ارشد میر
بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اورسیکولرریاست ہونے کے دعوے تواتر سے کرتا ہے لیکن اپنے ہاں روزانہ کی بنیاد پرپیش آرہے واقعات، ہندو فسطائی سرکاری پالیساں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں اس کے عملی اقدامات ان دعوؤں کی حقیقت مسلسل بے نقاب کر رہے ہیں۔ ایک طرف لال چوک سرینگر میں بھارتی سرپرستی میں دیوالی کی تقریبات منعقد کرکے دنیا کو نام نہاد امن، معمولاتِ زندگی اور ترقی کا تاثر دینے کی کوشش کی جاتی ہےتو دوسری طرف اسی سرزمین کے کروڑوں نہیں بلکہ 80 لاکھ سے زائد مسلمانوں کو اپنے بنیادی مذہبی حقوق کے استعمال تک سے محروم رکھا جاتا ہے۔ یہ تضاد محض بھارتی پالیسی کی ناکامی نہیں بلکہ اس ریاستی سوچ کا عکاس ہے جس میں مذہبی اکثریت کے نظریے کو قومی شناخت اور سیاسی بالادستی میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے بھارت کی اس دوہرے معیار پر مبنی پالیسی کی شدید مذمت اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کی جانب سے بی جے پی اور آر ایس ایس کے نظریے کو گاندھی کے قاتل نتھورام گوڈسے کا نظریہ قرار دینا اسی تلخ حقیقت کے دو مختلف مگر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے پہلو ہیں۔
لال چوک میں دیوالی کی تقریبات کو جس انداز میں منعقد کیا گیا، وہ بھارتی حکام کے لیے شاید تشہیری کامیابی کا ایک ذریعہ ہو لیکن اس کے پس منظر میں موجود حقائق اس نمائشی سرگرمی کی اصل نوعیت واضح کرتے ہیں۔ تاریخی لال چوک میں بھارتی سرپرستی میں منعقدہ ان تقریبات میں بیرونی افراد اور آر ایس ایس سے وابستہ عناصر کو جمع کیا گیاجنہیں کشمیری پھیرن پہنا کر ہزاروں بھارتی فوجیوں، نیم فوجی دستوں اور ڈرونز کی نگرانی میں رقص کرایا گیا تاکہ عالمی برادری کو یہ باور کرایا جا سکے کہ مقبوضہ علاقے میں حالات معمول پر آ چکے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ اگر کشمیر میں واقعی امن، سکون اور معمولاتِ زندگی بحال ہیں تو پھر ایک تہوار منانے کے لیے اتنی بڑی فوجی موجودگی اور نگرانی کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے؟ کیا کسی معاشرے میں معمول کی مذہبی اور ثقافتی سرگرمیوں کے لیے اسلحے، خوف اور فوجی حصار کی ضرورت ہوتی ہے؟
اس سے بھی زیادہ افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ ایک طرف دیوالی کی تقریبات کو عالمی سطح پر کشمیری معاشرے کی مذہبی رواداری اور معمولاتِ زندگی کی علامت بنا کر پیش کیا جاتا ہے تو دوسری طرف مسلمانوں کو اپنے مذہبی شعائر کی ادائیگی سے مسلسل روکا جا رہا ہے۔ سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں 5 اگست 2019ء کے بعد سے 200 سے زائد بار جمعہ کےاجتماعات پر پابندی، عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کے اجتماعات کی مسلسل چھٹے سال تاریخی عیدگاہ اور درگاہ حضرت بل میں ممانعت، شب برات، شب قدر، جمعۃ الوداع اور محرم کے جلوسوں پر پابندیاں اس پالیسی کی واضح مثالیں ہیں۔ یہ محض انتظامی فیصلے نہیں بلکہ ایک مخصوص مذہبی شناخت کو مٹانے ، اسکے حامل لوگوں کو اجتماعی زندگی سے پیچھے دھکیلنے اور اس کے اظہار کو ریاستی اجازت کا محتاج بنانے کی عکاسی کرتے ہیں۔
یہاں محبوبہ مفتی کا بیان خصوصی اہمیت اختیار کر جاتا ہے۔ وہ کسی حریت جماعت یا کشمیری مزاحمتی تنظیم کی نمائندہ نہیں بلکہ بھارت کی سیاسی نرسری اور اسکے انتخابی اور سیاسی نظام کا حصہ ہیں۔ ایسے سیاسی پس منظر کی حامل شخصیت جب بی جے پی، آر ایس ایس اور جن سنگھ کے نظریے کو گوڈسے کا نظریہ قرار دیتی ہے تو اس بیان کو محض سیاسی اختلاف یا حزب اختلاف کی روایتی تنقید سمجھ کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ یہ اس نظریاتی تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے جس پر بھارت کے اندر سے بھی سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔ محبوبہ مفتی کے مطابق، بی جے پی کے رہنما سائنس اور علمی ترقی کے بجائے ہندو مسلم تقسیم کو ہوا دینے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ یہ مؤقف اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ مذہبی تقسیم اور اکثریتی قوم پرستی بھارتی سیاست میں محض انتخابی نعرے نہیں رہیں بلکہ ایک غالب سیاسی رجحان کی شکل اختیار کر رہی ہیں۔
محبوبہ مفتی کے اس بیان اور حریت کانفرنس کے مؤقف کو یکجا کرکے دیکھا جائے تو مقبوضہ کشمیر کی زمینی صورت حال ایک وسیع تر نظریاتی تناظر میں سمجھ آتی ہے۔ حریت کانفرنس جس ہندوتوا فاشزم، مذہبی امتیاز اور کشمیری مسلمانوں کی شناخت پر منظم حملے کی نشاندہی کرتی ہے محبوبہ مفتی کی تنقید اسی نظریاتی رجحان کے بھارتی سیاسی منظرنامے میں پھیلاؤ کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ حریت کانفرنس اس پالیسی کے اثرات کو مقبوضہ کشمیر میں اپنے روزمرہ تجربات اور زمینی حقائق کی بنیاد پر بیان کرتی ہے جبکہ محبوبہ مفتی مقبوضہ علاقہ کے ساتھ ساتھ بھارت کے سیاسی نظام کے اندر سے اس فسطائی نظریے اور روش کی مخالفت کر رہی ہیں۔ اس طرح ان کا بیان حریت کانفرنس کے اس دیرینہ مؤقف کو مزید تقویت دیتا ہے کہ کشمیر میں نافذ کردہ پالیسیوں کو محض امن و امان یا انتظامی اصلاحات کے نام پر نہیں سمجھا جا سکتا بلکہ ان کے پیچھے ایک مخصوص مذہبی اور سیاسی نظریہ بھی کارفرما ہے۔
یہ نظریاتی یلغار صرف عبادت گاہوں اور مذہبی اجتماعات تک محدود نہیں۔ حریت کانفرنس نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے تعلیمی نصاب میں تبدیلیوں، کشمیری تاریخ کے اہم ابواب اور مسلم شخصیات کے تذکروں کو حذف کرنے اور ان کی جگہ ساورکر اور ہیڈگیوار جیسے ہندوتوا نظریے کے علمبرداروں سے متعلق مواد شامل کرنے کی بھی نشاندہی کی ہے۔ سلطان زین العابدین، یوسف شاہ چک اور شیخ العالمؒ جیسی تاریخی شخصیات اور مغلیہ تاریخ سے نئی نسل کو دور رکھنے کی کوششیں اس وسیع تر عمل کا حصہ ہیں جس کے ذریعے کشمیریوں کے تاریخی شعور، تہذیبی ورثے اور اسلامی شناخت کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کسی قوم کی تاریخ کو اس کے تعلیمی نصاب سے نکالنا دراصل اس کی نئی نسل کو اپنی جڑوں سے کاٹنے کے مترادف ہے۔ اگر ایک طرف امپورٹڈ کریکٹرس سے دیوالی کا ڈرامہ رچا کر کشمیر کی 5 فیصد کی ایک چھوٹی سی مذہبی اقلیت کی ثقافت کی نمائش کی جائے اور دوسری طرف اسی سرزمین کی95 فیصد اکثریت کی ثقافتی تاریخی اور تہذیبی بنیادوں کو مٹایا جائے تو اسے ثقافتی تحفظ نہیں بلکہ ثقافتی جارحیت ہی کہا جا سکتا ہے۔
اسی طرح ساڑھے 45 لاکھ سے زائد ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کا اجرا بھی مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں کا ناقابل فراموش حصہ ہے۔ بھارتی باشندوں خصوصا ہندؤں کو ملازمتوں، زمین اور دیگر مراعات کے ذریعے آباد کرنے کی پالیسی محض انتظامی تبدیلی نہیں بلکہ علاقے کی آبادیاتی ساخت یکسر تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے۔ یہ جنیوا کنونشن کی دفعہ 49، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں نمبر91 اور 122 اور شہری و سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے کی کھلی اور قابل گرفت خلاف ورزیاں ہیں۔
بھارت کے نام نہاد امن اور ترقی کے بیانیے کا سب سے بڑا تضاد اس کی غیر معمولی فوجی موجودگی ہے۔ ایک چھوٹے سے علاقہ میں 10 لاکھ کے قریب فوج اورفورسزکی تعیناتی، جمعہ کے روز پابندیاں، مذہبی مواقع پر انٹرنیٹ کی بندش اور عالمی ذرائع ابلاغ کو آزادانہ طور پر مقبوضہ علاقہ کا دورہ کرنے سے روکنا اس دعوے کی نفی کرتا ہے کہ وہاں حالات معمول کے مطابق ہیں۔ایک ایسا علاقہ جہاں اتنا امن قائم ہوا ہو کہ کشمیری پنڈتوں کی موجودگی کے وقت بھی اسطرح دیوالی نہیں منائی گئی ہو، میں 13 ہزار نوجوانوں کو کالے قوانین پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون کے تحت مختلف بھارتی جیلوں میں مقید نہیں ہونا چاہئے۔ شہداء کا لہو، نیم بیواؤں کی بے بسی اور نوجوانوں کے اہل خانہ کی آہیں کسی تقریب، لیزر شو یا ترنگا ریلی کے ذریعے چھپائی نہیں جا سکتیں۔
درحقیقت، لال چوک میں دیوالی ڈرامہ اور محبوبہ مفتی کا بیان بھارت کے دو متضاد چہروں کو ایک ساتھ سامنے لاتے ہیں۔ ایک چہرہ وہ ہے جو بیرونی افراد، فوجی حصار اور سرکاری تشہیر کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر میں معمول کی زندگی کا مصنوعی منظرنامہ تخلیق کرتا ہے جبکہ دوسرا وہ ہے جس کی نظریاتی سمت پر خود بھارتی سیاسی حلقوں کے اندر سے سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔ اگر بی جے پی اور آر ایس ایس کا نظریہ واقعی گاندھی کے قاتل گوڈسے کے نظریے سے مماثلت رکھتا ہے تو پھر بھارت کے مہان سیکولر جمہوریت ہونے کے دعوے اور پھٹے ڈھول میں بھی مماثلت قائم ہوجاتی ہے۔ اورجب اس نظریے کے اثرات مقبوضہ کشمیر میں مذہبی پابندیوں، ثقافتی جارحیت اور آبادیاتی تبدیلی کی صورت میں ظاہر ہو رہے ہیں تو کشمیری عوام کے خدشات کو محض پروپیگنڈا قرار دے کر مسترد نہیں کیا جا سکتا۔
یہ صورتحال اس تلخ حقیقت کی طرف بھی اشارہ کرتی ہے کہ بھارت کی سیاست، ریاست اور اسکے اجزاء تیزی سے ہندوتوا کے اس تصور کی جانب بڑھ رہی ہے جس میں مذہبی اکثریت کی بالادستی کو ریاستی شناخت کا بنیادی اصول بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایک حقیقی جمہوریت اپنے شہریوں کے مذہبی حقوق، ثقافتی شناخت اور سیاسی اختلاف کے تحفظ سے پہچانی جاتی ہے، نہ کہ ان حقوق کو دباکے اپنی قوت کا مظاہرہ کرنے سے۔ بھارت اگر اپنے آپ کو سیکولر جمہوریہ کہتا ہے تو اسے اپنے ساتھ ساتھ اپنے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھی مسلمانوں کے مذہبی حقوق کی بحالی، تاریخ و ثقافت کے تحفظ اور آبادیاتی تبدیلی کی پالیسیوں کے خاتمے سے اس دعوے کو ثابت کرنا ہوگا۔
حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی مذہبی امتیاز، ثقافتی جارحیت اور آبادیاتی تبدیلی کی پالیسیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور زمینی حقائق جاننے کے لیے ایک آزاد تحقیقاتی مشن مقبوضہ کشمیر بھیجے۔ اس مطالبے کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ محبوبہ مفتی جیسے بھارتی سیاسی نظام سے وابستہ رہنے والے رہنما بھی بی جے پی اور آر ایس ایس کے نظریے پر کھل کر تنقید کر رہے ہیں۔
کشمیری عوام کے لیے ان حالات میں اپنی مذہبی، تہذیبی، تاریخی اور سیاسی شناخت کا تحفظ ایک بنیادی سوال بن چکا ہے۔ بھارتی حکومت کی جانب سے دیوالی کی نمائشی تقریبات کے ذریعے معمولاتِ زندگی کا تاثر پیدا کرنے سے نہ جامع مسجد کے بند دروازے کھلتے ہیں، نہ عیدگاہوں میں نماز کی اجازت ملتی ہے اور نہ ہی کشمیریوں کے سیاسی مستقبل کا مسئلہ حل ہوتا ہے۔ محبوبہ مفتی کا بیان اس امر کی ایک اہم سیاسی شہادت ہے کہ بھارتی سیاست کے اندر بھی ہندوتوا نظریے کے خلاف آوازیں موجود ہیں۔ تاہم کشمیریوں کے لیے اصل مسئلہ محض بی جے پی یا کسی دوسری جماعت کی نظریاتی پالیسی نہیں بلکہ ان کے حق خودارادیت کا مسلسل انکار ہے جسکے قصور وار ہندو فسطائیت کی مخالفت کرنے والی بائیں بازو کی جماعتیں بھی ہیں۔
کشمیری عوام کا حق ہے کہ وہ اپنی شناخت، مذہب، تاریخ اور سیاسی مستقبل کے بارے میں خود فیصلہ کریں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کا مطالبہ ان کا جائز اور بنیادی حق ہے۔ چنانچہ بھارتی ریاست کی جانب سے نمائشی تقریبات، فوجی طاقت اور سیاسی بیانیوں کے ذریعے اس حقیقت کو دبانے کی ہر کوشش کشمیریوں کے اس مطالبے کو ختم نہیں کر سکتی۔ جب تک انہیں آزادانہ طور پر اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع نہیں دیا جاتا، بھارتی عملداری کے خلاف ان کا سیاسی اختلاف اور پرامن و جائز مزاحمت جاری رہنے کا جواز برقرار رہے گا۔ یہی وہ حقیقت ہے جسے لال چوک کی مصنوعی روشنیاں وقتی طور چھپا تو سکتی ہیں، مٹا نہیں سکتیں۔







