امیت شاہ لوگوں کوکل کی ریلی میں شرکت سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، راہول گاندھی
دلی کے رام لیلا میدان میں ہونے والی ریلی میں 10 لاکھ لوگوں کی شرکت متوقع، تیاریاں زوروں پر
نئی دلی:کانگریس کے سابق صدر اور پارلیمنٹ کے ایوان زیریں ”لوک سبھا“ میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ امیت شاہ حزب اختلاف کے مجوزہ احتجاج میں شرکت کیلئے لوگوں کو دلی آنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کل یکم نومبر کو تمام اپوزیشن جماعتیں دلی کے رام لیلا میدان تک مارچ کریں گی۔
راہول گاندھی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلی میں سیاسی اور غیر سیاسی ہر طبقے کے لوگوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے ، امیت شاہ لوگوں کو دلی آنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں لوگوں کو انکے حق رائے دہی سے محروم کیا جا رہا ہے اور انکے ووٹ چھینے جارہے ہیں۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ یہ سب نریندر مودی، امیت شاہ ، آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت ، اڈانی اور امبانی کو فائدہ پہنچانے کیلئے کیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ یکم نومبر کی ریلی میں ہروہ شخص شامل ہو سکتا ہے جو ہماری اس مہم کا حصہ بننا چاہتا ہے، خواہ اسکا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو یا وہ غیر سیاسی ہو۔ راہول گاندھی نے کہا کہ یہ حزب اختلاف کی ایک مشترکہ تحریک ہے اور تمام اپوزیشن جماعتیں اس میں متحد ہو کر حصہ لے رہی ہیں۔
یاد رہے کہ کل یکم نومبر کو دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمارکی برطرفی اور ووٹر فہرستوں کی خصوصی نظر ثانی (ایس آئی آر) کی منسوخی کیلئے اپوزیشن اتحاد کی ایک بڑی ریلی ہونے جارہی ہے جس میں تقریباً10 لاکھ لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔
کانگریس نے اس ریلی کو تاریخی بنانے کیلئے پوری طاقت جھونک دی ہے۔ رام لیلا میدان میں ریلی کیلئے تیاریاں زوروں پر ہیں۔ سٹیج تیار کیا جارہا ہے جسکا کا جائزہ لینے کے لئے گزشتہ دو دن میں تمام اہم کانگریس رہنما یہاں کا دورہ کرچکے ہیں۔







