بھارت: منی پور میں فوجی کیمپ پر مٹی کا تودہ گرنے سے 27بھارتی فوجیوں سمیت 42افراد ہلاک
امپھال04جولائی(کے ایم ایس) بھارتی ریاست منی پورکے ضلع نونی میںقائم بھارتی فوج کے 107ٹیریٹوریل آرمی کاکیمپ مٹی کے تودے کی زد میں آگیا جس کے نتیجے میں 27 بھارتی فوجیوں سمیت کم از کم 42افراد ہلاک اور 20 لاپتہ ہوگئے ہیں۔
مٹی کا تودہ بدھ کی رات ریلوے کے تعمیراتی مقام توپل یارڈ کے قریب ٹیریٹورل آرمی کے کیمپ پرآگرا۔ حکام نے بتایا کہ مٹی کا تودہ گرنے سے مرنے والوں کی تعداد 42ہو گئی ہے جن میں 27بھارتی فوجی بھی شامل ہیں۔ حکام نے بتایا کہ اب تک فوج کے 13 اہلکاروں اور پانچ شہریوں کو بچا لیا گیا ہے جبکہ 28افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے چونکہ حکام کو بارش اور دیگر عوامل کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے اس لیے ملبے میں دبے اہلکاروں کی موجودگی کا پتہ لگانے کے لیے فضا سے ” تھرو وال ریڈار” کوبھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ بھارتی فوج کی آسام رائفلز، ٹیریٹوریل آرمی اورقدرتی آفات سے نمٹنے کے مرکزی اور ریاستی اہلکاروں نے ملبے کے نیچے پھنسے لوگوں کو بچانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ مکینوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مسلسل بارش کی وجہ سے چوکنا رہیں جس سے صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔