بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں معمولاتِ زندگی بحال کرنے میں ناکام رہاہے، کانگریس
ریاستی حیثیت کی بحالی کی جدوجہد ایک مقدس تحریک ہے، طارق حمید قرہ
جموں:غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں انڈین نیشنل کانگریس کے صدر طارق حمید قرہ نے کہا ہے کہ بھارت جموں وکشمیر میں معمولات زندگی بحال کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے ریاستی حیثیت کی بحالی کو اپنی جماعت کا اہم مطالبہ قرار دیتے ہوئے اسے عوام کا حق قرار دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق طارق قرہ نے جموں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت جموں و کشمیر میں تمام محاذوں پر ناکام ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں کشتواڑ کو عسکریت پسندی سے پاک علاقہ قرار دیا گیا تھا۔ تاہم وہاں تشدد کے حالیہ واقعات اور قابض فورسز کے آپریشنز بدستور جاری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ صورتحال معمولات کی بحالی سے متعلق سرکاری دعوئوں پر سوالات اٹھاتی ہے۔
ریاستی حیثیت کی بحالی کے مطالبے پر طارق قرہ نے کہا کہ کانگریس 16اکتوبر 2024کو منتخب حکومت کے قیام کے بعد سے اس مطالبے پر قائم ہے۔ ان کی جماعت اس مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔انہوں نے بتایا کہ کانگریس نے سرینگر اور جموں سمیت ہر ضلع میں احتجاجی مظاہرے کیے۔ اس کے علاوہ جنتر منتر نئی دہلی میں بھی ریاستی حیثیت کی بحالی کیلئے مظاہرہ کیا گیا۔طارق حامد قرہ نے ریاستی حیثیت کی بحالی کے لیے جاری جدوجہد کوایک مقدس تحریک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت اس تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔راہل گاندھی کے بیرونِ ملک دوروں کے دوران بھارتی جمہوریت سے متعلق بیانات پر بی جے پی کی تنقید کے جواب میں طارق قرہ نے نریندر مودی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بیرونِ ملک دوروں کے دوران مودی جی کو پیش آنے والی ناخوشگوار صورتحال پر بھارت کے عالمی تشخص کے حوالے سے تشویش کیوں ظاہر نہیں کی جاتی۔






