گرپتونت سنگھ قتل سازش: امریکی عدالت نے سابق ”را” سربراہ سمنت گوئل ، اجیت دوول کو سمن جاری کر دیے
واشنگٹن:امریکی وفاقی عدالت نے سکھ رہنما اور سکھس فار جسٹس کے قانونی مشیر گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش سے متعلق دائر مقدمے میں بھارتی حکومت کو باقاعدہ سمن جاری کر دیے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نیویارک کی سدرن ڈسٹرکٹ کی عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات اور امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق 9 اکتوبر کو ایک سفارتی مراسلے کے ذریعے عدالتی نوٹس واشنگٹن ڈی سی میں واقع بھارتی سفارت خانے کو ارسال کیا گیا۔
اس مقدمے میں بھارتی حکومت کے علاوہ بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول، بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سابق سربراہ سمنت گوئل، سابق را افسر وکرم یادو اور نکھل گپتا سمیت دیگر افراد کو نامزد کر کے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے بھارتی حکومت اور ان نامزد شخصیات کے خلاف ستمبر 2024 میں امریکی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا، اس مقدمے کی بنیاد امریکا میں ان کے مبینہ قتل کی سازش کے انکشافات پر رکھی گئی تھی اور اس میں بھارتی شہری نکھل گپتا شامل تھا۔
نکھل گپتا کو جون 2023 میں پراگ سے گرفتار کر کے امریکا کے حوالے کیا گیا تھا، اس نے فروری 2026 میں پیسے دے کر قتل کروانے، قتل کی سازش اور منی لانڈرنگ کے تین الزامات میں صحتِ جرم قبول کی تھی۔
امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں بالخصوص منشیات کے انسداد کے ادارے (ڈی ای اے)کی تحقیقات کے مطابق سابق بھارتی افسر وکرم یادو نے پنوں کے قتل کے منصوبے کے لیے نکھل گپتا سے رابطہ کیا تھا، جس کی روشنی میں امریکی وزارتِ انصاف نے اکتوبر 2024 میں وکرم یادو پر فردِ جرم عائد کی تھی۔
گرپتونت سنگھ پنوں پر حملے کی سازش اور اس سے قبل 2023 میں کینیڈا میں خالصتان نواز سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے واقعات نے عالمی سطح پر بھارتی حکومت کے لیے شدید سفارتی چیلنجز پیدا کر دیے ہیں، جن کے باعث بھارت اور کینیڈا کے تعلقات میں شدید کشیدگی آئی اور دونوں ممالک نے اپنے سفارت کاروں کو واپس بلا لیا تھا۔







