بھارت کا فضائی آلودگی کا بحران سیٹلائٹ ڈیٹا سے بے نقاب، رپورٹ میں پاکستان پر الزام تراشی کی تردید
ناسا اور دیگر سیٹلائٹس کے ریکارڈ سے بھارت بھر میں فصلوں کی باقیات جلانے اور صنعتی اخراج کا انکشاف
اسلام آباد :سیٹلائٹ تصاویر اور سائنسی تحقیق نے بھارت میں فضائی آلودگی کے بڑھتے ہوئے بحران کو اجاگر کیا ہے جن میں بڑے پیمانے پر فصلوں کی باقیات جلانے، صنعتی اخراج اور مسلسل فضائی دھند کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ شواہد پاکستان پر الزام عائد کرنے کی کوششوں پر سوالات کھڑے کرتے ہیں۔ بھارتی میڈیا کی بعض رپورٹس میں پاکستان کی جانب سے آلودگی پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا ہے، تاہم بھارت کے اپنے اعداد و شمار ملک کے اندر آلودگی کے بڑے ذرائع کی نشاندہی کرتے ہیں۔
اخبار ہندوستان ٹائمز کے 2 نومبر کو شائع ہونے والے ایک تجزیے میں دہلی میں آلودگی کی حالیہ شدت کو پنجاب اور ہریانہ میں فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات سے جوڑا گیاہے۔ اس تجزیے میں فضائی معیار کی پیمائش، موسمی حالات اور سیٹلائٹ مشاہدات کا جائزہ لیا گیا۔
دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 117 سے بڑھ کر 261 تک پہنچ گیاجبکہ 2 نومبر کو یہ 324 ریکارڈ کیا گیا جو ”انتہائی خراب“ کیٹیگری میں آتا ہے۔ رات کے وقت پی ایم 2.5 کی اوسط مقدار 194 مائیکروگرام فی مکعب میٹر رہی جو بھارت کی مقررہ یومیہ حد 60 مائیکروگرام سے کہیں زیادہ ہے۔ تجزیے میں بتایا گیا کہ آگ لگانے کے زیادہ تر واقعات سہ پہر 3 بجے کے بعد پیش آتے ہیں۔
ناسا کا قطبی مدار میں گردش کرنے والا سیٹلائٹ تقریباً دوپہر ڈیڑھ بجے پنجاب کے اوپر سے گزرتا ہے جس کے باعث شام کے وقت لگائی جانے والی بہت سی آگ اس کی نظر سے اوجھل رہ سکتی ہے۔ بھارت کے انسَیٹ-3 ڈی ایس سیٹلائٹ نے شام کے وقت آگ لگانے کے واقعات میں اضافہ ریکارڈ کیا۔ اس کے مطابق ایسے واقعات کی تعداد 29 اکتوبر کو 17 تھی جو یکم نومبر کو بڑھ کر 90 ہوگئی۔
فصلوں کی باقیات جلانے سے بھارت میں آلودگی میں اضافہ
بھارتی کونسل برائے زرعی تحقیق (آئی سی اے آر) کے اعداد و شمار کے مطابق 15 ستمبر سے یکم نومبر کے درمیان سات ریاستوں میں فصلوں کی باقیات جلانے کے 3,316 واقعات ریکارڈ کیے گئے۔ ان میں پنجاب 1,514 واقعات کے ساتھ سرفہرست رہا۔راجستھان میں 671، مدھیہ پردیش میں 566، اتر پردیش میں 345، اتراکھنڈ میں 176 اور ہریانہ میں 42 واقعات سامنے آئے جبکہ اسی عرصے کے دوران دہلی میں ایسے دو واقعات ریکارڈ کیے گئے۔
یہ اعداد و شمار فصلوں کی باقیات جلانے کے مسلسل مسئلے کی نشاندہی کرتے ہیں۔ سیٹلائٹ مشاہدات سے آگ لگانے کے واقعات کے انداز میں تبدیلی بھی سامنے آئی ہے۔ آگ لگانے کے اوقات مختلف سیٹلائٹس کی جانب سے ان واقعات کی نشاندہی پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ لہٰذا کسی ایک سیٹلائٹ کے ذریعے کم واقعات ریکارڈ ہونے سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ فصلوں کی باقیات جلانے میں کمی آئی ہے۔
اینٹوں کے بھٹے اور صنعتی اخراج
صنعتی ذرائع بھی بھارت میں سال بھر فضائی آلودگی میں اضافہ کرتے ہیں۔ 2026ءکے ایک تحقیقی مطالعے میں سینٹینل-2 سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے اینٹوں کے بھٹوں کا نقشہ تیار کیا گیا۔ انٹرنیشنل جرنل آف اپلائیڈ ارتھ آبزرویشن اینڈ جیو انفارمیشن میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں 2025ءکے دوران 48,928 بھٹوں کی نشاندہی کی گئی۔ محققین کے مطابق یہ نقشہ آلودگی کی نگرانی میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ اس میں بھٹوں کی تقسیم اور ٹیکنالوجی میں ہونے والی تبدیلیوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔
اس تحقیق سے متعلق الگ میڈیا رپورٹس میں ملک بھر میں بھٹوں کی تعداد 10 لاکھ سے زائد بتائی گئی ہے۔ ان رپورٹس کے مطابق اس صنعت میں سالانہ تقریباً 3 کروڑ 50 لاکھ ٹن کوئلہ استعمال ہوتا ہے۔ یہ اندازے اس شعبے کے ممکنہ ماحولیاتی اثرات کو نمایاں کرتے ہیں، تاہم تحقیقی مقالے میں نقشے پر دکھائے گئے بھٹوں کی تعداد 48,928 ہے۔
کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر اور کارخانے بھی آلودگی میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔ سینٹر فار ریسرچ آن انرجی اینڈ کلین ایئر (سی آر ای اے) نے ثانوی ذراتی مادے کا جائزہ لیا ہے۔ اس کے تجزیے کے مطابق امونیم سلفیٹ پی ایم 2.5 کی آلودگی میں نمایاں حصہ ڈالتا ہے اور بعض ریاستوں میں اس کا تناسب 42 فیصد تک پہنچ جاتا ہے۔ یہ آلودہ مادہ فضا میں بنیادی گیسوں کے کیمیائی عمل کے نتیجے میں بنتا ہے جس میں سلفر ڈائی آکسائیڈ کا اخراج ایک اہم سبب ہے۔
آئی کیو ایئر کی 2025ءکی رپورٹ میں صنعتی علاقے برنی ہاٹ کے لیے پی ایم 2.5 کی سالانہ مقدار 101.1 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔ یہ مقام دنیا کے آلودہ ترین شہری علاقوں میں شامل رہا۔
سیٹلائٹ تصاویر
یورپی یونین کے کوپرنیکس پروگرام نے 2 نومبر کو سیٹلائٹ تصاویر جاری کیں۔ یہ سینٹینل-3 تصویر یکم نومبر کو حاصل کی گئی تھی جس میںدریائے گنگا اوردریائے سندھ کے میدانی علاقے پر دھوئیں اور دھند کی وسیع تہہ دکھائی گئی۔ یہ دھند لاہور کے نواح سے نئی دہلی تک پھیلی ہوئی نظر آئی۔ کوپرنیکس نے اس کی وجوہات میں زرعی باقیات جلانے، شہری اور صنعتی اخراج کے علاوہ ایسے موسمی حالات کو بھی شامل کیا جو آلودگی کے پھیلاو¿ میں رکاوٹ بنتے ہیں۔
ناسا کی ارتھ آبزرویٹری نے بھی فصلوں کی باقیات جلانے کی سرگرمیوں کو دستاویزی شکل دی ہے۔ اس کی تصاویر میں شمال مغربی بھارت کے مختلف علاقوں میں آگ اور دھوئیں کے بادل دکھائی دیتے ہیں۔ ناسا کے مشاہدات میں بتایا گیا ہے کہ موسم کے ساتھ آگ لگانے کی سرگرمیوں میں کس طرح تبدیلی آتی ہے اور دھواں کس طرح پورے خطے میں پھیلتا ہے۔
دریں اثناءبھارتی میڈیا کی بعض رپورٹس میں پاکستان میں فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات کو نمایاں کیا گیا ہے۔ ایک رپورٹ میں سیٹلائٹ کے ذریعے پاکستانی پنجاب میں آگ لگانے کے واقعات کی نشاندہی کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ یہ آگ دہلی کی آلودگی میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔ تاہم رپورٹ میں ایک اہم حد کا اعتراف بھی کیا گیا کہ صرف آگ لگانے کے واقعات کی تعداد سے دہلی کی آلودگی میں ان کے حصے کا تعین نہیں کیا جاسکتا۔
یہ شواہد ظاہر کرتے ہیں کہ فضائی آلودگی ایک علاقائی مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لیے شفاف نگرانی اور ہمسایہ ممالک کے درمیان تعاون ضروری ہے۔ بھارت کو آلودگی کے اپنے ذرائع پر بھی قابو پانا ہوگا۔ فصلوں کی باقیات جلانے، صنعتی آلودگی اور کوئلے کے اخراج کو روکنے کے لیے مو¿ثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ الزام تراشی ماحولیاتی اقدامات اور جوابدہی کا متبادل نہیں ہوسکتی۔






