مقبوضہ جموں وکشمیر کے جنگلات میں آگ لگنے پر فائر بریگیڈز کچھ نہیں کرسکتے: محکمہ جنگلات کا اعتراف
جدید آلات اور طریقہ کار کا فقدان قدرتی وسائل سے متعلق حکام کی غفلت کا عکاس ہے، مبصرین
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں محکمہ جنگلات نے اعتراف کیا ہے کہ علاقے کے جنگلات میں آگ لگنے کی صورت میں فائر بریگیڈ کی گاڑیاں کسی کام نہیں آتیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس بات کا انکشاف بانڈی پورہ کے علاقے چترنار میں قائم کشمیر فارسٹ ٹریننگ اسکول میں ایک روزہ تربیتی پروگرام کے دوران کیا گیا۔کشمیر کے وسیع جنگلاتی علاقوں میں موسم کی غیر معمولی تبدیلیوں کے باعث آگ لگنے کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ گزشتہ سال نومبر میں بھی بانڈی پورہ اور گریز کے جنگلات میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی تھی۔ ان واقعات نے طویل خشک موسم کے تباہ کن اثرات کو نمایاں کیا تھا۔
قمراز فارسٹ ڈویژن کے ڈویژنل فارسٹ آفیسر اویس فاروق میر نے کہا کہ جنگلات میں آگ لگنے کی نوعیت عام آتشزدگی سے بالکل مختلف ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں ہمارے محکمے کے لیے فائر بریگیڈز بالکل بے کار ہیں۔ بعض اوقات آگ ایسی جگہوں پر لگتی ہے جہاں پہنچنے کے لیے تین سے چار گھنٹے پیدل سفر کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جب محکمہ کا عملہ دشوار گزار اور گاڑیوں کی رسائی سے محروم علاقوں تک پہنچتا ہے تو اسے اپنے ساتھ لے جائے گئے محدود سامان کی مدد سے آگ بجھانا پڑتی ہے۔
ان کے مطابق عملے کا کوئی بھی رکن اپنی جسمانی استطاعت کے مطابق ہی ضروری سامان اٹھا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھاری مشینری آگ لگنے کے مقامات تک نہیں پہنچ سکتی۔ اس لیے محکمہ روایتی اور قابل نقل و حمل آلات پر انحصار کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آگ بجھانے کے لیے بیٹرز اور فائر ریکس استعمال کیے جاتے ہیں۔ عملے کی حفاظت انتہائی اہم ہے۔ حفاظتی کٹ، ہیلمٹ اور مخصوص جوتوں کا استعمال ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ محکمے کے پاس کام کی نوعیت کے مطابق ضروری آلات موجود ہیں، تاہم مزید آلات کی فراہمی بہتر ہوگی۔
اویس فاروق میر نے کہا کہ جنگلات میں آگ لگنے کی کئی وجوہات ہیں۔ ان میں انسانی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر موسم طویل عرصے تک خشک رہے تو بالخصوص موسم خزاں میں جنگلاتی نباتات خشک ہوجاتی ہیں۔ بارش نہ ہونے کی صورت میں جنگلات میں آگ لگنے کا خطرہ بہت بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں سال اچھی بارشیں ہوں گی۔ ان کے مطابق جتنی زیادہ بارش ہوگی، جنگلات میں آگ لگنے کا خطرہ اتنا ہی کم ہوگا۔تاہم اگر خشک موسم دوبارہ لوٹ آیا تو آگ بجھانے کی تمام تر ذمہ داری ان اہلکاروں پر ہوگی جو دھوئیں سے بھرے دشوار گزار راستوں سے پیدل گزرتے ہیں۔ ان کے پاس آگ بجھانے کے لیے صرف روایتی بیٹرز اور ریکس جیسے محدود آلات ہوتے ہیں۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ کشمیر کے جنگلات میں آگ بجھانے کے جدید نظام اور بنیادی ڈھانچے کا فقدان قابض حکام کی قدرتی وسائل اور محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کی حفاظت سے متعلق غفلت کو ظاہر کرتا ہے۔








