بھارت

بھارت کے لیے سینما محض تفریح نہیں بلکہ پاکستان مخالف بیانیے، نفرت انگیزی کو فروغ دینے کا ہتھیار ہے

مسلم دنیا بھارت کی پاکستان مخالف فلم ”اڑتا تیر‘ ‘پر پابندی عائد کرے

نئی دہلی : بھارت کی فلم انڈسٹری نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ اس کے لیے سینما محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ پاکستان مخالف بیانیے، نفرت انگیزی اور انتہا پسندانہ قوم پرستی کو فروغ دینے کا ایک مو¿ثر ہتھیار بھی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق 2026ءکی ہندی جاسوسی کامیڈی فلم ’اڑتا تیر‘ ( UdtaTeer ) جس کی ہدایت کاری آکاش کوشک نے کی ہے اور جس میں آیوشمان کھرانہ اور سارہ علی خان نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں، 23 اکتوبر 2026ءکو بھارتی سینما گھروں میں ریلیز ہوئی۔ فلم کی کہانی نے ایک بار پھر بھارتی فلم انڈسٹری کے اسی فرسودہ اور پاکستان مخالف طرزِ فکر کو نمایاں کر دیا ہے۔
فلم میں ایک پاکستانی جاسوس کو دکھایا گیا ہے جو اپنی یادداشت کھو بیٹھنے کے بعد خود کو بھارت کا محبِ وطن انسدادِ دہشت گردی افسر سمجھنے لگتا ہے۔ یہ کہانی بظاہر مزاح کے نام پر پیش کی گئی ہے، لیکن اس کا بنیادی تاثر پاکستان کی تضحیک، پاکستانی کرداروں کی تحقیر اور بھارتی قوم پرستانہ احساسِ برتری کو تقویت دینا ہے۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو مزاح کا موضوع بنا کر پیش کرنا درحقیقت سنجیدہ سیاسی و علاقائی معاملات کو سستی قوم پرستی اور سطحی تفریح میں تبدیل کرنے کی کوشش ہے۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ بھارتی فلمی صنعت ایسے موضوعات کو مسلسل فروغ دے رہی ہے۔
نیپال کے مرکزی فلم سنسر بورڈ اور وزارتِ مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے فلم کی ریلیز سے قبل اس کی عوامی نمائش کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ اس فیصلے کی بنیاد نیپال کے قومی سینما ایکٹ کی دفعہ 8(3) کو قرار دیا گیا جو ایسے مواد کی نمائش محدود کرتی ہے جو ملکی سلامتی، امن، نظم و ضبط یا دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتا ہو۔
نیپالی فلمی نقاد سمپی یاراج تِمِل سِینا سمیت متعدد میڈیا رپورٹس نے اس پابندی کو فلم کے پاکستان اور بھارت سے متعلق متنازعہ موضوع اور اس کے ممکنہ سفارتی اثرات سے جوڑاہے۔ یہ فیصلہ اس امر کی اہمیت اجاگر کرتا ہے کہ فلم سازی کی آزادی کے ساتھ علاقائی امن اور بین الاقوامی تعلقات کی ذمہ داری بھی وابستہ ہے۔
یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ بھارتی فلمی صنعت میں پاکستان مخالف بیانیے کو تفریح کے لبادے میں پیش کرنے کے ایک وسیع تر رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
خلیج تعاون کونسل (GCC) کے چھ رکن ممالک بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات بھی ماضی میں متعدد بھارتی فلموں کی نمائش روک چکے ہیں جن کے مواد کو پاکستان مخالف، متعصبانہ اور انتہا پسندانہ قوم پرستی پر مبنی سمجھا گیا۔
فلم ’دھرندھر‘ (2025ء) اور اس کے سیکوئل ’دھرندھر: دی ریوینج (2026ء) کو پاکستان مخالف بیانیے کے باعث ان چھ خلیجی ممالک میں پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح بارڈر 2 (2026ء) بھی بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگی موضوعات کی عکاسی کے باعث پابندیوں کی زد میں آئی۔
’فائٹر‘ (2024ء)، ’آرٹیکل 370‘ (2024ء)، ’اسکائی فورس‘، ’دی ڈپلومیٹ‘ (2025ء)، ’ٹائیگر 3‘ (2023ئ)، ’غدر 2‘ اور ’دی کشمیر فائلز‘ (2022ئ) جیسی فلموں کو بھی کشمیر اور سرحد پار تنازعات کی یک طرفہ عکاسی کے باعث مختلف خلیجی ممالک میں پابندی یا نمائش کی اجازت نہ ملنے کا سامنا کرنا پڑا۔
معاملہ صرف خلیجی ممالک تک محدود نہیں رہا۔ ملائیشیا نے اسلامی حساسیت کے پیشِ نظر فلم ’پدماوت‘ کی نمائش پر پابندی عائد کی، جبکہ سنگاپور نے فلم ’دی کشمیر فائلز‘ کے اشتعال انگیز اور یک طرفہ بیانیے کے باعث اس کی نمائش روک دی۔
بھارت ایک جانب اپنی فلموں کو محض تفریح اور تخلیقی آزادی کا نام دیتا ہے جبکہ دوسری جانب ان کے ذریعے ایسا مخصوص سیاسی اور قوم پرستانہ بیانیہ عالمی سطح پر پھیلایا جاتا ہے جو علاقائی کشیدگی کو ہوا دینے، پاکستان کے تشخص کو مجروح کرنے اور باہمی اعتماد کو نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتا ہے۔
مختلف خودمختار ممالک کی جانب سے ایسی فلموں پر پابندیاں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ بین الاقوامی سطح پر بھی سینما کے ذریعے نفرت انگیزی اور اشتعال انگیز مواد کی تشہیر کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔
’اڑتا تیر‘ اسی سلسلے کی ایک تازہ مثال ہے جہاں بامقصد اور ذمہ دارانہ کہانی نویسی کے بجائے قومی تعصبات، سیاسی تمسخر اور پاکستان مخالف جذبات کو تفریح کے نام پر فروغ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔
پاکستان کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ایسے رجحانات کی نشاندہی کرے اور ثقافتی ذرائع کو سیاسی نفرت، قومی تضحیک اور علاقائی کشیدگی کے فروغ کے لیے استعمال کرنے کی مخالفت کرے۔ ثقافتی تبادلے کا مقصد اقوام کو قریب لانا ہونا چاہیے نہ کہ ان کے درمیان نفرت اور بداعتمادی کی خلیج وسیع کرنا۔
عالمی برادری بالخصوص مسلم ممالک کو چاہیے کہ وہ فلم ’اڑتا تیر‘ کے مواد کا غیر جانب دارانہ جائزہ لیں اور اگر اس میں پاکستان مخالف نفرت انگیزی، قومی تضحیک یا اشتعال انگیز پروپیگنڈا ثابت ہو تو اس کی عوامی نمائش پر پابندی عائد کرنے کے لیے مناسب اقدامات کریں، جیسا کہ ماضی میں بعض بھارتی فلموں کے معاملے میں کیا جا چکا ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button