بھارت :دہلی میٹرو اسٹیشنوں پر خالصتان کے حق میں نعرے تحریر کرنے پر تین افراد گرفتار
نئی دہلی: بھارتی پولیس کاکہنا ہے کہ دہلی میٹرو اسٹیشنوں پر خالصتان کے حق میں نعرے تحریر کرنے کے الزام میں ایک خاتون سمیت تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ملزمان کی شناخت ہریانہ کے شہر پانی پت کے علاقے سمالکھا کے رہائشی 30سالہ سومیت عرف رفتار، گرداسپور کے 22 سالہ سمت کمار عرف کاکا اور پنجاب کے علاقے ہوشیار پور کے 22سالہ گروپریت کے ناموں سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق کالعدم تنظیم سکھز فار جسٹس (ایس ایف جے)کی حمایت میں یہ نعرے 29اکتوبر کو جہانگیر پوری میٹرو اسٹیشن کے گیٹ نمبر ایک کے قریب تحریر کیے گئے تھے۔ 30 اکتوبر کو شاستری نگر میٹرو اسٹیشن کے گیٹ نمبر دو کے قریب اندرونی سیڑھیوں کی دیوار پر بھی ایسے نعرے لکھے گئے۔
تفتیش کاروں کے مطابق سمت کمار اس کارروائی کا مبینہ مرکزی منصوبہ ساز تھا۔ اسے لدھیانہ اور گرداسپور میں ایس ایف جے کے حامیوں نے انتہا پسندانہ نظریات کی جانب راغب کیا تھا۔ بعد ازاں اس نے دو دیگر ملزمان کو بھی بھرتی کیا۔ اسے واٹس ایپ اور ایک خفیہ مواصلاتی پلیٹ فارم کے ذریعے ایس ایف جے کے ایک رابطہ کار نے پیغامات بھیجے اور نعروں کے نمونے فراہم کیے۔
پولیس کے مطابق سومیت نے جہانگیر پوری اسٹیشن پر نعرے تحریر کیے اور ان کی ویڈیو بھی بنائی۔ جبکہ سمت کمار اور گروپریت نے 28 اور 29 اکتوبر کی درمیانی شب شاستری نگر اسٹیشن پر نعرے تحریر کیے۔پولیس نے بتایا کہ اسپیشل سیل نے تکنیکی نگرانی کے ذریعے ہریانہ کے علاقے سمالکھا میں سومیت کا سراغ لگایا۔ اس سے تفتیش کے نتیجے میں پنجاب سے دیگر دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اس سلسلے میں دہلی میں املاک کو بدنما کرنے کی روک تھام کے قانون اور میٹرو ریلوے ایکٹ کے تحت دو مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
خالصتان نواز سکھ ایک آزاد وطن کے قیام کا مطالبہ کررہے ہیں۔ بھارت میں اس تحریک پر پابندی ہے، تاہم بیرون ملک سکھ تارکین وطن اس کی حمایت کرتے ہیں۔بھارت ملک کے اندر خالصتان نواز سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے۔ تاہم یہ معاملہ بین الاقوامی سطح پر بھی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ کینیڈا، امریکہ اور برطانیہ میں خالصتان نواز کارکنوں کو قتل کرنے کی کئی سازشیں بے نقاب ہوچکی ہیں۔







