کشتواڑ میں دو ایس پی اوز کوبھارتی فوجیوں نے قتل کیا : کانگریس رہنما نے بھانڈا پھوڑ دیا
طارق قرہ کی بی جے پی پر جھوٹا بیانیہ پھیلانے اور واقعے کو فرقہ وارانہ رنگ دینے پر شدید تنقید
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے ضلع کشتواڑ میں دو اسپیشل پولیس افسران(ایس پی اوز)کا قتل بھارتی فوجیوں کی فائرنگ کا نتیجہ نکلا جبکہ بی جے پی اور بھارتی میڈیا اسے مجاہدین کا حملہ قرار دے رہے تھے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے صدر طارق حمید قرہ نے انکشاف کیا ہے کہ دونوں ایس پی اوز 57سالہ بابو چند اور 45سالہ رشپال کمار درحقیقت بھارتی فوج کے اہلکاروں کی فائرنگ سے مارے گئے تھے۔دونوں ایس پی اوز اسپیشل آپریشنز گروپ(ایس او جی)کے ساتھ ضلع کشتواڑ کے علاقے دچھن کے گائوں کیار میں تعینات تھے۔
وہ 11نومبر کو د ھرنا-مروہ میں بھارتی فوجی چوکی کی طرف جاتے ہوئے دچھن وارون محور کے مقام پر لاپتہ ہوگئے تھے۔ ان کی گولیوں سے چھلنی لاشیں 12نومبر کو برآمد ہوئی تھیں۔طارق حمیدقرہ نے بتایا کہ پارٹی کے ضلع کشتواڑ کے صدر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق دونوں ایس پی اوز شہری لباس میں بندوقیں لے کر شکار پر گئے تھے۔ واپسی پر وہ وارون میں بھارتی فوج کی دو چوکیوں سے گزرے۔ وہاں تعینات اہلکاروں نے انہیں نہیں روکا اور نہ ہی کوئی پوچھ گچھ کی۔تاہم واپسی پر ڈیوٹی پر موجود فوجیوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں ایس پی اوز ہلاک ہوگئے۔
طارق حمیدقرہ نے کہا کہ واقعے کا ذمہ دار کوئی بھی ہو، یہ قابل مذمت ہے۔ تاہم اس کی تحقیقات صرف عسکریت پسندی کے زاویے سے نہیں ہونی چاہئیں۔ دیگر تمام پہلوئوں کو بھی تحقیقات کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔انہوں نے بی جے پی پر جھوٹا بیانیہ گھڑنے اور واقعے کو مجاہدین کا حملہ قراردینے اور فرقہ وارانہ رنگ دینے کا الزام عائد کیا ۔بی جے پی کی رکن اسمبلی شگن پریہار نے دعوی کیا تھا کہ ایس پی اوز کے قتل کا حکم ایک مسجد سے دیا گیا تھا۔ ان کے مطابق وارون کی مساجد سے ہندئوں کو قتل کرنے کے اعلانات بھی کیے گئے تھے۔
طارق قرہ نے کہا کہ ان کی پارٹی کے ضلع صدرنے جو خود ہندو ہیں، ایسے کسی اعلان کی تردید کی ہے۔ انہوں نے بی جے پی رہنما اور قائد حزب اختلاف سنیل شرما کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ سنیل شرما نے مسلمان پولیس اہلکاروں کے ملوث ہونے کا اشارہ دیا تھا اور پولیس کی کارکردگی پر سوال اٹھایاتھا۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے ایک بار پھر مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں اپنے ہی اہلکاروں کی ہلاکتوں کا معاملہ اجاگر کیا ہے۔ ان کے مطابق بعد ازاں ایسے واقعات کا الزام مجاہدین پر عائد کیا جاتا ہے۔ اس طرح فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے اور کشمیری مسلمانوں کے خلاف ظالمانہ کارروائیوں کا جواز پیش کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔نیشنل کانفرنس نے بھی واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔








