مقبوضہ جموں وکشمیر: بالائی علاقوں میں برف باری ،سرینگرسمیت میدانی علاقوں میں ہلکی بارش
12 سے 14 نومبر تک بڑے پیمانے پر بارش اور برف باری کی پیش گوئی
سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ سرینگر سمیت دیگرکچھ میدانی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے ۔ موسم کی صورتحال میں اس تبدیلی کے ساتھ علاقے میں موسم سرما کے پہلے برفانی سلسلے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وادی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام گل مرگ کی کونگ ڈوری، گریز کی تلایل وادی اور زوجیلا علاقے میں آج رات بھر تازہ برف باری ہوئی۔ سرینگرسمیت شمالی کشمیر کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ وسطی اور جنوبی کشمیر کے کچھ حصوں میں بھی بارش ہوئی۔یہ تازہ بارش اور برف باری جموں و کشمیر میں 12 سے 14 نومبر تک وسیع پیمانے پر ہونے والی بارش اور برف باری کی پیش گوئی کے تناظر میں ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ اس مدت کے دوران دن کے درجہ حرارت میں 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک کی کمی آ سکتی ہے، جس سے پورے خطے میں درجہ حرارت نمایاں طور پر گر سکتا ہے۔
شمالی کشمیر کی وادی گریز میں بھی تازہ برف باری ہوئی، جس نے علاقے کے کچھ حصوں کو سفید چادر میں ڈھانپ دیا، انتظامیہ نے موسم کی صورتحال کے پیش نظر سیاحوں کو پہلے ہی وادی کا دورہ نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔موسمیاتی مرکز سری نگر نے تین دن کے دوران میدانی علاقوں میں بڑے پیمانے پر بارش اور اونچے علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کی ہے، کچھ پہاڑی علاقوں میں ایک سے دو فٹ برف پڑنے کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر میٹرولوجیکل سنٹر سری نگر ڈاکٹر مختار احمد کا کہنا کہ پیر کی گلی، سنتھن ٹاپ، زوجیلا، رازدان پاس، سادھنا ٹاپ اور مارگن پاس سمیت اونچی جگہوں اور پہاڑی راستوں پر شدید برف باری کا امکان ہے، کچھ مقامات پر ایک سے دو فٹ تک جمع ہونے کا امکان ہے۔محکمہ نے شوپیاں، کولگام، کپواڑہ، بانڈی پورہ اور اس سے ملحقہ علاقوں کے میدانی علاقوں میں ہلکی برفباری یا بارش کا 50 فیصد امکان ظاہر کیا ہے۔
پیش گوئی کے پیش نظر، حساس علاقوں خاص طور پر زیادہ بلندی والی سڑکوں اور سیاحتی مقامات لیے سفری ہدایات اور احتیاطی پابندیاں جاری کی گئی ہیں۔مقامی رہائشیوں اور مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور بالائی علاقوں کی طرف سفر کرنے سے پہلے موسم کے بارے میں سرکاری اپ ڈیٹس اور انتظامی ہدایات پر عمل کریں۔کاشتکاروں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 12 اور 13 نومبر کو کٹائی کے کاموں کو روک دیں اور بارش اور برف باری سے ہونے والے نقصان کو روکنے کے لیے فصلوں کو محفوظ طریقے سے ذخیرہ کریں۔







