ایک دن حجاب پہننے والی لڑکی بھارتی وزیر اعظم ہو گی، اسدالدین اویسی
حیدر آباد 14فروری (کے ایم ایس)
بھارت میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رہنما اور بھارتی پارلیمنٹ کے کے رکن اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ ایک دن حجاب پہننے والی لڑکی بھارت کی وزیر اعظم ہو گی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسد الدین اویسی نے ایک ٹویٹ میں اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادیتیہ ناتھ کے حالیہ بیان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ حجاب پہننے والی مسلم طالبات کالج جاتی ہیں، وہ ڈاکٹر ،کلکٹراور سب ڈویژنل مجسٹریٹ بن رہی ہیں اور تجارت کرر ہی ہیں اور ایک دن ضرور آئے گا جب حجاب پہنے والی کوئی مسلم لڑکی بھارت کی وزیر اعظم بھی بنے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حجاب پہننا کسی بھی لڑکی کا بنیادی حق ہے۔ یوگی ادیتیہ ناتھ نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا تھاکہ بھارت لوگوں کے مذہبی عقیدے اور ذاتی پسند وناپسند کی بنیاد پر نہیں بلکہ آئین کے مطابق چلے گااورہم اپنے ذاتی عقیدے، اپنے بنیادی حقوق، اپنی ذاتی پسند اور ناپسند کو ملک اور اداروں پر نہیں تھوپ سکتے۔
واضح رہے کہ بھارت میں حجاب پر پابندی کے بعد یہ تنازعہ رکنے کا نام نہیں لے رہا اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس میں شدت آتی جا رہی ہے اور اب یہ معاملہ بین الاقوامی طورپرشہرت حاصل کر چکا ہے۔