مقبوضہ جموں و کشمیر اور لداخ کی عدالتوں میں بڑے پیمانے پر تقرریاں اور تبادلے
84ججوں کے تبادلے30ڈسٹرکٹ ججوں اور 54سول ججوں کی تعیناتیاں
جموں:غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیراورلداخ خطے میں بھارتی قابض انتظامیہ نے جھوٹے مقدمات میں کشمیری حریت رہنمائوں اورکارکنوں کی سزائوں کو یقینی بنانے کیلئے عدلیہ میںبڑے پیمانے پرتقرریاں اور تبادلے کئے ہیں ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض انتظامیہ کی طرف سے عدالتوں کے84ججوں کے تبادلے اور تقرریاں کی گئی ہیں۔جموں و کشمیر اور لداخ ہائیکورٹ کے رجسٹرار جنرل ایم کے شرما کی طرف سے جاری کئے گئے حکم نامے کے مطابق 30ڈسٹرکٹ اور 54سول ججوں کے تبادلے کئے گئے ہیں ۔
کسم لتا پنڈتا کو جموں کی خصوصی این آئی اے عدالت کا نیا جج مقرر کیا گیا ہے۔ وہ پریم ساگر کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گی، جنہیں سرینگر میں این ڈی پی ایس مقدمات کی سماعت کے لیے خصوصی جج تعینات کیا گیا ہے۔مختلف اضلاع میں نئے ججوں کی تعیناتیاں میں جواد احمد کو اسلام آباد ، تسلیم عارف کو بارہمولہ، ریتیش کمار دوبے کو بھدرواہ اور مسرت روہی کو کولگام کا پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مقرر کیا گیا ہے۔اسی طرح اعجاز احمد خان کو گاندربل، عبدالناصر کو شوپیاں، امت شرما کو کشتواڑ اور عبدالقیوم میر کو کرگل کا پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج تعینات کیا گیا ہے۔دیگر اہم تقرریوں میں بڈگام کے سابق پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اوم پرکاش بھگت کو جموں میں کالے قوانین ٹاڈا اور پوٹا کے تحت درج مقدمات کے لیے تھرڈ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مقرر کیا گیا ہے۔سانبہ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اروند شرما کو انسداد بدعنوانی مقدمات کا خصوصی جج تعینات کیا گیا ہے۔یحییٰ فردوس آہنگر کو جموں میں انسداد بدعنوانی مقدمات کے لیے ایڈیشنل سیشن جج مقرر کیا گیا ہے۔ رجنی شرما کو سرینگر میں سی بی آئی مقدمات کی سماعت کے لیے خصوصی جج تعینات کیا گیا ہے۔حکم نامے میں دونوں خطوں کی مختلف عدالتوں، ٹربیونلز اور قانونی خدمات کے اداروں میں ڈسٹرکٹ ججوں اور سول ججوں کی دیگر تقرریاں اور تبادلے بھی شامل ہیں۔
ادھر اگست2019میں مودی کی بھارتی حکومت کی طرف سے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی یکطرفہ منسوخی کے بعد جموں و کشمیر کی انتظامیہ اور عدلیہ میں مقامی کشمیریوں کی جگہ غیر مقامی افراد کی تقرریاں سیاسی بحث کا ایک اہم موضوع بن گئی ہے۔
سپریم کورٹ کولیجیم(ججوں کے تقرری بورڈ)کی جانب سے جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ میں ججوں کے طور پر تقرری کے لیے نو وکلا کے ناموں کی منظوری نے اعلیٰ عدلیہ میں علاقائی نمائندگی کے حوالے سے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ سیاسی رہنمائوں اور وکلا نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیریوں کے لیے ادارہ جاتی گنجائش تیزی سے سکڑ رہی ہے اور کشمیریوں کی نمائندگی کا تناسب غیر مساوی طورپر کم کردیاگیا ہے جبکہ مقامی عدلیہ اور انتظامیہ میں غیر کشمیریوں کا تیزی سے تقررکیا جارہاہے ۔







