بارہمولہ میں زلزلے کے جھٹکے،یہ رواں ہفتے وادی کشمیر میں دوسرا زلزلہ ہے
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے ضلع بارہمولہ میں اتوار کی علی الصبح 3.1 شدت کا زلزلہ آیا جو ایک ہفتے کے دوران وادی کشمیر میںدوسرا زلزلہ ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق زلزلہ رات 2 بج کر 47 منٹ پر آیا، جس کی گہرائی پانچ کلومیٹر تھی۔ نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی (این سی ایس) کے مطابق زلزلے کا مرکز ضلع بارہمولہ میں 34.306 ڈگری شمالی عرض البلد اور 74.310 ڈگری مشرقی طول البلد پر واقع تھا۔تاحال کسی جانی یامالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
زلزلے کے جھٹکوں سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بارہمولہ اور اس سے ملحقہ علاقوں کے کئی مقامات پر لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ تاہم بعد میں معمولاتِ زندگی بحال ہو گئے۔
یہ تازہ زلزلہ جمعرات کی رات چین کے علاقے سنکیانگ میں لداخ کی سرحد کے قریب 5.1 شدت کے زلزلے کے چند روز بعد آیا ہے جس کے نتیجے میں وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
وادی کشمیر زلزلے کے حوالے سے انتہائی حساس زون میں واقع ہے اور یہاں زلزلوں کا خطرہ بدستور موجود ہے۔ ماہرین اس خطے میں زلزلہ برداشت کرنے والی عمارتوں کی تعمیر اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کی ضرورت پر بارہا زور دیتے رہے ہیں۔
حکام کاکہنا ہے کہ وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور مزید جھٹکے محسوس ہونے کی صورت میں حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔








