مقبوضہ کشمیر: ہندو تقریبات کی اجازت، مسلمانوں کی نمازوں پر پابندیاں برقرار، التجا مفتی کا اظہارِ تشویش
سرینگر: غیر طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہندوئوں کو مذہبی تقریبات کے انعقاد کی اجازت دینے جبکہ مسلمانوں کی عبادات اور اجتماعی نمازوں پر بار بار پابندیوں کے معاملے پر سیاسی حلقوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما التجا مفتی نے سرینگر کے تاریخی لال چوک میں دیوالی کی تقریبات کی اجازت دینے اور تاریخی جامع مسجد میں مسلمانوں کی باجماعت نمازوں کی ادائیگی پر پابندیوں کے حوالے سے قابض حکام کے دوہرے معیار پر سوال اٹھائے ہیں۔
التجا مفتی نے کہا کہ 8نومبر کو دیوالی کے موقع پر لال چوک کو ہزاروں چراغ روشن کرنے کی اجازت دی گئی لیکن دوسری جانب مسلمانوں کو ان کے اہم مذہبی مرکز جامع مسجد سرینگر میں عبادت سے روکا جا رہا ہے۔
انہوں نے نیشنل کانفرنس کی حکومت کی خاموشی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اہم اسلامی مواقع اورنماز جمعہ کے اجتماعات کے دوران جامع مسجد کی بندش مذہبی آزادی اور مساوی حقوق کے حوالے سے سنگین سوالات پیدا کرتی ہے۔
واضح رہے کہ تاریخی جامع مسجد سرینگر میں گزشتہ برسوں کے دوران متعدد اہم مذہبی مواقع پر نمازوں کی ادائیگی کی اجازت نہیں دی گئی۔ 13مارچ 2026 کو مسلسل ساتویں سال مسلمانوں کو جمعة الوداع کے موقع پر بھی باجماعت نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔اسی طرح 3 فروری 2026 کو شب برات کے موقع پر بھی جامع مسجد کے دروازے نمازیوں کے لیے بند کر دیے گئے۔
مزید برآں 7جون 2025 کو عیدالاضحی کے موقع پر جامع مسجد سرینگر اور عیدگاہ میں نماز عید کی بھی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ اس روز نماز فجر سے قبل ہی مسجد کے دروازے نمازیوں کیلئے بند کر دئے گئے تھے ۔
ایک طرف سرینگر کے اہم عوامی مقامات پر ہندو مذہبی تقریبات کے انعقاد میں سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ دوسری جانب مسلمانوں کے مذہبی اجتماعات پر مسلسل پابندیوں سے مقبوضہ کشمیر میں مذہبی آزادی اور مساوی سلوک کے حوالے سے خدشات بڑھ رہے ہیں۔





