منی پور: قتل وغارت کا سلسلہ جاری، سول سوسائٹی تنظیم کا لاپتہ شخص کی فوری بازیابی کا مطالبہ
امپھال:شورش زدہ ریاست منی پور میں دن بہ دن کشیدگی بڑھ رہی ہے ، قتل و غارت ، جلائوگھیرائو کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ جوائنٹ سائکول سول سوسائٹی آرگنائزیشنز نے حکومت کو 14 نومبر کو لاپتہ ہونے والے 37 سالہ شخص کی بازیابی کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تنظیم نے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ اگر مذکورہ شخص کا پتہ نہ چل سکا تو غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کی جائے گی۔ تنظیم نے 37سالہ لم کھوسے ہینگ شنگ کی گمشدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شنگ 14 نومبر کی شام کو ٹنگپی بنگ اور لیپلین دیہات کے درمیان سفر کے دوران لاپتہ ہو گئے تھے۔ 15 نومبر کی صبح ان کی تلاش شروع کی گئی، تاہم چار دن گزرنے کے باوجود ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ ہینگ شنگ ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار ہیں اور انہیں اپنے اردگرد کے ماحول کو سمجھنے میں دشواری ہو سکتی ہے، جس کی وجہ سے ان کی گمشدگی مزید تشویشناک ہو گئی ہے۔
جوائنٹ سائکول سول سوسائٹی آرگنائزیشنز نے گاں سیناکیتھی کی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ہینگ کی تلاش میں مدد کرے اور ان کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنائے۔ تنظیم نے عوام سے بھی درخواست کی کہ اگر کسی کے پاس ان کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو وہ حکام کے ساتھ تعاون کریں۔ تنظیم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے بیان کے اجرا کے 48 گھنٹوں کے اندر اس معاملے کو حل کرے۔بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر مقررہ وقت کے اندر ان کا پتہ نہ چل سکا تو احتجاج کیا جائے گا، جس میں امپھال-اوکھرول روڈ کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنا بھی شامل ہو سکتا ہے۔








