تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی کی کشمیری حریت قیادت سے ملاقات
مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر اتفاق
اسلام آباد:تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی اور حریت قیادت سے ملاقات کی اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور تحریک آزادی کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر موثر طورپر اجاگر کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راجہ فہیم کیانی نے حریت قیادت کو بیرونِ ملک مقیم کشمیریوں کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جاری سرگرمیوں، بالخصوص برطانیہ اور یورپ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس مقبوضہ جموں و کشمیر کے محکوم عوام کے جذبات، جدوجہد، مصائب اور لازوال قربانیوں کی حقیقی نمائندگی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے اور تحریک آزادی کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر مزید موثر اور منظم انداز میں آگے بڑھانے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں۔
اس موقع پرحریت کنوینر غلام محمد صفی نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ، یورپ اور دنیا کے دیگر ممالک میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ مقامی میڈیا، پارلیمان، انسانی حقوق کی تنظیموں اور دیگر فورمز پر تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔غلام محمد صفی نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر ایک مشترکہ قومی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے بیرونِ ملک مقیم کشمیریوں اور حریت قیادت کے درمیان رابطہ اور باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔
شرکا نے عزم ظاہر کیاکہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز دنیا تک پہنچانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
ملاقات میں حریت رہنماء محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، پرویز احمد شاہ ایڈووکیٹ، شمیم شال، شیخ عبدالمتین، الطاف احمد بٹ، شیخ محمد یعقوب،، سید اعجاز رحمانی، زاہد صفی، حاجی سلطان بٹ، راجہ خادم حسین، سید مشتاق، عدیل مشتاق وانی، میاں مظفر، عبدالمجید لون، شیخ عبدالماجد، منظور احمد ڈار، محمد شفیع ڈار، سید گلشن احمد، بشیر احمد عثمانی اور امتیاز وانی شامل ہیں۔








