوضہ علاقے میں داخل ہوئیں اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے حق سے محروم کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام 79سال سے قبضے، جبر اور مصائب کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس کے باوجود وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں تسلیم شدہ حقِ خودارادیت کے لیے اپنی جائز جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔سفیر جدون نے کہا کہ طویل مصائب کے باوجود اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کا کشمیریوں کا عزم کمزور نہیں پڑا۔انہوں نے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری آوازوں کو دبانے اور آزادانہ رپورٹنگ پر پابندیوں سے ان کے مطالبات کی اہمیت کم نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے غیر قانونی طورپر نظربند کشمیریوں کی رہائی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں کو زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مکمل رسائی دینے کا مطالبہ کیا۔
سفیر جدون نے کہا کہ جموں و کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کی خصوصی ذمہ داری عالمی ادارے پر عائد ہوتی ہے۔جن میں آزادانہ اور غیر جانب دارانہ استصوابِ رائے کے ذریعے کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دینا شامل ہے۔
مسلم لیگ (ن)آزاد جموں و کشمیرکے صدر اور ممتاز کشمیری رہنما شاہ غلام قادر نے عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کی پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔شاہ غلام قادر نے خبردار کیا کہ حل طلب مسئلہ کشمیر علاقائی امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف انصاف اور کشمیری عوام کے سیاسی حقوق کا معاملہ نہیں بلکہ پرامن، مستحکم اور خوشحال جنوبی ایشیا کی جانب ایک اہم قدم بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر مسلسل کشیدگی خطے کو انسانی، معاشی اور سلامتی کے حوالے سے بھاری قیمت ادا کرنے پر مجبور کر رہی ہے۔ ان کے مطابق،تنازعے کے پرامن تصفیے سے دونوں ممالک کو عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے، تعلیم کے مواقع بڑھانے، صحت کے نظام کو مضبوط کرنے اور سماجی و معاشی ضروریات پوری کرنے پر زیادہ وسائل خرچ کرنے کا موقع ملے گا۔ڈاکٹر فائی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے عالمی کوششوں کی حمایت کریں۔
نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی,ناسا کائونٹی کی انسانی حقوق کمشنر ازرا ڈار،آزاد جموں و کشمیر حکومت کے سابق پرنسپل سیکریٹری فاروق تبسم ،امریکہ میں کشمیر مشن کے سینئر وائس چیئرمین سردار تاج خان اور دیگر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button