مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں و کشمیر میں سی آئی ڈی کے تصدیقی عمل سے لوگوں کے حقوق متاثرہورہے ہیں

علاقے میں محض شک کی بنیاد پر بے گناہ لوگوں اور خاندانوں کو سزا دی جا رہی ہے

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں قابض حکام نے سرکاری ملازمتوں اور پاسپورٹ کے حصول کے لیے سکیورٹی تصدیق کا عمل مزید سخت کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ان اقدامات سے سرکاری ملازمتوں، پاسپورٹ اور دیگر ضروری سہولیات تک رسائی متاثر ہوئی ہے۔ ان کے باعث شہریوں کی نجی زندگی، انفرادی حقوق اور نقل و حرکت کی آزادی محدود ہو رہی ہے۔ان کارروائیوں میں جرائم کی تحقیقات کا محکمہ(سی آئی ڈی)اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کی تصدیقی رپورٹس فیصلہ کرتی ہیں کہ درخواست گزاروں کو سکیورٹی کلیئرنس ملے گی یا نہیں۔ سرکاری ملازمتوں اور پاسپورٹ کے حصول کے لیے یہ کلیئرنس لازمی ہے۔
جون 2021 میں قابض حکام نے سرکاری ملازمتوں کے لیے تصدیق کے تفصیلی تقاضے متعارف کرائے۔ امیدواروں سے ذاتی معلومات طلب کی گئیں۔ فارموں میں رشتہ داروں کے خلاف قانونی کارروائیوں اور سیاسی سرگرمیوں کی تفصیلات بھی مانگی گئیں۔ درخواست گزاروں کو اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس اور بیرونِ ملک روابط ظاہر کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ان قواعد کے تحت حکام کو امیدواروں کے پس منظر کی وسیع پیمانے پر جانچ کا اختیار دیا گیا۔اسکریننگ کمیٹی کی توثیق کے بعد منفی رپورٹ تقرری منسوخ ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔ طریقہ کار میں تصدیق کے لیے ایک ماہ کی مدت مقرر کی گئی جس میں توسیع کی گنجائش رکھی گئی، تاہم یہ دو ماہ سے زیادہ نہیں ہو سکتی ۔اگست 2021 میں سی آئی ڈی کی خصوصی شاخ نے مزید ہدایات جاری کیں۔ فیلڈ یونٹس کو امیدواروں کے احتجاجی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی جانچ کا حکم دیا گیا۔ ان سرگرمیوں میں پتھراو اور دیگر ایسی کارروائیاں شامل ہیں جنہیں سکیورٹی کے لیے نقصان دہ قرار دیا گیا۔حکام کو مقامی پولیس ریکارڈ سے رجوع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ انہیں سی سی ٹی وی فوٹیج، تصاویر، ویڈیوز اور آڈیو ریکارڈنگز کا جائزہ لینے کا اختیار دیا گیا۔ ڈرون اور کواڈ کاپٹر سے حاصل کردہ تصاویر بھی زیرِ غور لائی جا سکتی ہیں۔ سرکلر میں ہدایت دی گئی کہ ملوث پائے جانے والے افراد کو کلیئرنس نہ دی جائے۔ یہ جانچ پاسپورٹ، سرکاری ملازمت اور متعلقہ اسکیموں کے لیے بھی لاگو ہوگی۔
ان کارروائیوں کے اثرات سرکاری بھرتیوں تک محدود نہیں رہے۔ مئی 2023 میں جاری سرکاری اعداد و شمار نے اس مسئلے کی سنگینی ظاہر کی۔ 2019 سے 2022 کے دوران 805درخواست گزاروں کو پولیس تصدیق سے محروم رکھا گیا۔ حکام نے اس کی وجہ تحریک آزادی سے وابستگی کے سابقہ ریکارڈ کو قرار دیا۔ مزید 5,956تصدیقی معاملات زیرِ التوا رہے۔خاندانی روابط کی بنیاد پر منفی رپورٹس کے خلاف شکایات بھی سامنے آئیں۔ بعض درخواست گزاروں کو اپنے رشتہ داروں کے آزادی پسند روابط کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ایسے طریقہ کار نے مواقع کے خواہاں خاندانوں کو بھی متاثر کیا ہے۔ رپورٹس میں پاسپورٹ درخواستوں اور بیرونِ ملک روزگار کے حصول سے متعلق واقعات سامنے آئے ہیں۔ بعض درخواست گزاروں نے منفی تصدیقی رپورٹس کو عدالتوں میں چیلنج کیا۔ ان کے نتیجے میں ہونے والی تاخیر سے روزگار، تعلیم اور خاندانی سفر متاثر ہوتے ہیں۔
فروری 2025 میں مقبوضہ جموں و کشمیرکی ہائی کورٹ نے اس معاملے کا جائزہ لیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ محض خاندان کے افراد کی مبینہ سرگرمیاں پاسپورٹ سے انکار کا جواز نہیں بن سکتیں۔یہ مقدمہ ایک ایسے درخواست گزار سے متعلق تھا جس کا بھائی قتل ہو چکا تھا۔ اس کے والد کو مبینہ طور پر تحریکِ آزادی کا ہمدرد قرار دیا گیا تھا۔ عدالت نے سی آئی ڈی کو درخواست گزار کی تصدیق پر دوبارہ غور کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں درخواست گزار کا اپنا طرزِ عمل بنیاد ہونا چاہیے۔عدالتی ہدایات کے باوجود تصدیقی عمل پر خدشات برقرار ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ شک کی بنیاد پر بے گناہ خاندانوں کو سزا دی جا رہی ہے۔ جس سے نوجوان نسل بری طرح متاثر ہورہی ہے جن کا کوئی قصور نہیں۔ ایسے طریقہ کار سے انفرادی ذمہ داری کا اصول بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ)کے رہنما اور کولگام کے رکن اسمبلی محمد یوسف تاریگامی نے سی آئی ڈی کے تصدیقی عمل پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں انہوں نے ہائی کورٹ کے متعدد فیصلوں کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ رشتہ داروں کے آزادی پسند روابط کی بنیاد پر لوگوںکو کلیئرنس سے محروم نہیں رکھا جانا چاہیے۔انہوں نے تشویش ظاہر کی کہ دور کے رشتہ داروں کی مبینہ شمولیت بھی مشکلات پیدا کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض ملزم کئی سال پہلے وفات پا چکے ہیں۔ اس کے باوجود ان کا ماضی ان کے خاندانوں اور نوجوان نسل کو متاثر کر رہا ہے۔ اس کے باعث نوجوان نسل کو ایسے مواقع سے محروم کیا جا رہا ہے جن سے محرومی میں ان کا کوئی قصور نہیں۔ یوسف تاریگامی نے کہا کہ حکام افراد کا جائزہ ان کے اپنے طرزِ عمل کی بنیاد پر لیں۔ انہوں نے کہاکہ سکیورٹی خدشات کی آڑ میں بے گناہ لوگوں کے حقوق اور مستقبل متاثر نہیں ہونے چاہیے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button