بھارت میں اسلحے کی غیر قانونی ترسیل کا نیٹ ورک بے نقاب، آر ایس ایس سے مبینہ روابط پر سوالات
سرکاری دفاعی فیکٹری کے نشانات والے 24ہزار کارتوس غیر قانونی نیٹ ورک سے برآمد
نئی دلی: بھارتی ریاستوں بہار اور ہریانہ میں پولیس نے کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 44ہزار 250کارتوس برآمد کرکے8 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ اسلحے کی غیر قانونی ترسیل کے اس نیٹ ورک کے مبینہ روابط ہندو انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ سے جوڑے جا رہے ہیں۔
2 اور 3 نومبر کو کی گئی کارروائیوں کے دوران بہار پولیس نے بھوجپور سے 19ہزار 250 کارتوس برآمد کیے، جبکہ ہریانہ کی اسپیشل ٹاسک فورس نے جھجر میں کارروائی کرتے ہوئے 25 ہزار کارتوس ضبط کیے۔جھجر سے برآمد ہونے والے کارتوسوں میں سے 24 ہزار 400 پر سرکاری دفاعی فیکٹری کے نشانات موجود تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، ان کا مبینہ تعلق پونے کی کھڑکی ایمونیشن فیکٹری سے بتایا جا رہا ہے۔ اس انکشاف نے بھارت کے سرکاری اسلحہ خانوں سے گولہ بارود کی غیر قانونی منتقلی اور اس کی نگرانی کے نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔گرفتار ملزمان کی آر ایس ایس کی وردیوں میں مبینہ تصاویر سامنے آنے کے بعد اس نیٹ ورک کے سیاسی روابط بھی زیر بحث ہیں۔
دریں اثنا، اگست 2026میں سکندرآباد میں بھارتی فوج کے مدراس رجمنٹ کے اسلحہ خانے سے 12 ہتھیار چوری ہونے کا واقعہ بھی سامنے آیا تھا۔ چوری ہونے والے ہتھیاروں میں چار اے کے 203رائفلیں، ایک انساس رائفل اور چھ پستول شامل تھے۔ اسلحے کے ساتھ سینکڑوں کارتوس بھی غائب ہوئے تھے۔
بھارتی فوج نے واقعے کی تحقیقات کے لیے کورٹ آف انکوائری کا حکم دیا تھا۔بھارت میں ہندو انتہا پسند عناصر اور دہشت گردی کے واقعات کے مبینہ روابط کا معاملہ بھی ماضی میں سامنے آتا رہا ہے۔ ان واقعات میں 2006 کا ناندیڑ دھماکا، 2007 کے سمجھوتہ ایکسپریس اور اجمیر درگاہ دھماکے، جبکہ 2008کا مالیگائوں دھماکا شامل ہیں۔مالیگائوں دھماکا کیس میں سابق رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر اور کرنل پروہت سمیت سات ملزمان کو 31جولائی 2025 کو خصوصی عدالت نے بری کر دیا تھا۔ اسی طرح سمجھوتہ ایکسپریس دھماکا کیس میں 2019میں چاروں ملزمان بری ہوئے تھے۔ تاہم، اجمیر درگاہ دھماکا کیس میں 2017میں دو ملزمان کو سزا سنائی گئی تھی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق، حالیہ اسلحہ برآمدگی اور فوجی و دفاعی تنصیبات سے ہتھیاروں کی چوری کے واقعات نے بھارت کے داخلی سلامتی کے نظام کی خامیوں کو نمایاں کیا ہے۔ ان واقعات نے سرکاری اسلحے کی نگرانی، غیر قانونی سپلائی نیٹ ورکس کی روک تھام اور انتہا پسند عناصر کے ممکنہ روابط کی مثر تحقیقات کی ضرورت بھی اجاگر کی ہے۔





