بھارت :نو مہینوں میں مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف322 نفرت انگیز جرائم، 119میں سرکاری اداروں کا کردار: رپورٹ
نئی دہلی :بھارت میں شہری حقوق کی معروف تنظیم ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس(اے پی سی آر) نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ 2026 کے پہلے نو مہینوں میں مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم کے 322معاملے درج ہوئے جن میں سے 119میں سرکاری اداروں کے کردارکامشاہدہ کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ کردار یا تو براہ راست کارروائی کی صورت میں یا پھر تشدد کے دوران کارروائی نہ کرنے کی صورت میں تھا۔ رپورٹ میں کہاگیاہے کہ 40ایف آئی آرمتاثرین کے خلاف درج کی گئی، وہیں قتل کے 30معاملوں میں سے 20میں ملزم اب بھی آزاد گھوم رہے ہیں۔
رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ ان نفرت انگیز جرائم کی وجہ سے ہونے والی 54اموات میں سے 21لوگوں کی جان پولیس یا فوج کی کارروائی میں گئی۔ نجی افراد کی جانب سے کیے گئے نفرت انگیز جرائم کے کل94واقعات میں سے صرف 12 معاملوںمیں گرفتاری ہوئی ہے۔
ہیٹ کرائم ٹریکر میں پہلی جنوری سے 30ستمبر تک 24ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے واقعات شامل کیے گئے ہیں۔ اسی مدت کے لیے جاری کیے گئے ہیٹ اسپیچ ٹریکر میں کم از کم 16 ریاستوں میں 57لوگوں کی جانب سے کی گئی نفرت انگیز تقاریر کے 83واقعات درج کیے گئے۔ ان میں سے 33 تقاریر ایسے لوگوں نے کیں جو کسی نہ کسی سرکاری عہدے پر فائز ہیں۔
اے پی سی آر کا کہنا ہے کہ اس کے جمع کردہ اعدادوشمار صرف ان واقعات کا ریکارڈ ہیں جن کو رپورٹ کیا گیا تھا۔ یہ اعداد و شمار ملک میں پیش آنے والے تمام ہیٹ کرائم کی مکمل تعداد نہیں ہیں۔رپورٹ کے مطابق درج کیے گئے 322 معاملوں میں سے تقریبا 60 کی جانچ ابھی باقی ہے۔ اس لیے مجموعی اعداد و شمار میں معمولی تبدیلی ہو سکتی ہے۔
ہیٹ کرائم کے 37فیصد معاملوں میں ریاست کا کردار، 54 میں سے 21اموات سرکاری کارروائیوں میں ہوئیں
رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ 119معاملوں میں سے 81میں پولیس کا رول رہا۔پولیس یا فوج کے ساتھ ہوئے انکائونٹر میں 12 لوگوں کی موت ہوئی۔ ان میں امروہہ کے دو بھائی ذیشان اور گلفام بھی شامل تھے جو پیشے سے بڑھئی تھے۔ اتر پردیش کے غازی آباد میں 1اور 3 مارچ کو الگ الگ مبینہ انکائونٹر میں دونوں کی موت ہوگئی تھی۔
اس کے علاوہ9 لوگوں کی موت دوران حراست یا جیل میں ہوئی۔ ان میں گجرات میں احمد آباد کے 70سالہ ظہیر شیخ بھی شامل تھے۔پولیس نے انہیں گئوکشی کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور گرفتاری کے ایک دن بعد ان کی موت ہوگئی تھی۔
دہلی میں سبزی منڈی میں کام کرنے والے 34سالہ انیس کی بھی دہلی پولیس کی حراست میں موت ہوئی تھی۔ اے پی سی آر نے ان کی ماں کے حوالے سے کہا ہے، جب میرا بیٹا گھر سے نکلا تھا تو وہ بالکل ٹھیک تھا۔ پولیس نے اسے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔
رپورٹ کے مطابق پولیس یا فوج کی حراست میں ہوئی ان 21اموات میں سے کسی بھی معاملے میں اب تک کسی پولیس افسر یا فوجی اہلکار کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔ان 21 معاملوں میں سے صرف چار میں جانچ یا ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا گیا۔ ظہیر شیخ کے معاملے میں پولیس کیس درج کرنے کے لیے سپریم کورٹ کے آرڈر کی ضرورت پڑی۔ تاہم ایف آئی آر میں کسی بھی ملزم کا نام شامل نہیں ہے۔
ہیٹ کرائم کے متاثرین کے خلاف 40ایف آئی آر درج، حملہ آوروں کے خلاف نہیں
رپورٹ کے مطابق جن 108واقعات میں ایف آئی آر درج کی گئی، ان میں سے 40معاملوں (37 فیصد)میں حملے کا شکار لوگوں کو ہی نشانہ بنایا گیا۔ ان میں سے 21 معاملے اتر پردیش کے تھے۔گجرات کے علاقے سورت میں مویشی لے جانے کے معاملے میں پولیس اور عام لوگوں نے مل کر چھاپے مارے۔ اس کے بعد 22 مسلمانوں کو گرفتار کیا گیا۔آسام میں تین نوجوانوں کو صرف اس لیے جیل جانا پڑا کیونکہ انہوں نے احتجاج کرنے کے لیے ایک وٹس ایپ گروپ بنایا تھا، جبکہ انہوں نے اس کے لیے پولیس سے اجازت بھی طلب کی تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی 2024کی ہدایات کے باوجود گھروں اور عمارتوں کو منہدم کرنے کی کارروائیاں جاری رہیں۔اس میں سہارنپور کلکٹریٹ کے احاطے میں واقع تقریبا 100 سال پرانی ایک مسجد کو منہدم کیے جانے اور آسام کے گوآلپاڑہ میں 73 مسلمان خاندانوں کو محض 24 گھنٹے کا نوٹس دے کر بے دخل کیے جانے کے واقعات کا ذکر کیا گیا ہے۔
ہجوم یا لوگوں کے ہاتھوں ہوئے 30 قتل کے واقعات میں سے 20 میں ملزم اب بھی کھلے عام گھوم رہے ہیں
اے پی سی آر کی جانب سے درج کیے گئے ہیٹ کرائم کے 322واقعات میں کل 54 لوگوں کی موت ہوئی۔ ان میں سے 33 لوگوں کو ہجوم، مبینہ گئو رکشکوں، الگ الگ لوگوں یا چھوٹے گروہوں نے قتل کیا۔ وہیں21لوگوں کی موت سرکاری اداروں سے وابستہ واقعات میں ہوئی۔ ان میں 12 لوگ پولیس یا فوج کے مبینہ انکائونٹر میں اور نو لوگ دوران حراست یا جیل میں مارے گئے۔
رپورٹ میں ہجوم، مبینہ گئو رکشکوں یا لوگوں کی جانب سے انجام دیے گئے ایسے 30واقعات کا الگ سے تجزیہ کیا گیا ہے، جن میں لوگوں کی جان گئی۔اس میں پایا گیا کہ صرف 10 معاملوں میں تمام کلیدی ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ نو معاملوں میں کچھ ملزمین کی گرفتاری ہوئی، جبکہ باقی فرار ہے۔ وہیں 11معاملوں میں کسی بھی ملزم کی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔اس کا مطلب ہے کہ کم از کم 30 میں سے 20معاملوں میں کچھ یا تمام ملزمان اب بھی آزاد گھوم رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق قتل کے کم از کم پانچ معاملوں میں پولیس نے مقدمہ درج کرنے میں تاخیر کی یا ابتدا میں متاثرہ شخص ہی کے خلاف کارروائی کی۔
کانوڑ یاترا میں شامل لوگوں کی جانب سے بری طرح پیٹے جانے کے بعد کوما میں گئے پک اپ گاڑی کے ڈرائیور عظیم کے خلاف ہی اقدام قتل کا مقدمہ درج کردیا گیا تھا۔ بعد میں ان کے حملہ آوروں کو گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ میں کہاگیاکہ راجستھان کے علاقے الور کے 40سالہ کسان سیکون خان کو24 ستمبر کو بڑودہ میو پولیس اسٹیشن کے باہر ایک شخص نے پتھر سے مارمارکر قتل کردیا تھا۔ایک مقامی شخص کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور چلاتے ہوئے کہہ رہا تھا، آج میں نے ایک مسلمان کو مار دیا ہے، اب اور لوگوں کو ماروں گا۔تاہم، پولیس نے ملزم کو ذہنی طور پر غیر صحت مند قرار دیا اور قتل کے پیچھے کسی مذہبی وجہ سے انکار کیا۔
نفرت انگیز تقاریر کے 83معاملوں میں سے 33 سرکاری عہدوں پر فائز افراد نے کیں
ہیٹ اسپیچ ٹریکر کے مطابق83 نفرت انگیز تقاریر میں سے 33ایسے لوگوں نے کیں جوسرکاری عہدوں پر فائز ہیں۔ ان میں سے 11تقاریر وزرائے اعلی یا نائب وزرائے اعلی نے کی تھیں۔رپورٹ میں اتر پردیش کے وزیر اعلی آدتیہ ناتھ، آسام کے وزیر اعلی ہمنتا بسوا شرما، اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی اور مغربی بنگال کے وزیر اعلی سوویندو ادھیکاری کے علاوہ اتر پردیش کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ کے نام شامل ہیں۔
رپورٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کی 14مارچ کو کولکاتہ میں کی گئی تقریر کا بھی ذکر ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے دراندازوں کے ذریعے بنگال کی آبادیاتی ساخت یعنی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی بات کہی تھی۔رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی مارچ میں دو مرتبہ دراندازوں کو ہٹانے کا وعدہ کیا تھا۔
اسی طرح83میں سے 37 تقریروں میں تشدد کی اپیل کی گئی تھی یا ہندئوں سے ہتھیار اٹھانے کو کہا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق تقریبا 12 لوگ ایسے تھے، جن کی تقریریں اور ویڈیو کلپ کی تعداد لگ بھگ 50تھی۔ ان میں سے سات دیگر لوگ بھی عوامی عہدوں پر فائز ہیں۔ان تقاریر کے سلسلے میں پولیس نے مجموعی طور پر پانچ ایف آئی آر درج کیں، لیکن ان 12 لوگوں میں سے کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا۔
83میں سے صرف چھ تقریروں پر ایف آئی آر، اور صرف ایک گرفتاری
عوامی عہدوں پر فائز لوگوں کی جانب سے کی گئی 33تقاریر میں سے صرف دو کے معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ دونوں ایف آئی آر رکن اسمبلی ٹی راجا سنگھ کے خلاف تھیں۔ یہ ایف آئی آر مسلمان شہریوں کی شکایات کے بعد درج کی گئی تھیں۔اس معاملے میں واحد گرفتاری ہندو رکشا دل کے تین لوگوں کی ہوئی، جنہیں دیواروں پر اسلام مخالف نعرے لکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
دہلی سے متعلق 110 ویڈیو میں سے 60میں مسلمانوں کو مارنے کی اپیل
رپورٹ کے دوسرے حصے میں مغربی دہلی کے اتم نگر کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ 4 مارچ کو ہولی کے دن علاقے کی جے جے کالونی میں رہنے والے دو پڑوسی خاندانوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔ اس واقعہ کے بعد 26 سالہ ترون کی موت ہوگئی تھی۔دہلی پولیس نے اس معاملے میں ایک خاندان کے لوگوں کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتار ہونے والوں میں دو نابالغ بھی شامل تھے۔ چونکہ ترون دلت تھے، اس لیے اس معاملے میں ایس سی-ایس ٹی ایکٹ بھی لگایا گیا تھا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ترون کا قتل ہوا تھا اور پولیس نے ملزمین کو تیزی سے گرفتار کیا تھا، اس بات پر کوئی اختلاف نہیں ہے۔
لیکن چند ہی دنوں کے اندر دہرادون، میرٹھ اور رائے بریلی سے آئے لوگ دہلی کی گلیوں میں مائیکروفون لے کر تقریریں کرنے لگے۔ اے پی سی آر نے ایسے 110ویڈیو کا جائزہ لیا۔ ان میں سے 60 ویڈیو میں بے قصور مسلمانوں کو قتل کرنے یا ان کا انکائونٹر کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
وہیں 23ویڈیومیں مسلمانوں کے گھروں یا مسجدوں پر بلڈوزر چلانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔سات مارچ کو ایک نامعلوم شخص نے کہا تھا، چار لوگوں کو گرفتار کرنے سے کچھ نہیں ہوگا۔ ہمیں یوگی جی کا ماڈل چاہیے، ان کا انکانٹر کرو۔آٹھ مارچ کو ہندو رکشا دل کے اتراکھنڈ کے ریاستی صدر کے طور پر شناخت کیے گئے للت شرما نے کہا،یا تو پولیس انہیں گولی مار دے، ورنہ ہم ان کی عید نہیں ہونے دیں گے۔
رپورٹ کے مطابق 2026میں ہیٹ اسپیچ کے معاملوں میں سب سے بڑی تبدیلی یہ دیکھنے کو ملی ہے کہ اب ہجوم براہ راست حکومت اور انتظامیہ کو مخاطب کر رہی ہے اور قانون سے بالاتر ہوکر لوگوں کو قتل کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ان 110 ویڈیو میں سے 79 انسٹاگرام پر پوسٹ کیے گئے تھے۔اے پی سی آر کا کہنا ہے کہ اس کی جانچ میں اتم نگر سے متعلق کسی بھی نفرت انگیز تقریر کے معاملے میں ایف آئی آر درج کیے جانے کی اطلاع نہیں ملی۔
صحافی ندھیش تیاگی نے کہا کہ حکومت یا تو ان واقعات میں شامل ہے یا پھر انہیں روکنے میں نااہل ہے۔ وزیر اعظم کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم چاہتے تو ان جرائم کو روک سکتے تھے۔
سیاسی کارکن جان دیال نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر عام گفتگو نہیں ہوتیں، بلکہ وہ تشدد کا سبب بنتی ہیں۔ وہیں سیدہ حمید نے ہیٹ کرائم کے واقعات درج کرنے والے لوگوں کو ہراساں کیے جانے پر تشویش کااظہار کیا۔
اے پی سی آر نے جوابدہی طے کرنے، سپریم کورٹ کی ہدایات پر عملدرآمد کرنے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے واقعات درج کرنے والے لوگوں کے تحفظ کویقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔








