بھارت اورمقبوضہ جموں و کشمیر میں صحافیوں کو انتقامی کارروائیوں کا سامنا ہے
2019 سے اب تک 20سے زائد صحافی گرفتار، 64 کو ہراساں کیا گیا
اسلام آباد: آج جب دنیابھر میں صحافیوں کے خلاف جرائم میں استثنیٰ کے خاتمے کا عالمی دن منا یاجارہا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں صحافیوں کو بدستور قاتلانہ حملوں اورکالے قوانین کے تحت گرفتاریوں سمیت سنگین خطرات کا سامنا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے اس دن کے موقع پر جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق2014 میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے 20سے زائد صحافیوں کو گرفتارکیا گیا ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بی جے پی کی حکومت آزاد میڈیا کو خاموش کرانے اور کشمیر کے بارے میں بیانیے پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے طاقت کے استعمال اور بار بار گرفتاریوں جیسے ہتھکنڈے ا ستعمال کررہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت مقبوضہ علاقے کی زمینی صورتحال چھپانے کے لیے صحافت کو ایک جرم بنا رہا ہے۔رپورٹ میں عالمی برادری پر زور دیا گیاکہ وہ آزادی صحافت کی بحالی کے لیے بھارت پر دبا ڈالے۔
بی جے پی حکومت کے دورمیں صحافت کو جرم بنایاجارہا ہے
رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ علاقے میں صحافی انتہائی مشکل حالات میں کام کر رہے ہیں۔ سچ بولنے پر ان کے خلاف کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کیے جاتے ہیں۔ رپورٹ میں کہاگیا کہ 5گست 2019 کے بعد جب مودی حکومت نے علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی، مقبوضہ جموں و کشمیر میں صحافیوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے کے واقعات میں کئی گنا اضافہ ہوا۔اگست 2019 میں دفعہ370اور 35اے کی منسوخی کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر کا میڈیا منظرنامہ یکسر تبدیل ہو گیا۔ بی جے پی حکومت کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر کی سربراہی میں انتظامیہ نے میڈیا پر کنٹرول سخت کر دیا۔ آزاد میڈیا اداروں اور صحافیوں کو انتظامی، قانونی اور معاشی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے نتیجے میں کئی اہم میڈیا ادارے بند ہو گئے۔
پریس کی آزادی کو دبانے کے لئے نئی میڈیاپالیسی
جون 2020 میں انتظامیہ نے نئی میڈیا پالیسی نافذ کی جس کے تحت محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کو میڈیا مواد کی نگرانی کا اختیار دیا گیا۔ محکمہ یکطرفہ طور پر یہ فیصلہ کر سکتا ہے کہ کونسا مواد انسانی حقوق یا حریت کانفرنس سے متعلق خبریں پھیلا رہا ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر کی انتظامیہ نے نئی میڈیا پالیسی 2026 متعارف کرانے کا اعلان بھی کیا۔ اس کا مقصد ڈیجیٹل نیوز اداروں اور سوشل میڈیا چینلز کے لیے باقاعدہ رجسٹریشن اور ضوابط کا نظام قائم کرنا ہے۔مقبوضہ جموں وکشمیر کی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ سکینہ ایتو کے بیانات کے مطابق اس پالیسی کے تحت آن لائن نیوز پلیٹ فارمز، ڈیجیٹل پورٹلز اور سوشل میڈیا نیوز اکاونٹس کی باقاعدہ رجسٹریشن اور تصدیق لازمی ہوگی۔ پریس اینڈ رجسٹریشن آف پیریاڈیکلز ایکٹ 2023 جیسے قوانین کے تحت رجسٹرڈ میڈیا اداروں کے سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب ہونے پر ان کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ قوانین کے تحت رجسٹرڈ میڈیا اداروں کے خلاف کارروائی کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
میڈیا اداروں کے لئے مالی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں
30 سے زائد میڈیا اداروں اور اخبارات کو حکومت کی سرکاری اشتہاری فہرست سے نکال دیا گیا۔ گریٹر کشمیر اور کشمیر ریڈر کو اچانک اشتہارات کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے انہیں شدید مالی مشکلات اور عملے کی بڑے پیمانے پر برطرفی کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی آزاد میڈیا ادارے بھی بندکئے گئے یا عوامی رسائی سے محروم کر دیے گئے۔معروف آزاد نیوز میگزین دی کشمیر والا مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔ اگست 2023 میں بھارتی وزارتِ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے آئی ٹی ایکٹ کے تحت اس کی ویب سائٹ، فیس بک پیج اور ایکس اکاونٹس بلاک کر دیے۔ اس کے نتیجے میں عملے کو سرینگر کا دفتر خالی کرنا پڑا۔ اس کے بانی مدیر فہد شاہ نے کالے قوانین کے تحت طویل عرصہ جیل میں گزارا جس کے بعد انہیں ضمانت ملی۔
جنوری 2022 میں علاقے کے آزاد میڈیاکے سب سے بڑے مرکز اور پریس کلب کو زبردستی بند کر دیا گیا۔ بی جے پی اور فوج کی سربراہی میں کام کرنے والی انتظامیہ نے اس کی عمارت بھی اپنے قبضے میں لے لی۔
کشمیر میں مقیم آزاد صحافی انیس زرگر نے بتایا کہ کشمیر میں میڈیا کے لیے حالات کبھی آسان نہیں رہے۔ ان کے مطابق دفعہ 370کی منسوخی کے بعد مشکلات میں مزید اضافہ ہوا۔سرینگر اور جموں میں کشمیر ٹائمز اور گریٹر کشمیر کے دفاتر پر تحقیقاتی اداروں، خصوصا ین آئی اے نے متعدد بار چھاپے مارے۔ چند سال قبل پولیس نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے معروف اخبار گریٹر کشمیر کی ہزاروں کاپیاں بھی ضبط کر لی تھیں۔ حکام نے اخبار میں شائع ہونے والی ایک خبر پر اعتراض کیا تھا۔زرگر نے کہاکہ گزشتہ 38برس سے صحافت کبھی آسان نہیں رہی، لیکن بعد میں حالات بہت زیادہ مشکل ہو گئے۔
1990 کی دہائی سے سرگرم کئی صحافیوں کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے ایسی صورتحال کبھی نہیں دیکھی گئی۔ 2017 کے بعد ہم نے صحافیوں کے گھروں پر چھاپے دیکھے ہیں۔نیوز کلک کے لیے رپورٹنگ کرنے والے انیس زرگر نے بتایا کہ بعض صحافیوں کو پولیس تھانوں میں طلب کیا گیا۔ ان سے ان کی رپورٹنگ کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی اور بعض سے اپنے ذرائع ظاہر کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
صحافیوں پر تشدد اوران کے آلات ضبط
صحافیوں کو ان کے ذرائع یا رپورٹنگ کے مواد کے بارے میں طویل پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا جاتا رہا ہے۔ بی جے پی حکومت نے صحافیوں کے آلات بھی ضبط کیے۔ ان میں موبائل فون، لیپ ٹاپ اور کیمرے شامل ہیں جو اکثر واپس نہیں کیے گئے۔ میڈیا کوحکومتی سنسرشپ کے احکامات ماننے پر مجبورکیا جاتا ہے۔ حکومت کو چیلنج کرنے یا اس کے لیے شرمندگی کا باعث بننے والی خبریں شائع کرنے والے صحافیوں کو اکثر انتقامی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کارروائیوں میں گرفتاریاں اور بار بار پوچھ گچھ کے لیے طلبی شامل ہے۔حال ہی میں انڈین ایکسپریس کے صحافی بشارت مسعود سے ایک ضمانتی بیان پر دستخط کرنے کو کہا گیا۔ اس کے تحت وہ ایسی خبریں شائع نہیں کر سکتے جو حکومت کے لیے مشکل پیدا کریں۔ سجاد گل، ماجد حیدری، فہد شاہ، مسرت زہرا اور گوہر گیلانی جیسے کشمیری صحافیوں اور میڈیا اداروںکے خلاف من گھڑت مقدمات نے بھی حکومت کو ان کے گرد گھیرا تنگ کرنے میں مدد دی ہے۔ہندوستان ٹائمز کے رپورٹر عاشق حسین کو بھی زبانی طور پر طلب کیا گیا۔ تاہم 21جنوری 2026 کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق اخبار نے تحریری طلبی اور اس کی وجوہات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ وہ جواب دے سکے۔دودیگر صحافیوں نے نیوز لانڈری کو بتایا کہ انہیں بھی طلب کیاگیا۔مقامی پریس سے تعلق رکھنے والے ایک چھٹے صحافی کو بھی طلب کیا گیا تھا۔
بھارت میں 43 صحافی حراست میں لیے گئے
صحافیوں کے تحفظ کی کمیٹی اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس نے بھارت میں صحافیوں کی حالیہ گرفتاریوں اور تحفظ سے متعلق خدشات پر بیان جاری کیا۔ ان کے مطابق 10اور 11اکتوبر 2026 کو بھارتی پولیس نے نئی دہلی، احمد آباد، پونے اور ممبئی میں بی جے پی مخالف مظاہروں کی کوریج کرنے والے کم از کم 43 صحافیوں کو حراست میں لیا۔صحافیوں نے جسمانی تشدد، لاٹھیوں سے مارنے اور گلا دبانے کی شکایات کیں۔ ان کے آلات عارضی طور پر ضبط کیے گئے۔ انہیں ڈیٹا یا تصاویر زبردستی حذف کرنے پر مجبور کیا گیا۔ بعض صحافیوں کو مظاہروں کے مقامات سے 65 کلومیٹر تک دور لے جا کر رہا کیا گیا۔گرفتار صحافیوں میں اسکرول، نیوز لانڈری، انڈین ایکسپریس ہندی، دی کوئنٹ، رائٹرز اور مختلف آزاد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے نمائندے شامل تھے۔
2026 میں دو صحافی قتل
18 اکتوبر 2026 کو 60سالہ محمد نسیم احمد کو اتر پردیش کے شہر ہاپوڑ میں تشدد کرکے قتل کر دیا گیا۔ وہ ہندی اخبار دینک جنوانی کے بیورو چیف تھے۔ انہیںدیوالی کے اشتہار پر تنازعہ اور ان کے گروپ کو جعلی صحافی قرار دینے کے الزامات کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اتر پردیش میں بی جے پی کی حکومت ہے۔ مقامی پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کیا اور متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔پریس ایڈیٹرز کلب (پی ای سی)نے بھی 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران بھارت میں اے بی این آندھرا جیوتھی سے وابستہ صحافی جگن موہن ریڈی کے قتل کی اطلاع دی۔رپورٹ کے مطابق بھارت میں 2014 سے 2026 تک بی جے پی کے دورِ حکومت میں 64صحافیوں کو حراست میں لیا گیا۔ اس عرصے میں 30صحافی قتل ہوئے، ایک لاپتہ اور ایک کو یرغمال بنایا گیا۔
صحافیوں کو قانونی ہراسانی کا سامنا
ایک الگ واقعے میں فتح آباد کے صحافی جسپال سنگھ کو 18مارچ کو گرفتار کیا گیا۔ بی جے پی کے ایک سیاستدان کے بیٹے سمیت کمار نے ان کے خلاف مبینہ ہتکِ عزت کی پولیس شکایت درج کرائی تھی۔ پولیس نے سنگھ کو ہتکِ عزت، انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ اور ذات پات کی بنیاد پر امتیازی سلوک کے خلاف قانون سمیت مختلف الزامات کے تحت حراست میں لیا۔اسی ہفتے اتر پردیش میں صحافی سنجے رانا کو بھی گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے 12مارچ کو بی جے پی کی ریاستی وزیر برائے ثانوی تعلیم گلاب دیوی سے انتخابی وعدے پورے نہ کرنے کے بارے میں سوال کیا تھا۔انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس نے کہاکہ بی جے پی کے زیرِ اقتدار ریاستوں میں صحافیوں کو خاموش اور ہراساں کرنے کے لیے قانونی راستے استعمال کرنا ایک رجحان بن چکا ہے۔رپورٹرز وِدآٹ بارڈرز (آر ایس ایف) اور صحافیوں کے تحفظ کی کمیٹی(سی پی جے)جیسی تنظیمیں 2026 کے دوران بھارت کی مختلف ریاستوں میں آزاد اور علاقائی صحافیوں کو بڑھتی ہوئی قانونی ہراسانی، سائبر دھونس، جسمانی حملوں اور تحفظ کے خطرات کا سامنا کرنے کے واقعات مسلسل ریکارڈ کر رہی ہیں۔سرینگر میں ایک صحافی نے کے ایم ایس کو بتایا کہ 2017 سے درجنوں کشمیری صحافی مسلسل نگرانی میں ہیں۔ ان سے ان کی رپورٹنگ اور سفر کی تفصیلات طلب کی جاتی ہیں جس سے نجی زندگی اور آزادی صحافت کے بارے میں خدشات پیدا ہوئے ہیں۔ ان میں سے بیشتر کے پاسپورٹ ضبط کر لیے گئے ہیں جس کے باعث وہ بیرونِ ملک سفر نہیں کر سکتے۔ اس ماحول نے صحافیوں کو سیلف سنسرشپ اختیار کرنے اور حساس موضوعات سے گریز کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں صحافیوں کو ہراساں کرنے کے ہتھکنڈے
صحافیوں پر انسانی حقوق اور عوام کے سیاسی مطالبات کی رپورٹنگ اور سوشل میڈیا سرگرمیوں کے باعث غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون((یو اے پی اے)اور پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔صحافیوں کو معمول کی یا تنقیدی رپورٹنگ پر اکثر پولیس اور سائبر کرائم تھانوں میں طلب کیا جاتا ہے۔ ان میں سرینگر کا سائبر پولیس اسٹیشن بھی شامل ہے۔ بعض رپورٹرز کو حراست سے رہائی کے لیے ایسے ضمانتی بیانات یا تحریری یقین دہانیوں پر دستخط کرنے پر مجبور کیا گیا جن میں حساس موضوعات کی رپورٹنگ نہ کرنے یا امن و امان خراب نہ کرنے کا وعدہ شامل ہے۔
متاثرہ صحافیوں کے مقدمات
کشمیری فوٹو جرنلسٹ مسرت زہرا کے خلاف اپریل 2020 میں سوشل میڈیا پوسٹس پر یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ ان پوسٹس کو ملک دشمن قرار دیا گیا تھا۔ وہ مارچ 2021 سے امریکہ میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں۔کشمیر والا کے رپورٹر سجاد گل کو 5 جنوری 2022 کو سوشل میڈیا پر احتجاج کی ویڈیو پوسٹ کرنے کے بعد پہلی بار گرفتار کیا گیا۔ وہ 910دن حراست میں گزارنے کے بعد 8 جولائی 2024 کو ضمانت پر رہا ہوئے۔آصف سلطان کو اگست 2018 میں صحافتی ذمہ داریاں انجام دینے پر یو اے پی اے کے تحت گرفتار کیا گیا۔ انہیں اپریل 2022 میں ضمانت ملی، لیکن فوری طور پر پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت دوبارہ گرفتارکیا گیا۔عرفان معراج کو یو اے پی اے کے تحت ایک من گھڑت مقدمے میں دہلی کی عدالت کے حکم پر جولائی 2026 میں ضمانت ملی۔ تاہم انہیں عدالت کی سخت شرائط کا سامنا ہے۔ ان میں اجازت کے بغیر نئی دہلی سے باہر جانے پر پابندی بھی شامل ہے۔ انہیں مارچ 2023 میں گرفتار کیا گیا تھا۔فہد شاہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بی جے پی حکومت اور اس کی پالیسیوں پر تنقیدی رپورٹس شائع کرنے پر پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتارکیا گیا۔کشمیری صحافی اور ٹیلی ویژن مبصر ماجد حیدری کو 14 ستمبر 2023 کو سرینگر میں پہلی بار گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بی جے پی کی انتظامیہ اور مقامی سطح پر بدعنوانی کو بے نقاب کیا تھا۔ وہ 527 دن جیل میں گزارنے کے بعد 19 فروری 2025 کو رہا ہوئے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کے اخبارات پر چھاپے
ریاستی تحقیقاتی ادارے ”ایس آئی اے”نے 20نومبر 2025 کو جموں میں ریزیڈنسی روڈ پر انگریزی روزنامے کشمیر ٹائمز کے مرکزی دفتر پر چھاپہ مارا۔ اس کے ساتھ ہی اخبار کے مالک پربودھ جموال کی گاندھی نگر میں واقع رہائش گاہ کی بھی تلاشی لی گئی۔نئی دہلی کے زیرِ کنٹرول ایس آئی اے نے ایگزیکٹو ایڈیٹر انورادھا بھسین کے خلاف جموں و کشمیر کے لئے حقِ خودارادیت کے مطالبے کو فروغ دینے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی ہے۔ انورادھا بھسین کا کہنا تھا کہ اخبار کا دفتر 2021 اور 2022 سے بڑی حد تک غیر فعال تھا اور اشاعت آن لائن جاری تھی۔ انہوں نے چھاپے کو آزاد صحافت خاموش کرانے کی کوشش قرار دیا۔
انورادھا بھسین جلاوطنی میں
کشمیر ٹائمز کی ایگزیکٹو ایڈیٹر انورادھا بھسین دفعہ370 کی منسوخی کے بعد مودی حکومت کی سخت کارروائیوں، دفاتر کی بندش اور انٹرنیٹ کی معطلی کے باعث مقبوضہ علاقے سے امریکہ چلی گئیں۔بھسین اور ان کے شوہر اخبار کے شریک مدیر پربودھ جموال نے نومبر 2023 میں جلاوطنی سے ڈیجیٹل نیوز روم کے طور پر کشمیر ٹائمز کی اشاعت دوبارہ شروع کی۔
غیر ملکی صحافیوں کے سفر پر پابندیاں
بھارتی حکام نے کئی معروف کشمیری صحافیوں کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کیے یا انہیں بیرونِ ملک سفر سے روک دیا۔ اس سلسلے میں کوئی باضابطہ تحریری وجہ بھی فراہم نہیں کی گئی۔ مقامی صحافیوں کو منظم سفری پابندیوں، پاسپورٹ سے انکار اور پوچھ گچھ کا سامنا ہے۔بھارت میں غیر ملکی صحافیوں کو بھی سخت انتظامی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر کے سفر کے لیے خصوصی اجازت نامے حاصل کرنا پڑتے ہیں، جو اکثر مسترد کر دیے
جاتے ہیں۔ میڈیا کی نگرانی کرنے والی تنظیم رپورٹرز وِدآٹ بارڈرز کے مطابق جموں و کشمیر میں داخلہ بڑی حد تک ممنوع یا سخت کنٹرول میں رکھا گیا ہے اور صحافیوں کو اجازت نامے نہیں دیے جاتے۔الجزیرہ انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت کشمیر میں میڈیا کی رسائی کو سختی سے کنٹرول کرتی ہے۔ اس کا مقصد انسانی حقوق کی صورتحال پر بین الاقوامی جانچ سے بچنا اور معمول کے حالات کا تاثر برقرار رکھنا ہے۔پلٹزر انعام یافتہ فوٹو جرنلسٹ ثنا ارشاد متو اور مصنف گوہر گیلانی سمیت کئی معروف صحافیوں کو بین الاقوامی کانفرنسوں اور ایوارڈز کی تقریبات میں شرکت کے لیے بیرونِ ملک سفر سے بار بار روکا گیا ہے۔
دھمکیاں اور سوشل میڈیا اکاونٹس کی معطلی
بھارتی ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم نیوز لانڈری نے رپورٹ کیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران تقریبا 25 کشمیری صحافیوں کو دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس نے مزید بتایا کہ اگست 2019 میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد صحافیوں کے اہلِ خانہ بھی نفسیاتی دباو کا شکار رہے ہیں۔بہت سے صحافی سیلف سنسرشپ اختیار کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ بعض نے برسوں جیل میں گزارے، کچھ اب بھی قید ہیں، کئی کو سفری پابندیوں کا سامنا ہے، جبکہ متعدد نے خوف کے باعث صحافت کا پیشہ چھوڑ دیا ہے۔20 مئی 2026 کو ناروے کی صحافی ہیلے لِنگ نے بتایا کہ ان کے فیس بک اور انسٹاگرام اکاونٹس معطل کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے اوسلو کے دورے کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے سوالات پوچھے تھے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت مقبوضہ علاقے میں میڈیا کی آزادی دبانے کے لیے طاقت کے استعمال اور بار بار گرفتاریوں جیسے ہتھکنڈے اپنا رہی ہے۔ آصف سلطان، فہد شاہ، ماجد حیدری اور سجاد گل جیسے معروف صحافیوں کو دفعہ370 اور 35-اے کی منسوخی سے پہلے اور بعد میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے پر کالے قوانین پی ایس اے اور یو اے پی اے کے تحت گرفتار کیا گیا۔
عالمی برادری سے کارروائی کا مطالبہ
اس دن کے حوالے سے انٹرنیشنل پریس انسٹی ٹیوٹ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ صحافیوں کے خلاف جرائم میں استثنی کے خاتمے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے۔ادارے نے 2025 کی اپنی جنرل اسمبلی کی قرارداد کا اعادہ کیا۔ اس میں ریاستوں سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ استثنیٰ کے اس کلچر کے خاتمے کے لیے سیاسی عزم کا مظاہرہ کریں جو دنیا بھر میں آمریت کو مضبوط بنا رہی ہے۔







