ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا کی جانب سے نارویجن صحافی کا ویزا منسوخ کیے جانے کی مذمت
نئی دہلی:ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا نے ناروے کی صحافی ہیلی لنگ کا بھارت کا ویزا منسوخ کیے جانے کی مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نارویجن صحافی کا بھارت کا ویزہ اس وقت منسوخ کیاگیا جب وہ بدھ کے روز اوسلو سے حیدرآباد روانہ ہونے والی تھیں، جہاں انہیں 12سے 14نومبر تک تلنگانہ حکومت کے زیر اہتمام منعقدہ ایک کانفرنس میں شرکت اور”آزادی صحافت اور جمہوریت” کے موضوع پر خطاب کرناتھا۔
ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا نے ایک بیان میں حکومت سے صحافی کا ویزا منسوخ کرنے کی وجہ بتانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ ہیلی لنگ کا واحد قصور شاید یہ ہے کہ انہوں نے مئی 2026 میں اوسلو میں ایک پریس بریفنگ کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال پوچھا تھا۔
ہیلی لنگ کو بدھ کے روز ناروے میں بھارتی سفارت خانے کی جانب سے مطلع کیاگیاتھا کہ ان کا ویزا منسوخ کر دیاگیا ہے ۔ انہیں یہ بھی کہا گیا کہ وہ ذاتی طور پر سفارت خانے آئیں تاکہ ویزا کو باضابطہ طور پر منسوخ کیا جا سکے۔KMS-Y








