مسئلہ کشمیر سمیت تمام سیاسی مسائل کے حل کے لیے بات چیت ناگزیر ہے ، میر واعظ
تمام نظر بند کشمیریوں کی رہائی کا مطالبہ،''آئی سی جی '' رپورٹ پر غور کرنے کی ضرورت، جامع مسجد میں خطاب
سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام سیاسی مسائل کے حل کے لیے بات چیت ناگزیر ہے۔ انہوںنے کہا کہ گزشتہ سال کے واقعات نے ایک بار پھر بھارت اور پاکستان کے درمیان محاذ آرائی اور تصادم کے خطرناک نتائج کو واضح کر دیا ہے لہذا بات چیت ہی آگے بڑھنے کا سب سے دانشمندانہ راستہ ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر اعظ نے آج سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نما ز جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں جموں و کشمیر کی صورتحال سے متعلق حال ہی میں جاری کی گئی انٹرنیشنل کرائسس گروپ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گروپ، جو دنیا بھر میں تنازعات کی روک تھام اور ان کے پر ُامن حل کے لیے کام کرنے والا ایک معتبر بین الاقوامی ادارہ ہے، نے گزشتہ ہفتے جموں و کشمیر کی صورتحال پر ایک اہم رپورٹ جاری کی ہے۔ میر واعظ نے کہا کہ میرے نزدیک اس رپورٹ کی سفارشات سنجیدہ توجہ کے مستحق ہیں کیونکہ رپورٹ میں ایک نہایت بنیادی اور اہم نکتہ بھی اٹھایا گیا ہے کہ علاقے میں تشدد کے واقعات میں کمی کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ بنیادی سیاسی مسائل اور عوامی شکایات کا ازالہ ہو گیا ہے، یا عوام کا اعتماد بحال ہو چکا ہے۔
انہوںنے کہا کہ رپورٹ میں جن معاملات پر سب سے زیادہ تشویش ظاہر کی گئی ہے، ان میں 2019 کے بعد سے بڑے پیمانے پر لوگوں کی گرفتاریاں اور قید و بند کے معاملات شامل ہیں۔خود بھارتی وزارت داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2019 سے 2023 کے درمیان جموں و کشمیر میں ” یو اے پی اے” کے جیسے کالے قانون کے تحت 3,662 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اسی عرصے کے دوران صرف 23 افراد کو سزا سنائی گئی۔یہ اعداد و شمار طویل قید و بند، قانونی تقاضوں کی پاسداری اور کالے قوانین کے وسیع پیمانے پر استعمال کے حوالے سے کئی سنگین سوالات پیدا کرتے ہیں۔ہزاروں خاندان ان گرفتاریوں، قید و بند اور طویل عدالتی کارروائیوں کے نتائج بھگت رہے ہیں۔
میر واعظ نے کہا کہ یہ خاندان آج بھی اپنے عزیزوں کے مستقبل کے حوالے سے مسلسل بے یقینی، پریشانی اور ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔انہوںنے کہا کہ ان قیدیوں میں حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، شاہد الاسلام، انجینئر رشید اور دیگر رہنمائوں سمیت ہزاروں کشمیری شامل ہیں جنہیں فوری طور پر رہا کیا جاناچاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ یہ لوگ برسوں سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں اوران میں سے کئی اپنے گھروں اور اہل خانہ سے بہت دور بھارتی جیلوں میں رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بارہا ان سیاسی قیدیوں کی رہائی، ان کے مقدمات پر نظرثانی اور بالخصوص معمر اور بیمار قیدیوں کے ساتھ انسانی ہمدردی اور رعایت برتنے کی اپیل کرتے آئے ہیں اور آج پھر اسی اپیل کو دہرا رہا ہوں۔ میر واعظ نے کہا کہ رپورٹ میں سیاسی اور شہری سرگرمیوں پر عائد پابندیوں، پر رامن اظہارِ رائے کے لیے محدود ہوتی گنجائش، آزادانہ صحافت پر قدغنوں اور عوام میں بڑھتے ہوئے احساسِ بیگانگی پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔یہ ایسے معاملات ہیں جنہیں نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔رپورٹ میں جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی، منتخب حکومت کو حقیقی اور بامعنی اختیارات دینے، کالے قوانین پر نظرثانی اور بھارت و پاکستان کے درمیان مذاکرات کے دوبارہ آغاز کی سفارش کی گئی ہے۔یہ تمام اہم سفارشات ہیں جن پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔
میر واعظ نے اپنے خطاب میں کہا کہ انکا ہمیشہ یہ اصولی مو قف رہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام سیاسی مسائل کے حل کے لیے بات چیت ضروری ہے۔ آج ایک بار پھر میں اسی اپیل کو دہراتا ہوں۔ انہوںنے کہا کہ گزشتہ سال کے واقعات نے ایک بار پھر بھارت اور پاکستان کے درمیان محاذ آرائی اور تصادم کے خطرناک نتائج کو واضح کر دیا ہے۔ ہم ہمیشہ یہ کہتے آئے ہیں کہ محاذ آرائی کے بجائے مذاکرات اور بات چیت ہی آگے بڑھنے کا سب سے ذمہ دارانہ اور دانشمندانہ راستہ ہے۔







