لبریشن الائنس کی طرف سے شہید آزادی پسند کارکن لطیف بٹ کو شاندار خراج عقیدت
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں لبریشن الائنس نے ضلع کولگام کے علاقے زنگل پورہ میں شہید ہونے والے آزادی پسند کارکن لطیف بٹ کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیاہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لبریشن الائنس کے ترجمان سجاد میر نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ لطیف بٹ نے سرینڈر کرنے کی بھارتی قابض فورسز کی پیشکش کے باوجود جس ایمانی استقامت ، جرات اور عزم کا مظاہرہ کیا، وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ان کا یہ کہنا کہ اللہ میرے لیے کافی ہے ان کے مضبوط ایمان ، اللہ تعالی پر کامل توکل اور غیر متزلزل ایمان کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید لطیف بٹ کی شہادت آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہیں اوروہ انہیں کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوں اور بنیادی حقِ خودارادیت کیلئے جدوجہد کی یاد دلاتی رہے گی۔
سجاد میر نے کہا کہ جموں وکشمیر کی تاریخ بے شمار قربانیوں ، صبر و استقامت اور ناقابل فراموش جدوجہد سے عبارت ہے۔ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران ہزاروں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں جبکہ لاتعداد خاندان اپنے پیاروں کی جدائی کا دکھ برداشت کر رہے ہیں۔ شہدا کی قربانیاں اور ان کے اہلِ خانہ کی صبرآزما داستانیں اس مظلوم خطے کی تاریخ کا ناقابل فراموش سرمایہ ہیں جنہیں کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے واضح کیاکہ کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوںکے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔



