زعفرانی جمہوریت کا انتخابی تماشا، مہا راشٹر میں زائد از 2 کروڑ ووٹرز کے نام حذف، راجستھان میں پونے دولاکھ سے زائد زندہ ووٹرز مردہ قرار
ارشد میر
بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے اپنے انتخابی نظام کو عوامی نمائندگی اور شہری مساوات کی علامت قرار دیتا ہے لیکن مہاراشٹر اور راجستھان سے سامنے آنے والی دو تحقیقاتی رپورٹس نے اس دعوے کے غبارے کو پھاڑ کر بھارت کے ہندو فسطائی ریاست بننے کے رہے سہے شک کو بھی دور کرتی ہیں۔ مذکورہ رپورٹس سے واضح ہوتا ہے کہ بھارتی انتخابی نظام میں ووٹرز کے اندراج، اخراج اور ان کی شناخت کی تصدیق کا عمل کس قدر سنگین تضادات اور انتظامی بے ضابطگیوں سے دوچار ہے۔ جمہوریت کا بنیادی تقاضا یہ ہے کہ ہر اہل شہری کو بلاامتیاز ووٹ دینے کا حق حاصل ہولیکن جب لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں شہریوں کے نام انتخابی فہرستوں سے خارج ہو جائیں اور اس عمل میں مذہبی اقلیتوں کے غیر متناسب طور پر متاثر ہونے کے شواہد بھی سامنے آئیں تو انتخابی شفافیت اور مساوی شہری حقوق کے حوالے سے سوالات اٹھنا ناگزیر ہو جاتے ہیں۔
مہاراشٹر میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی (SIR) کے نتیجے میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 6 لاکھ 80 ہزار ووٹرز کے نام خارج کیے گئے جو نظرثانی سے قبل رجسٹرڈ ووٹرز کا 21.1 فیصد بنتے ہیں۔ اس پورے عمل کا سب سے تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ خارج کیے گئے ناموں میں سے 16.8 فیصد افراد کو وفات یافتہ قرار دیا گیا جبکہ باقی تقریباً 83 فیصد نام مستقل نقل مکانی، عدم دستیابی، ناقابلِ سراغ ہونے یا دوسری جگہ پہلے سے اندراج کے جواز کے تحت حذف کیے گئے۔ سوال یہ ہے کہ کیا محض کسی شہری کا عارضی طور پر دستیاب نہ ہونا یا اس کے رہائشی پتے میں تبدیلی اس کا بنیادی جمہوری حق چھین لینے کے لیے کافی ہے؟ اگر کروڑوں شہریوں کو اس بنیاد پر انتخابی فہرستوں سے باہر کیا جا سکتا ہے تو پھر بھارتی جمہوریت میں عام آدمی کے ووٹ کی ضمانت کہاں باقی رہ جاتی ہے؟
اس معاملے کی سنگینی ممبئی اور اس کے گردونواح میں مزید نمایاں ہوتی ہے جہاں انتخابی حلقوں میں ووٹروں کے نام خارج ہونے کی شرح 34.7 فیصد تک پہنچ گئی، جبکہ ریاست کے باقی علاقوں میں یہ شرح 19.5 فیصد رہی۔ مزید یہ کہ 288 میں سے 190 انتخابی حلقوں میں خارج کیے گئے ایسے ووٹروں کی تعداد 2024ء کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے فرق سے زیادہ تھی۔ کولابہ میں تو خارج کیے گئے ناموں کی تعداد 1 لاکھ 19 ہزار تھی جبکہ گزشتہ اسمبلی انتخاب میں ڈالے گئے ووٹوں کی مجموعی تعداد ہی تقریباً 1 لاکھ 18 ہزار تھی۔ یہ اعدادوشمار انتخابی نتائج کی ساکھ، عوامی نمائندگی اور انتخابی فہرستوں کی تیاری کے طریقہ کار پر غیر معمولی سوالات اٹھاتے ہیں۔ جب ووٹرز کی ایک بڑی تعداد کو انتخابی عمل سے باہر کر دیا جائے تو انتخابات میں عوامی مینڈیٹ کی حقیقی ترجمانی کا دعویٰ کس بنیاد پر کیا جا سکتا ہے؟
اس سے بھی زیادہ قابلِ توجہ امر یہ ہے کہ مہاراشٹر میں مسلمانوں کے ناموں سے شناخت کیے گئے ووٹرز مجموعی حذف شدہ ناموں کا 14.6 فیصد تھے جبکہ 2011ء کی مردم شماری کی بنیاد پر ریاست کی آبادی میں ان کا تخمینی تناسب 12.1 فیصد تھا۔ اورنگ آباد میں یہ شرح 27.3 فیصد، پربھنی میں 26.4 فیصد، اکولا میں 24.6 فیصد اور ممبئی میں 22.6 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ تحقیق کے مطابق یکساں عمر کے گروہوں اور ایک ہی انتخابی حلقے کے ووٹرز کا تقابل کرنے پر مسلم ناموں والے شہریوں کے دوسری جگہ پہلے سے رجسٹرڈ قرار دیے جانے کے امکانات دیگر ووٹرز کے مقابلے میں 2.07 گنا زیادہ تھے جبکہ غیر حاضر یا ناقابلِ سراغ قرار دیے جانے کے امکانات بھی 1.40 گنا زیادہ پائے گئے۔
تحقیق کاروں نے اس غیر معمولی فرق کی ممکنہ وجوہات میں ناموں کی بنیاد پر کی جانے والی خودکار درجہ بندی اور مشترکہ مسلم خاندانی ناموں کے باعث پیدا ہونے والی غلطیوں کی نشاندہی کی ہے۔ مگر سوال یہ ہے کہ کیا یہ انتظامی یا اادرہ جاتی غلطیاں ہیں یا پھر مذہبی فسطائیت کے حامل سیاسی مقاصد کے حصول کی کوششیں ؟ جمہوریت میں کسی شہری کو اس کے نام، مذہبی شناخت یا انتظامی غلطی کی بنیاد پر حقِ رائے دہی سے محروم ہونے کا خدشہ بھی نہیں ہونا چاہیے۔
مہاراشٹر کے انکشافات ابھی زیرِ بحث ہی تھے کہ راجستھان سے سامنے آنے والی دوسری تحقیقاتی رپورٹ نے انتخابی نظام کی انتظامی ساکھ پر ایک اور سنگین سوالیہ نشان ثبت کر دیا۔ دی رپورٹرز کلیکٹو کی تحقیقات کے مطابق بھارتی الیکشن کمیشن نے خصوصی نظرثانی کے دوران جن 8 لاکھ 75 ہزار افراد کو وفات یافتہ قرار دے کر انتخابی فہرستوں سے خارج کیا، ان میں سے ایک لاکھ 82 ہزار 440 افراد ریاستی الیکشن کمیشن کی پنچایت انتخابی فہرستوں میں زندہ اور ووٹ ڈالنے کے اہل درج پائے گئے۔ یہ دونوں انتخابی فہرستیں اکتوبر 2025ء سے فروری 2026ء کے دوران تقریباً ایک ہی وقت میں مرتب کی گئیں۔ گڑھی اسمبلی حلقے میں ایسے ووٹرز کی تعداد 4,889 اور سروہی میں 4,624 تھی۔
یہ تضاد محض کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کی معمولی غلطی قرار دے کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ایک ہی ریاست، ایک ہی شہری اور تقریباً ایک ہی مدت میں مرتب ہونے والی دو سرکاری انتخابی فہرستوں میں کسی شخص کا ایک جگہ زندہ اور اہلِ ووٹ ہونا جبکہ دوسری جگہ اسے وفات یافتہ قرار دینا، متعلقہ اداروں کی کارکردگی اور تصدیقی طریقہ کار کی سنگین خامیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ اگر ایک لاکھ 82 ہزار سے زیادہ افراد کے بارے میں ایسا تضاد موجود ہے تو سوال یہ بھی ہے کہ کتنے شہریوں کو اسی نوعیت کی غلطیوں کے باعث پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات میں اپنے حقِ رائے دہی سے محروم ہونا پڑا ہوگا؟
ان انکشافات پر بھارتی سیاسی و سماجی حلقوں کا ردعمل بھی قابلِ توجہ ہے۔ سماجی کارکن یوگیندر یادو نے تمام ایک لاکھ 82 ہزار 440 ناموں کی زمینی سطح پر تصدیق کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان میں سے کچھ واقعات بھی درست ثابت ہوئے تو یہ ایک بڑا اسکینڈل ہوگا۔ کانگریس رہنما جے رام رمیش نے اس صورت حال کو بدانتظامی اور شرارت کے امتزاج سے تعبیر کیا جبکہ صحافی رویش کمار نے انتخابی نظرثانی کے عمل کو فراڈ قرار دیتے ہوئے ذمہ دار اہلکاروں سے لے کر چیف الیکشن کمشنر تک جواب دہی کا مطالبہ کیا۔ ان بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ معاملہ محض سیاسی اختلافات تک محدود نہیں بلکہ انتخابی اداروں کی جواب دہی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کا مسئلہ بن چکا ہے۔
درحقیقت ان دونوں رپورٹس کو یکجا کرکے دیکھا جائے تو بھارتی انتخابی جمہوریت کے سامنے دو بنیادی سوال کھڑے ہوتے ہیں۔ پہلا یہ کہ کروڑوں ووٹرز کے نام خارج کرنے کے لیے اختیار کیے گئے طریقہ کار میں شفافیت اور درستگی کہاں ہے؟ دوسرا یہ کہ انتخابی ادارے اپنی غلطیوں کی ذمہ داری قبول کرنے اور متاثرہ شہریوں کو انصاف فراہم کرنے کے لیے کس حد تک تیار ہیں؟ اور اس سے بھی برا سوال یہ ہے کہ اسکے ذمہ دار صرف الیکشن کمیشن اور دیگر ادارے ہیں یا حکومت بھی؟اسی طرح کم ووٹر ٹرن آؤٹ اور غیر وفاتی بنیادوں پر ناموں کے اخراج کے درمیان تحقیق میں منفی 0.81 کا تعلق سامنے آنا بھی مزید تحقیق کا تقاضا کرتا ہے۔
بھارت کی جمہوریت کا اصل امتحان محض انتخابات کا انعقاد، ووٹنگ مشینوں کا استعمال یا دنیا کے سامنے اپنی جمہوری حیثیت کا تشہیری دعویٰ کرنا نہیں بلکہ ہر شہری کے ووٹ، مساوی حقوق اور سیاسی شرکت کا تحفظ ہے۔ یہ بات نام نہاد بھارتی جمہوریت کا مذاق اڑاتی بلکہ اس اسکا جنازہ نکالتی ہےکہ جب ایک شہری کو سرکاری ریکارڈ میں زندہ ہونے کے باوجود مردہ قرار دیا جائے، لاکھوں افراد کے ووٹ غیر مصدقہ درجہ بندیوں کی نذر ہو جائیں اور انتخابی عمل سے خارج ہونے والے شہریوں کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پڑیں۔
بھارت میں ہندوتوا کی سیاست اور بی جے پی کے اکثریت پسند سیاسی بیانیے کے تناظر میں اقلیتوں کے لیے یہ صورت حال مزید تشویش ناک ہے۔ جب مذہبی اقلیتوں کے ووٹرز کے خلاف غیر متناسب اعدادوشمار سامنے آئیں اور انتخابی ادارے اپنی فہرستوں کی صحت پر اٹھنے والے سوالات کا تسلی بخش جواب نہ دے سکیں تو بھارت کے جمہوری دعووں اور اس کے عملی انتخابی نظام کے درمیان تضاد مزید نمایاں ہو جاتا ہے۔
دنیا کو یہ دیکھنا ہوگا کہ جمہوریت کے نام پر قائم ادارے شہریوں کو ووٹ دینے کا حق دے بھی رہے ہیں یا سیاسی نوعیت کے انتظامی فیصلوں کے ذریعے ان کی سیاسی آواز محدود کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔ کسی بھی جمہوری نظام کی ساکھ نعروں سے نہیں بلکہ اس امر سے طے ہوتی ہے کہ وہ اپنے سب سے کمزور اور غیر محفوظ شہری کے حق کی کتنی حفاظت کرتا ہے۔ بھارت کے لیے اصل سوال بھی یہی ہے کہ اگر کروڑوں ووٹرز کی انتخابی حیثیت ہی غیر یقینی ہو جائے تو اس کادنیا کی مہان جمہوریت ہونے کا نام نہاددعویٰ آخر کس بنیاد پر قائم رہ سکتا ہے؟








