مقبوضہ جموں و کشمیر

آغا روح اللہ مہدی کا نیشنل کانفرنس کی بنیادی رکنیت اوربھارتی پارلیمنٹ سے مستعفی ہونے کا اعلان

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میںآغا روح اللہ مہدی نے نیشنل کانفرنس کی بنیادی رکنیت اوربھارتی پارلیمنٹ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغا روح اللہ نے بڈگام میں ایک عوامی جلسے کے دوران بھارتی پارلیمنٹ اور نیشنل کانفرنس کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔
روح اللہ نے اپنا استعفیٰ 2010 میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے طالب علم طفیل متو کے والد محمد اشرف متو کے حوالے کیا۔ طفیل کی شہادت اس وقت ہوئی تھی جب عمر عبداللہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ تھے۔ طفیل کی شہادت کے بعد وادی میں حالات انتہائی کشیدہ ہوئے تھے۔ ہفتوں تک جاری رہنے والے کشیدہ حالات کے دوران ایک سو سے زائد شہری شہید ہوئے تھے۔
جلسہ کے دوران روح اللہ نے محمد اشرف متو سے کہا کہ وہ استعفیٰ نامہ نیشنل کانفرنس (این سی) کے صدر فاروق عبداللہ تک پہنچائیں۔ سفید کاغذ لہراتے ہوئے آغا روح اللہ نے کہاکہ3 نومبر کو دوپہر 2 بج کر 40 منٹ تک میں نیشنل کانفرنس کے ساتھ تھا۔ اللہ نے مجھے نیشنل کانفرنس سے آزاد کر دیا ہے۔ میں اپنے استعفے پر دستخط کر رہا ہوں۔ یہ اس بے شرم جماعت سے آزادی کا پیغام ہے۔ میں اپنا استعفیٰ محمد اشرف متو کے حوالے کروں گا اور ان سے درخواست کروں گا کہ وہ اسے آگے پہنچائیں۔
آغا روح اللہ نے اپنے والد آغا سید مہدی کی 26ویں برسی کے موقع پر نیشنل کانفرنس سے اپنا 25 سالہ رشتہ ختم کرنے کا اعلان کیا۔اپنی تقریر میں روح اللہ نے نیشنل کانفرنس کے ساتھ ساتھ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے عمر عبداللہ کو ناہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت بنانے کے دو سال بعد انہوں نے اپنے موقف اور اہداف تبدیل کر دیے ہیں۔ انہوں نے عمر عبداللہ کو فاروق عبداللہ کا ”بے شرم بیٹا“ بھی قرار دیا۔
روح اللہ نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو کشمیری شالیں پیش کرنے پر بھی سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں شالیں پیش کرنے کے بجائے عوام کی جانب سے منظور کی گئی دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف قرارداد وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے سامنے پیش کرنی چاہیے تھی۔
دریں اثنا، نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے امید ظاہر کی ہے کہ پارٹی کے رکنِ پارلیمنٹ آغا روح اللہ مہدی اپنے استعفے کے فیصلے پر نظرثانی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی علیحدگی جموں و کشمیر کے لیے ایک دھچکا ثابت ہوگی۔انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں اب بھی امید ہے کہ روح اللہ صاحب اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رکنِ پارلیمنٹ نے پارٹی کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پارٹی میں ان کا ایک خاص مقام تھا۔ میرا نہیں خیال کہ وہ کسی دوسری جماعت میں بھی ایسا ہی مقام حاصل کر سکیں گے۔ڈار نے کہا کہ روح اللہ کی پارلیمنٹ سے علیحدگی کا مطلب دفعہ 370 کی بحالی کی وکالت کرنے والی ایک اہم آواز سے محروم ہونا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے تھے کہ روح اللہ صاحب پارلیمنٹ میں موجود رہیں اور دفعہ 370 کی بحالی کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button