بھارت میں وزیر اعظم نہیں بلکہ ایک بادشاہ ہے: راہول گاندھی
اودھم سنگھ نگربھارت 06 فروری (کے ایم ایس) کانگریس کے سینئر رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ بھارت میں کوئی وزیر اعظم نہیں بلکہ ایک بادشاہ ہے جو سمجھتا ہے کہ جب وہ کوئی فیصلہ کرے تو لوگوںکو خاموش رہنا چاہیے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق راہول گاندھی نے ریاست اتراکھنڈ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وبا کے دوران کسانوں کو ایک سال تک سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور کیا۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کسانوں، مزدوروں یا غریبوں پر اپنے دروازے کبھی بند نہیں کرے گی اور وہ ان کے ساتھ شراکت داری چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر وزیر اعظم سب کے لیے کام نہیں کرتے تو وہ وزیر اعظم نہیں ہو سکتے اور اس علامت سے نریندر مودی وزیر اعظم نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کی پارٹی کسانوں کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کرے گی جیسا مودی حکومت نے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم کسانوں، غریبوں اور مزدوروں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں تاکہ ہر طبقہ یہ محسوس کرے کہ یہ ان کی حکومت ہے۔راہل گاندھی نے کسانوں کو تین زرعی قوانین کے خلاف سخت مزاحمت کرنے پر مبارکباد دی جس سے حکومت ان قوانین کوواپس لینے پر مجبور ہوگئی۔ انہو نے کہا کہ آج دو ہندوستان ہیں ایک امیر کے لیے اور دوسرا غریب کے لیے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں تقریباً 100 مخصوص افراد کے پاس اتنی دولت ہے جو ملک کی 40 فیصد آبادی کے پاس ہے۔ اس طرح کی آمدنی کافرق کہیں اور نہیں دیکھا جاتا۔انہوں نے کہا کہ صنعت کاروں نے انگریزوں کے خلاف جنگ نہیں لڑی بلکہ ملک کے کسانوں اور مزدوروں نے لڑی ہے۔