ناروے کی صحافی کو مودی سے سوال کرنا مہنگا پڑ گیا،بھارتی وزارت داخلہ نے ویزا منسوخ کردیا
اوسلو: ناروے کے اخبار ’داگساویسن‘ (Dagsavisen) سے وابستہ صحافی ہیلی لینگ سونڈسن نے کہا ہے کہ بھارت کی وزارتِ داخلہ کے احکامات پر ان کا ویزا عین اس وقت منسوخ کر دیا گیا ہے جب وہ حیدرآباد میں ہونے والی ایک کانفرنس میں شرکت اور” پریس کی آزادی اور جمہوریت“ پر خطاب کے لیے روانہ ہونے والی تھیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ رواں ماہ کی 11 تاریخ کو پیش آیا جب ناروے میں بھارتی سفارت خانے نے انہیں ایئرپورٹ روانگی سے محض چند منٹ قبل سفر نہ کرنے کی اطلاع دی۔ہیلی لینگ کو ریاست تلنگانہ کی حکومت اور کانگریس کے زیرِ اہتمام حیدرآباد میں ہونے والے ایک کانگرنس میں مدعو کیا گیا تھا۔ انہیں 14 نومبر کو "میڈیا کے مستقبل اور پریس کی آزادی” کے موضوع پر ایک پینل ڈسکشن میں بطور مقرر حصہ لینا تھا۔
بھارتی اخبار” دی ہندو“ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ صحافی کے پاس پاسپورٹ پر باقاعدہ ویزا اور کانفرنس کے لیے سیاسی کلیئرنس موجود تھی۔ تاہم، روانگی سے 10 منٹ قبل سفارت خانے نے فون کر کے آگاہ کیا کہ بھارتی وزارتِ داخلہ کے احکامات کی بنا پر انہیں رہاں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ہیلی لینگ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم” ایکس “ پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔ انہوں نے ویڈیو بھارتی وزیرِ داخلہ امیت شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے اس فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ان کے سیشن میں ابھی وقت باقی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہیلی لینگ نے اس اقدام کو رواں برس مئی کے ایک واقعے کا ردعمل قرار دیا ہے جب انہوں نے اوسلو کے دورے پر آئے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی سے سرِعام سوال کیا تھا کہ وہ دنیا کے آزاد ترین میڈیا کے سوالات کا سامنا کیوں نہیں کرتے۔
لینگ کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر ان کے نارویجن اخبار میں مودی حکومت کی پالیسیوں اور بھارتی کاروباری شخصیات گوتم اڈانی اور مکیش امبانی پر کی گئی تنقید اس پابندی کی وجہ بنی ہے۔ انہوں نے اس فیصلے کو واضح طور پر "سیاسی محرکات” پر مبنی قرار دیا ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے ایک بار پھر نام نہاد بھارتی جمہوریت کو بے نقاب کر دیا ہے، جہاں صحافیوں خواہ وہ مقامی ہوں یا غیر ملکی ،کو محض آزادیِ اظہارِ رائے کا استعمال کرنے اور ہندوتوا حکومت پر تنقید کرنے کی پاداش میں دھمکیوں، ویزوں سے انکار اور بلیک لسٹ کیے جانے جیسے اقدامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔







