میرواعظ کاگھر میں اپنی باربار نظر بند ی پر اظہار تشویش
پابندیاں مذہبی فرائص کی ادائیگی میں صریح مداخلت ہیں ،نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے اپنی مذہبی اور عوامی سرگرمیوں پر بار بار کی پابندیوں پر شدیدتشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے گھر میں دو ہفتوں کی غیر قانونی نظر بندی کے بعد آج سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی غیر منصفانہ پابندیاں ان کے لیے سخت مشکلات کا باعث بنتی ہیں اور بطور میرواعظ ان کے مذہبی فرائض کی ادائیگی میں ایک صریح مداخلت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جامع مسجد کا منبر ہمیشہ عقیدے کی پاسداری اور سچ بولنے کا مظہر رہا ہے ،ایک ایسا سچ جو عوام کے خدشات اور ان کے حقوق کی عکاسی کرتا ہے، یہ ایک ایسی ذمہ داری ہے جسے وہ ترک نہیں کر سکتے۔
میرواعظ عمر فاروق نے افسوس کا اظہار کیا کہ ان پابندیوں کی وجہ سے ’متحدہ مجلسِ علمائ‘ (ایم ایم یو) کو کا اپنا پہلا ضلعی سطح کا اجلاس ملتوی کرنا پڑا، جو 4 نومبر کو بانڈی پورہ میں منعقد ہونا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ بانڈی پورہ میں علماءکرام کو ان اقدامات پر غور کرنا تھا جن کے ذریعے ستمبر میں شروع کیے گئے اس لائحہ عمل کو آگے بڑھایا جا سکے، جس کا مقصد سماجی اور مذہبی چیلنجوںجیسے منشیات کی لعنت، سماجی برائیوں، ماحولیاتی مسائل سے نمٹنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی اصلاح کے لیے کی جانے والی ایسی اجتماعی کوششوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے، نہ کہ ان کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جائیں۔
یادرہے کہ بھارتی انتظامیہ نے میر واعظ کو گزشتہ دو جمعہ مسلسل گھر میں نظر بند کر رکھا اور جمعہ نماز کی ادائیگی کیلئے جامع مسجد جانے سے روک دیا تھا۔







