گودی میڈیا ایک بار پھر رسوا، مبینہ دہشت گرد دراصل مقبوضہ جموں و کشمیر کا سیاسی کارکن نکلا
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی گودی میڈیا کو ایک بار پھر سخت شرمندگی اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے کیونکہ کولگام فائرنگ کے واقعے میں جس شخص کو اس نے مبینہ دہشت گرد قرار دے کر پیش کیا تھا، وہ دراصل مقبوضہ علاقے کا ایک پ±رامن سیاسی کارکن نکلا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک اور جھوٹی خبر اور عالمی سطح پر شرمندگی کا باعث بننے والے واقعے میں بھارتی نیوز چینل نیوز 18 نے جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس (جے کے این سی) کی یوتھ ونگ کے جوائنٹ سیکریٹری لطیف احمد بٹ کی تصویر کولگام فائرنگ کے واقعے سے جوڑ کر انہیں دہشت گرد کے طور پر پیش کیا۔
محمد لطیف بٹ ایک ویڈیو بیان میں خود کیمرے کے سامنے آئے اور اپنا موبائل فون دکھاتے ہوئے اپنی اصل فیس بک پروفائل ”محمد لطیف بٹ — ٹیم وائی این سی جموں و کشمیر“ دکھائی۔ انہوں نے نیوز 18 کے یوٹیوب تھمب نیل کو بھی دکھایا جس میں ان کی یہی پروفائل تصویر سرخ دائرے میں نمایاں کرکے انہیں کولگام حملے کا حملہ آور قرار دیا گیا تھا۔
لطیف نے کہا کہ نیوز 18 نے ان کی تصویر نشر کرکے انہیں غلط طور پر ’عبداللطیف بٹ‘ کا نام دیا اور کولگام حملے سے منسلک دہشت گرد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہے اور اس جھوٹی خبر نے انہیں شدید ذہنی اذیت سے دوچار کیا ہے۔بھارتی میڈیا کی جانب سے دہشت گرد قرار دیے جانے والے محمد لطیف دراصل مقبوضہ جموںو کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان سیاسی رہنما، کاروباری شخصیت اور دو بچوں کے والد ہیں۔
ایک پ±رامن کاروباری شخصیت اور سیاسی کارکن کو کسی قسم کی تصدیق کے بغیر دہشت گردی کے واقعے سے جوڑ دیا گیا جس پر بھارتی میڈیا کو عوامی اور صحافتی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ لطیف احمد بٹ نے اپنی تصویر کو دہشت گردی کے واقعے سے منسلک کرنے پر متعلقہ بھارتی نیوز چینل سے غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے اور ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے سمیت قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
لطیف بٹ کی جانب سے قانونی کارروائی کی دھمکی کے بعد بھارتی نیوز چینل نے اپنی ویب سائٹ سے خبر ہٹا دی، جو اس کے جھوٹ کا ایک خاموش اعتراف ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ محض ایک غلطی نہیں بلکہ ایک دانستہ طرزِ عمل ہے جس کے تحت بھارتی گودی میڈیا فیس بک سے کسی کشمیری کی تصویر اٹھاتا ہے، اسے دہشت گرد قرار دیتا ہے اور اس کی زندگی کو سنگین خطرے میں ڈال دیتا ہے۔ ایسے علاقے میں اس قسم کا الزام گرفتاری، تشدد اور حتیٰ کہ ماورائے عدالت قتل کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
بھارت میں امریکہ کے سفیر سرجیو گور بھی بھارتی میڈیا کی غیر ذمہ دارانہ صحافت اور جعلی خبروں کا مذاق اڑا چکے ہیں۔ اگست 2026 میں بھارتی میڈیا کے سنسنی خیز انداز اور جعلی خبروں پر طنز کرتے ہوئے امریکی سفیر نے کہا تھا کہ بھارتی ٹی وی چینلز پر خبروں، تجزیوں اور حقائق کے درمیان فرق ختم ہو چکا ہے اور بھارت جعلی خبروں کے معاملے میں امریکہ سے بھی آگے نکل گیا ہے۔
اس سے قبل ستمبر 2026 میں بھی بھارتی فوج اور میڈیا نے بڈگام میں سابق پاکستانی ایس ایس جی کمانڈو محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ کو ہلاک کرنے کا جھوٹا دعویٰ کیا تھا۔یکم اکتوبر 2026 کو ڈی جی آئی ایس پی آر نے ریٹائرڈ حوالدار محمد آصف کو میڈیا کے سامنے زندہ پیش کرکے بھارتی پروپیگنڈے کو شدید دھچکا پہنچایا تھا۔
مئی 2025 میں آپریشن سندور کے دوران بھی بھارتی میڈیا کی من گھڑت اور جعلی خبروں نے عالمی سطح پر بھارت کی ساکھ کو نقصان پہنچایا تھا۔آپریشن سندور کے دوران بھارتی نیوز چینلز نے جھوٹے دعوو¿ں کو درست ثابت کرنے کے لیے ویڈیو گیمز کے مناظر اور پرانی ویڈیوز نشر کی تھیں جنہیں عالمی میڈیا اور حقائق کی جانچ کرنے والے اداروں نے مسترد کر دیا تھا۔
مئی 2025 میں بھارتی میڈیا نے پونچھ کے ایک مدرسے کے استاد قاری محمد اقبال کو ایک خطرناک کمانڈر قرار دے کر ان کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے 26 مئی 2025 کو اپنی رپورٹ میں بھارتی میڈیا کے دعوو¿ں کی حقیقت بے نقاب کر دی تھی۔بی بی سی کی رپورٹ نے مدرسے کے بے گناہ استاد قاری محمد اقبال کی اصل شناخت دنیا کے سامنے آشکار کی تھی۔مئی 2025 سے اب تک من گھڑت خبروں اور جھوٹے پروپیگنڈے کا بھارتی میڈیا کا نظام بار بار بے نقاب ہو چکا ہے۔







