ایس آئی آر کے ذریعے بی جے پی مخالفین کو ووٹ کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے: ابھی جیت دیپکے
وزیر اعظم نریندر مودی ووٹ چوری کے ذریعے اقتدار میں آئے، بنگلورو میں عوامی ٹریبونل سے خطاب
بنگلورو:بھارت میں کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھی جیت دیپکے نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ووٹر فہرستوں کی خصوصی نظرثانی کے ذریعے مخالفین کو حقِ رائے دہی سے محروم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ابھی جیت دیپکے نے بنگلورو میں مختلف سول سوسائٹی تنظیموں کے زیر اہتمام منعقدہ عوامی ٹریبونل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی فہرستوں سے مبینہ طور پر نام خارج کیے جانے والے افراد اس تقریب میں موجود تھے تاکہ یہ ثابت کر سکیں کہ وہ زندہ ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ووٹوں کے اخراج اورووٹ چوری کے ذریعے اقتدار میں آئے۔
ابھی جیت دیپکے نے کہا، جن لوگوں کو مردہ قرار دیا گیا تھا، وہ یہاں زندہ کھڑے ہیں۔ لہذا موت ان لوگوں کی نہیں ہوئی بلکہ بھارتی جمہوریت کی ہوئی ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سمیت الیکشن کمیشن کے حکام نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی ہدایت پر لوگوں کے ووٹ خارج کیے۔
انہوں نے ووٹر فہرستوں سے ناموں کے اخراج کے عمل پر سوال اٹھاتے ہوئے اسے سیاسی مخالفین کو انتخابی عمل سے باہر رکھنے کی کوشش قرار دیا۔







