کرناٹک : مسلم ووٹرز کی تعداد میں غیر مسلموں کے مقابلے میں تیزی سے کمی
بنگلورو:بھارتی ریاست کرناٹک میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی کے دوران 196حلقوں میں دیگر ووٹروں کے مقابلے میں مسلم ووٹرز کی تعداد میں بڑی کمی کی گئی ہے جس سے ریاست میں مسلم ووٹرز کے انتخابی فہرستوں سے اخراج کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ انکشاف کرناٹک میں قائم سیاسی تحقیقاتی اورمشاورتی ادارے سنکلپ کے تجزیے پر مبنی ہیں، جسے جریدے فرنٹ لائن نے رپورٹ کیا ہے۔بنگلورو سے باہر 196اسمبلی حلقوں میں مسلم ووٹرز کی تعداد 57لاکھ 89ہزار سے کم ہو کر 49لاکھ 2 ہزار رہ گئی ہے۔ان حلقوںمیں مسلم ووٹرز کی تعداد میں 15.32فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ غیر مسلم ووٹرز کی تعداد 3کروڑ 94لاکھ سے کم ہو کر 3 کروڑ 46 لاکھ رہ گئی ہے، جس میں 12.18فیصد کمی ہوئی۔تجزیے کے مطابق، نظرثانی کے بعد ان 196حلقوں کی انتخابی فہرستوں سے تقریبا 8 لاکھ 87ہزار مسلم ووٹرز کے نام حذف کئے گئے ہیں۔
بنگلورو میں مسلم ووٹرز کی تعداد 13لاکھ 67 ہزار سے کم ہو کر 9 لاکھ 6 ہزار رہ گئی ہے جوکہ 33.72فیصد کمی ہے۔ ریاست بھر میں مسلم ووٹرز کی تعداد 71لاکھ 56 ہزار سے کم ہو کر 58لاکھ 8 ہزار رہ گئی ہے جوکہ18.84فیصد کم ہے۔
ریاست کی مجموعی انتخابی فہرستوں میں مسلم ووٹرز کا تناسب بھی 12.91فیصد سے کم ہو کر 12.77فیصد رہ گیاہے۔کرناٹک کے 10 مسلم ارکان اسمبلی کے حلقے بھی اس نظرثانی سے متاثر ہوئے ہیں۔ خصوصی نظرثانی سے قبل ان 10حلقوں میں مسلم ووٹرز کی تعداد 9 لاکھ 62 ہزار تھی جوکہ اب 7لاکھ 52 ہزار رہ گئی ہے۔KMS-Y







