لداخ کی تنظیموں کا انتخابات ملتوی ہونے تک بھارتی حکومت سے مذاکرات نہ کرنے کا اعلان
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں لداخ خطے کے دارالحکومت لہہ میں مقامی تنظیموں کی بھوک ہڑتال جاری ہے اورنہوں نے دسمبر میں ہونے والے انتخابات ملتوی ہونے تک بھارتی حکومت سے مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ان تنظیموں کو خدشہ ہے کہ نئی دہلی انتخابات کے ذریعے اپنے من پسندنمائندوں کو آگے لا کر انہیںمذاکراتی عمل سے بے دخل کر نا چاہتی ہے۔ بھارتی حکومت نے لہہ ایپکس باڈی (ایل اے بی) کو خطے میں جمہوری ڈھانچے اور آئینی ضمانتوںکے معاملے پر دسمبر کے دوسرے ہفتے میں بات چیت کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی وزارتِ داخلہ کے پینل، لہہ ایپکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس (کے ڈی اے) کے درمیان گزشتہ 15 اکتوبر کو ہونے والی ملاقات کے بعد سے مذاکرات کا عمل تعطل کا شکار ہے۔ اگست 2019ءمیں مقبوضہ جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ اور خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد لداخ کو بغیر مقننہ (اسمبلی) کے مرکز کے زیرِ انتظام علاقہ (یو ٹی) بنایا گیا تھا۔
لہہ ایپکس باڈی کے چیئرمین چیرنگ دورجے لکروک نے کہا کہ بھارتی وزارتِ داخلہ نے اپنے ایک نمائندے کے ذریعے انتخابات ختم ہونے کے بعد دسمبر کے دوسرے ہفتے میں مذاکرات کے لیے غیر رسمی دعوت نامے کا پیغام بھجوایا ہے، تاہم کوئی باضابطہ دعوت نامہ موصول نہیں ہوا۔ ہم نے باضابطہ دعوت نامہ جاری کرنے اور ایل اے ایچ ڈی سی کے انتخابات کو اگلے سال جون تک ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ہمالیہ کے اس خطے کے نئے تشکیل شدہ آٹھ اضلاع میں دسمبر کے دوران پے در پے تین انتخابات ہونے والے ہیںجن میں پنچایت، بلدیاتی انتخابات اور ایل اے ایچ ڈی سی (لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل) کے انتخابات شامل ہیں۔لہہ ایپکس باڈی لہہ کے این ڈی ایس پارک میں جاری بھوک ہڑتال کی قیادت کر رہی ہے جس میں انتخابات ملتوی کرنے اور جمہوری ڈھانچے و آئینی ضمانتوں پر نئی دہلی کے ساتھ بامعنی مذاکرات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
چیرنگ دورجے لکروک کو خدشہ ہے کہ ایل اے ایچ ڈی سی کے انتخابات جلد بازی میں اس لیے کرائے جا رہے ہیں تاکہ بھارتی حکومت مذاکراتی عمل میں لہہ ایپکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کی جگہ من پسند نمائندوں کو شامل کر سکے۔ واضح رہے کہ یہ دونوں بڑی تنظیمیں 2023ءسے لداخ کے لیے منتخب اسمبلی اور دفعہ 371 کے تحت آئینی ضمانتوںکے اپنے مطالبات پر نئی دہلی کے ساتھ بات چیت کر رہی ہیں۔ لکروک نے کہا کہ اب ہمیں بھارتی حکومت پر اعتماد نہیں رہا۔ وہ کہیں گے کہ ہمیں ایپکس باڈی اور کے ڈی اے کی ضرورت نہیں ہے اور ہم منتخب نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کر سکتے ہیں۔
منگل کو بھوک ہڑتال چھٹےدن میں داخل ہو گئی حالانکہ لداخ کے انتخابی ادارے نے کرگل اور لہہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے دوران احتجاج، مظاہروں اور بھوک ہڑتال پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ 12 نومبر سے جاری اس احتجاج میں بڑی تعداد میں مرد اور خواتین شریک ہیں۔
لکروک نے انتخابات ملتوی کرنے اور گزشتہ سالستمبر میں لہہ میں ہونے والی ہلاکتوں کی عدالتی رپورٹ جاری کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج تقریباً 200 افراد بھوک ہڑتال پر ہیں۔ شدید سردی کے موسم میں ہم پر انتخابات مسلط کیے جا رہے ہیں، جبکہ اس وقت 25 فیصد سے زائد آبادی خطے سے باہر نقل مکانی کر چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے احتجاج اور بھوک ہڑتال کو تیز کر دیا ہے اور جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کر لیے جاتے، ہم اسے جاری رکھیں گے۔
ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کوجو لہہ ایپکس باڈی کا حصہ ہیں، 11 نومبر کو احتجاجی مقام سے ہٹائے جانے کے بعد لہہ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کر دیا گیاہے۔







