سرینگر: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے متعدد مقامات پر چھاپے

سرینگر:غیرقانونی طورپربھارت کےزیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے غیرقانونی طور پر نظربندحریت رہنما عمر عادل ڈار اور ان کے ساتھیوں کے خلاف درج کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں سرینگر میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ای ڈی نے بھارتی پیراملٹری اہلکاروں کے ہمراہ منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعات کے تحت سری نگر میں کم از کم چار مقامات پر چھاپے مارے۔
یہ کیس عمر عادل ڈار اور ان کے ساتھیوں کے خلاف شروع کیا گیا ہے، جس میں بھارتی حکام نے حریت رہنما پر اوور گراؤنڈ ورکر ہونے اور آزادی پسند تنظیموں سے روابط کا الزام عائد کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران بھارتی پولیس اہلکاروں نے عمرعادل ڈار کی ایک دکان سے نقدرقم بھی ضبط کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دکان ان کی ذاتی جائیداد اور ان کے خاندان کی آمدنی کا ذریعہ تھی۔
عمرعادل ڈار تقریباً چار سال سے جیل میں نظربند ہیں۔
تازہ چھاپوں نے سیاسی کارکنوں اور تحریک آزادی کشمیرکی حمایت کے الزام میں گرفتار افراد کے خلاف تفتیشی ایجنسیوں اور مالی قوانین کے بےدریغ استعمال پر تشویش کو جنم دیا ہے۔
اگست 2019 میں بھارتی حکومت کی جانب سے دفعہ 370 اور 35 اے کی یکطرفہ منسوخی کے بعد سے مقبوضہ علاقے میں جائیدادوں کی ضبطی اور کشمیریوں کے خلاف مقدمات کے اندراج کی اطلاعات بار بار موصول ہوتی رہی ہیں۔
کشمیری سیاسی حلقوں نے اس طرح کی کارروائیوں کو مقامی آبادی پر معاشی دباؤ ڈالنے، سیاسی رہنمائوں کو انتقامی کارروائی کانشانہ بنانے اور کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کی وسیع تر مہم کا حصہ قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مالی تحقیقات، جائیدادوں کی ضبطی اور طویل نظربندیوں سے جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت کو تبدیل نہیں کیاجا سکتاکے اور نہ ہی کشمیری عوام کی سیاسی امنگوں کو دبایاجا سکتاہے۔KMS-Y





