بھارت

بھارت :راجستھان میں ہندوتوا تنظیموں کا مویشیوں سے لدے ٹرک پر حملہ، گاڑی کی توڑ پھوڑ

جے پور: بی جے پی کے زیر اقتدار بھارتی ریاست راجستھان میں ہندوتوا تنظیموں کے ارکان نے مویشیوں سے لدے ایک ٹرک پر حملہ کرکے اسے شدید نقصان پہنچایا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہندوتوا تنظیموں بالخصوص پرانین فاونڈیشن اور گائورکھشا دل کے ارکان نے راجستھان میں ضلع اجمیر کے علاقے کشن گڑھ کے قریب مویشیوں سے لدے ایک ٹرک کو روک کر اس کی توڑ پھوڑ کی۔ہجوم کی جانب سے گاڑی کو نقصان پہنچانے کے بعد علاقے میں افراتفری پھیل گئی۔
واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو بظاہر رات کے وقت اجمیر کی ایک تاریک شاہراہ پر ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس میں ہلکے رنگ کی قمیض پہنے ایک شخص لکڑی کے ڈنڈے سے ایک بڑے ٹرک کے اگلے حصے پر مسلسل وار کرتا دکھائی دیتا ہے۔ کئی دیگر افراد گاڑی کے گرد جمع ہوکر ہندی میں نعرے لگاتے سنائی دیتے ہیں۔بعد ازاں کیمرہ ٹرک کے مال بردار حصے کی جانب جاتا ہے۔ وہاں کئی گائیں اور بیل موجود دکھائی دیتے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ جھگڑا مویشیوں کی نقل و حمل سے متعلق تھا۔
ایک اور ویڈیو میں سبز رنگ کا ٹرک شدید نقصان کی حالت میں دکھائی دیتا ہے۔ اس کی ونڈ اسکرین ٹوٹی ہوئی ہے اور گاڑی کے پیچھے پولیس کی زرد رنگ کی ٹیپ لگی ہوئی ہے۔ اس ویڈیو میں واقعے کے بعد کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ویڈیو میں بعض افراد گاڑی روکنے کے بعد جشن مناتے دکھائی دیتے ہیں۔ وہ کیمرے کے سامنے مسکراتے، ایک دوسرے سے گلے ملتے اور تصاویر بنواتے نظر آتے ہیں۔
مکتوب میڈیا اور ترکیہ کے ینی شفق سمیت میڈیا اداروںنے یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔ ان کے ساتھ دی گئی تفصیلات میں حملے اور توڑ پھوڑ میں گائو رکھشا دل کے ارکان کے ملوث ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے۔پرانین فائونڈیشن گجرات کے شہر ودودرا میں قائم ایک غیر سرکاری تنظیم اور رجسٹرڈ فلاحی ٹرسٹ ہے۔ یہ تنظیم جانوروں کی فلاح و بہبودکے لئے کام کرتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس کی راجستھان شاخ کی سربراہی راہول گرجر کرتے ہیں۔واقعے سے متعلق سوشل میڈیا کی ایک پوسٹ میں بھی راہول گرجر کی قیادت میں پرانین فائونڈیشن کے ارکان اور گائو رکھشا دل کے ارکان کو ٹرک روکنے کے واقعے میں شریک قرار دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ان گروہوں نے شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹرک روکنے کی کوشش کی جس کے باعث گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثے کے بعد ہجوم جمع ہوگیا۔ لوگوں نے ٹرک پر چڑھ کر اس کی توڑ پھوڑ کی۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہنگامے کے دوران ٹرک ڈرائیور کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
آزاد میڈیا اداروں اور تنظیموں نے اس واقعے کو شاہراہوں پر قانون ہاتھ میں لینے اور ہجوم کے تشدد کی ایک مثال قرار دیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں افراتفری کے مناظر دکھائی دیتے ہیں۔ ان میں ہندو انتہاپسندوں کو شور مچاتے، گاڑی کو نقصان پہنچاتے اور تباہ شدہ ٹرک پر کھڑے ہوکر اشارے کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button